Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسم ِ گرما اور بچوں کی چھٹیاں: معمولات کی ترتیب کیسی ہو؟

Updated: April 21, 2026, 3:44 PM IST | Faiqa Hammad Kahn | Mumbai

چھٹیاں بچوں کیلئے خوشی، آزادی اور کھیل کود کا پیغام ہوتا ہے، مگر خواتین کیلئے کسی آزمائش سے کم نہیں ہوتا۔ گھر میں پورا دن بچوں کی موجودگی سے معمولات بے ترتیب ہوجاتے ہیں۔ اگر اس وقت کو صحیح حکمت عملی کے ساتھ گزارا جائے تو نہ صرف گھر کا نظام بہتر رہتا ہے بلکہ بچوں کی تربیت اور نشوونما میں بھی مثبت کردار ادا ہوتا ہے۔

During the holidays, activities can be carried out with children according to their interests. Photo: INN
چھٹیوں میں بچوں کے ساتھ مل کر ان کی دلچسپی کے مطابق سرگرمیاں انجام دی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

گرمیوں کا موسم اپنے ساتھ تیز دھوپ، طویل دن اور بچوں کی لمبی چھٹیاں لے کر آتا ہے۔ یہ وقت بچوں کے لئے خوشی، آزادی اور کھیل کود کا پیغام ہوتا ہے، مگر گھریلو خواتین کے لئے یہ ایک ایسی آزمائش بھی بن جاتا ہے جس میں صبر، حکمت اور بہترین منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچوں کی ہر وقت موجودگی، ان کی مختلف ضروریات، اور گرمی کی شدت یہ سب مل کر روزمرہ کے معمولات کو متاثر کرتے ہیں۔ اگر اس وقت کو صحیح حکمت عملی کے ساتھ گزارا جائے تو نہ صرف گھر کا نظام بہتر رہتا ہے بلکہ بچوں کی تربیت اور نشوونما میں بھی مثبت کردار ادا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بالوں کی افزائش سے لے کر ان کی مجموعی صحت تک اِن کی چوٹی بنانا مفید

سب سے پہلا اور بنیادی قدم ایک منظم اور متوازن شیڈول ترتیب دینا ہے۔ بغیر منصوبہ بندی کے دن اکثر بے ترتیبی اور تھکن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ بچوں کے سونے، جاگنے، کھانے اور کھیلنے کے اوقات پہلے سے طے کر لیں۔ صبح کا وقت خاص طور پر قیمتی ہوتا ہے کیونکہ اس وقت موسم نسبتاً خوشگوار اور ذہن تازہ ہوتا ہے۔ اس وقت کو تعلیمی سرگرمیوں، قرآن پاک کی تلاوت، یا کسی ہلکی جسمانی ورزش کے لئے مختص کیا جاسکتا ہے۔ اس سے بچوں میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے اور دن کا آغاز بھی مثبت انداز میں ہوتا ہے۔

دوپہر کا وقت، جب گرمی اپنے عروج پر ہوتی ہے، آرام کے لئے نہایت موزوں ہے۔ اس دوران بچوں کو سونے یا پُرسکون سرگرمیوں میں مشغول رکھا جاسکتا ہے جیسے کہ کہانیاں پڑھنا، پزل حل کرنا، رنگ بھرنا یا تعلیمی پروگرام دیکھنا۔ یہ نہ صرف بچوں کی ذہنی نشوونما کے لئے مفید ہے بلکہ خواتین کو بھی یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنے گھریلو کام سکون سے انجام دے سکیں یا کچھ دیر آرام کر لیں۔

یہ بھی پڑھئے: موجودہ دور میں سادہ طرزِ زندگی اپنانا کیوں ضروری؟

بچوں کی چھٹیوں کو صرف کھیل کود اور وقت گزاری تک محدود رکھنا دانشمندی نہیں۔ یہ وقت بچوں کی تربیت، اخلاقی تعلیم اور نئی مہارتیں سکھانے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ خواتین اگر چاہیں تو بچوں کے لئے ہفتہ وار یا روزانہ اہداف مقرر کرسکتی ہیں، جیسے کہ نئی دعائیں یاد کرنا، اسلامی کہانیاں سننا، کوئی کتاب پڑھنا یا کوئی ہنر سیکھنا جیسے سلائی، ڈرائنگ یا دستکاری۔ اس طرح بچے نہ صرف مصروف رہتے ہیں بلکہ ان کی شخصیت میں بھی نکھار آتا ہے۔

کھانے پینے کے معاملات میں بھی خاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ گرمیوں میں جسم کو ٹھنڈک اور توانائی فراہم کرنے والی غذا کا استعمال ضروری ہے۔ بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی، لیموں پانی، شربت، دہی، تازہ پھل اور سبزیاں دی جائیں۔ بازار کی ٹھنڈی اور مصنوعی اشیاء جیسے کولڈ ڈرنکس اور آئس کریم کا استعمال کم سے کم رکھا جائے کیونکہ یہ صحت کیلئے نقصاندہ ہوسکتی ہیں۔ خواتین اگر پہلے سے ہفتہ وار مینو تیار کر لیں تو روزانہ کی پریشانی کم ہو جاتی ہے اور وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔

گھر کے اندر دلچسپ اور تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام بھی بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔ فیملی گیمز، کہانی سنانے کی نشستیں، کوئز مقابلے یا چھوٹے چھوٹے گھریلو پروجیکٹس جیسے پودے لگانا یا کوئی آرٹ ورک تیار کرنا، یہ سب بچوں کو مثبت انداز میں مصروف رکھتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ان کی تخلیقی صلاحیتیں بڑھتی ہیں بلکہ گھر کا ماحول بھی خوشگوار اور زندہ دل بن جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اوٹس: غذائیت سے بھرپور اناج اور اس کا استعمال

اس کے ساتھ ساتھ، بچوں کو ہلکی پھلکی ذمہ داریاں دینا بھی ایک بہترین تربیتی عمل ہے۔ جیسے کہ اپنے کھلونے سمیٹنا، میز لگانے میں مدد کرنا یا پانی بھرنا۔ اس سے بچوں میں خود انحصاری، ذمہ داری اور نظم و ضبط کی عادت پیدا ہوتی ہے۔

عام طور پر بچے چھٹیاں کھیل کود میں گزارنا چاہتے ہیں۔ لیکن دن بھر سے ایک گھنٹہ کتابوں کے لئے مختص کیا جاسکتا ہے۔ اس دوران بچوں کو کوئی زبان سکھائی جاسکتی ہے۔ موجودہ دور مقابلہ جاتی دور ہے۔ بیک وقت کئی زبانوں پر عبور حاصل ہونا ضروری ہوگیا ہے۔ ایسے میں بچوں کو مختلف زبانیں سکھائیں۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے متعلق بھی کوئی کورس کروایا جاسکتا ہے۔

ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ خواتین اپنی ذات کو نظر انداز نہ کریں۔ مسلسل کام، بچوں کی دیکھ بھال اور گھریلو ذمہ داریوں کے درمیان اگر وہ اپنی صحت اور ذہنی سکون کو پس پشت ڈال دیں گی تو یہ طویل عرصے میں نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے لئے بھی وقت نکالیں چاہے وہ عبادت ہو، مطالعہ ہو یا کوئی پسندیدہ مشغلہ۔ ایک خوش اور مطمئن ماں ہی ایک خوشحال گھر کی بنیاد رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شدید گرمی اور صحت: یہ تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں

آخر میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں اگرچہ ایک مصروف اور چیلنجنگ وقت ہوتا ہے، مگر یہ ایک سنہری موقع بھی ہے جسے دانشمندی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایک منظم معمول، مثبت سوچ اور متوازن حکمت عملی کے ذریعے خواتین نہ صرف اپنے گھریلو نظام کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ بچوں کی بہترین تربیت بھی کرسکتی ہیں۔ یہی وہ لمحات ہوتے ہیں جو بچوں کی یادوں کا حصہ بنتے ہیں اور ان کی شخصیت پر گہرے اثرات چھوڑتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK