Inquilab Logo Happiest Places to Work

پُرامید سوچ اور مثبت جذبات زندگی کو خوشگوار بنا سکتے ہیں

Updated: April 23, 2026, 2:57 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

زندگی کو پرفیکٹ بنانے کے چکر میں خوشی ہم سے روٹھ گئی ہے۔ حالانکہ خوش رہنے یا زندگی کو خوشگوار بنانے کے لئے بہت زیادہ مشقت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کسی پریشان حال شخص کی مدد کرکے بھی خوشی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ماضی کی ناکامی کا غم کرنے اور مستقبل کے لئے فکرمند ہونے کے بجائے موجودہ حال میں جئیں، زندگی میں نیا تاثر قائم ہوگا۔

Take care of your health because a healthy person is also happy. Photo: INN
اپنی صحت کا خیال رکھیں کیونکہ صحتمند انسان خوش بھی رہتا ہے۔ تصویر: آئی این این

زندگی میں خوشی نہ ہو تو سب کچھ بے معنی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ خوش باش رہنے والے طویل عمر پاتے ہیں۔ پُر امید سوچ اور مثبت جذبات ہمیں دل کے امراض سے بھی بچاتے ہیں اور بیماریوں کے خلاف ہماری قوت مدافعت کو بھی بڑھاتے ہیں۔ خوشگوار زندگی گزارنے کے لئے یہ تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں:

سماج میل جول بڑھائیں

گہرے اور مضبوط سماجی تعلقات کے حامل افراد آسودہ، صحتمند اور طویل زندگی پاتے ہیں۔ خاندان اور دوستوں کے ساتھ قریبی تعلقات، محبت اور تعاون اپنی زندگی کی قدر و قیمت سمجھنے اور اس میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ لہٰذا اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا اور نئے رابطے استوار کرنا خوشگوار زندگی گزارنے کے لئے بہت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موسم ِ گرما اور بچوں کی چھٹیاں: معمولات کی ترتیب کیسی ہو؟

دوسروں کے کام آئیں

دوسروں کے کام آنے سے نہ صرف سامنے والے کو فائدہ پہنچاتا ہے بلکہ ہمیں بھی خوشی محسوس ہوتی ہے اور ہماری صحت پر مثبت اثرات بھی مرتب کرتا ہے۔ اسی طرح لوگوں کے لئے خرچ کرنا بھی اہم ہے مگر یہ صرف رقم کی بات نہیں بلکہ ہم اپنا وقت، آئیڈیاز اور توانائی بھی دیگر لوگوں کو منتقل کرسکتے ہیں۔ لہٰذا اگر ہم اچھا محسوس کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اچھا کرنا بھی چاہئے۔

جسمانی صحت کی اہمیت

ہمارا جسم اور ہمارا دماغ آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ جسمانی سرگرمی سے ہمیں خوشی بھی حاصل ہوتی ہے اور یہ ہماری صحت کے لئے بھی بہترین ہے۔ یہ فوری طور پر ہمارے موڈ کو بھی بہتر کرتی ہے اور ڈپریشن کو بھی دور کرتی ہے۔ اس کے لئے پیدل چلنا اور عام ہلکی پھلکی ورزشیں وغیرہ بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اہداف طے کریں

مستقبل کے لئے اچھا احساس ہماری خوش کے لئے بھی اہم ہوتا ہے۔ ہمیں پُر عزم رہنے کے لئے اہداف کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ اس قدر تک چیلنجنگ ہونے چاہئیں کہ ہمیں جوش بھی دلا سکیں مگر اُسی حد تک قابل حصول بھی ہوں۔ پرجوش اور حقیقت پسندانہ اہداف ہماری زندگی کو ایک سمت فراہم کرتے ہیں اور ان کے حصول پر تکمیل اور کامیابی کا احساس ہمیں مسرت فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دہی بمقابلہ یوگٹ: صحت، فرق اور انتخاب کی مکمل رہنمائی

اپنے اطراف کی دُنیا کے بارے میں جاننا

کبھی آپ نے محسوس کیا کہ زندگی کو مزید بہتر ہونا چاہئے۔ یہ بالکل ممکن ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم اپنے آس پاس کی چیزوں پر توجہ مرکوز کریں۔ چیزوں کے بارے میں زیادہ جاننا اور ان کا احساس رکھنا ہماری زندگی کے تمام معاملات پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ یہ رویہ ہمیں ماضی میں الجھے رہنے یا مستقبل کے بارے میں فکرمند ہونے سے نجات دلاتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ حال میں جئیں۔

مثبت نقطۂ نظر اپنائیں

مثبت جذبات مثلاً خوشی، شکر گزاری، قناعت، جوش اور فخر صرف وقتی طور پر ہی اچھے نہیں لگتے بلکہ ایک تحقیق سے ثابت ہے کہ ان جذبات کا مسلسل احساس آپ کے اندر حیرت انگیز تعمیری اثرات پیدا کرتا ہے۔ لہٰذا حقیقت پسندی کے ساتھ ساتھ معاملات کو مثبت نقطۂ نظر سے دیکھنا بھی آپ کو مسرور رکھتا ہے۔ ہمیشہ آدھے خالی گلاس کے بارے میں مت سوچئے بلکہ آدھا گلاس بھرا ہوا ہے، اس کی اہمیت سمجھئے۔

سیکھنے کا سلسلہ جاری رکھیں

سیکھنے کا عمل ہماری شخصیت کو بہتر بناتا ہے۔ ہم نئے خیالات سے متعارف ہوتے ہیں اور مصروف عمل اور متجسس رہتے ہیں۔ اس سے ہمیں تکمیل کا احساس بھی ملتا ہے اور ہمارے اندر خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بالوں کی افزائش سے لے کر ان کی مجموعی صحت تک اِن کی چوٹی بنانا مفید

مشکلات کا سامنا کریں

ہم سبھی مشکلات، نقصانات، ناکامیوں اور صدمات سے گزرتے رہتے ہیں، لیکن ہم ان کا مقابلہ کیسے کرتے ہیں، اس بات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ نقصانات یا مشکلات کو روکنا ہمارے بس میں نہیں ہوتا، مگر اس کے ردعمل میں ہم کیا کرتے ہیں، یہ ہمارے اپنے بس میں ہوتا ہے۔ یہ آسان تو نہیں مگر مثبت انداز فکر کی بدولت ہم مشکل حالات سے نکل سکتے ہیں۔

اپنے آپ کو قبول کریں

پرفیکٹ کوئی بھی نہیں ہوتا۔ لیکن اگر ہم اپنے پاس موجود چیزوں کو چھوڑ کر اُن چیزوں کا غم مناتے رہیں جو ہم حاصل نہیں کر پائے تو یہ عادت ہماری خوشی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ہم جو کچھ ہیں، اس بات کو تسلیم کرنے اور کسی غلطی کی صورت میں اپنی ذات کو معاف کر دینے سے ہماری زندگی پُرسکون اور خوشگوار ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK