Updated: June 02, 2025, 6:58 PM IST
| Dhaka
نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ بنگلہ دیشی کرنسی کو مرحلہ وار نئے ڈیزائن کے ساتھ تبدیل کیا جائے گا جو `ملک کی تاریخی اور آثار قدیمہ` کو نمایاں کریں گی۔ شیخ مجیب الرحمن کی تصویر والے موجودہ نوٹ اور سکے، نئے نوٹوں کے ساتھ گردش میں رہیں گے۔
بنگلہ دیش کی حکومت نے اتوار کو نئی کرنسی نوٹ جاری کئے ہیں۔ ان نوٹوں میں ملک کے بانی لیڈر شیخ مجیب الرحمٰن کی تصاویر کو ہٹا کر مشہور فن پاروں اور ہندو اور بدھ مندروں کی تصاویر شامل کی گئی ہیں۔ ۱۹۷۱ء میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعد سے تمام کرنسی نوٹوں پر ملک کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر نمایاں رہی ہے لیکن نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ بنگلہ دیشی کرنسی کو مرحلہ وار نئے ڈیزائن کے ساتھ تبدیل کیا جائے گا جو `بنگلہ دیش کی تاریخی اور آثار قدیمہ` کو نمایاں کریں گی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، حکومت کے ذریعے ۱۰۰۰ ٹکا، ۵۰ ٹکا اور ۲۰ ٹکا کے نئے کرنسی نوٹ اتوار کو مارکیٹ میں متعارف کرائے گئے ہیں جن پر ہندو اور بدھ مندروں، مشہور فن پاروں اور تاریخی مقامات کی تصاویر ہیں۔ حکام نے اس ہفتے کے شروع میں اشارہ دیا تھا کہ تمام اقسام کے نوٹوں کیلئے نئے ڈیزائن متعارف کرائے جائیں گے، لیکن عید سے قبل پہلے مرحلے میں صرف ان تین اقسام کے نوٹ شامل ہوں گے۔ نئے ڈیزائن والے نوٹ ابتدائی طور پر بنگلہ دیش بینک کے ڈھاکہ میں واقع مرکزی دفتر سے جاری کئے جائیں گے۔ شیخ مجیب الرحمن کی تصویر والے موجودہ نوٹ اور سکے، نئے نوٹوں کے ساتھ گردش میں رہیں گے۔ رپورٹس کے مطابق، نئے نوٹوں پر ہندو اور بدھ مندروں کے علاوہ، مشہور مصور زین العابدین کے فن پاروں اور ۱۹۷۱ء کی جنگ آزادی میں شہید ہونے والوں کی یاد میں قائم نیشنل مارٹئرز میموریل کی تصاویر شامل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ پر فرد جرم عائد، شنوائی کا آغاز
بنگلہ دیش بینک کے ترجمان عارف حسین خان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، "نئی سیریز اور ڈیزائن کے تحت، نوٹوں پر کسی بھی انسانی شخصیت کی تصویر نہیں ہوگی بلکہ اس کی جگہ قدرتی مناظر اور ملک کے روایتی تاریخی مقامات کو دکھایا جائے گا۔ نئے نوٹ مرکزی بینک کے ہیڈ کوارٹر سے جاری کئے جائیں گے اور بعد میں ملک بھر میں اس کے دیگر دفاتر سے تقسیم ہوں گے۔"