• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مثبت سوچ آپ کی زندگی کو درست سمت میں گامزن کرتی ہے

Updated: August 13, 2024, 1:32 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

نفسیاتی طور پر یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ایسے لوگ جو ہر وقت شکایت کرتے نظر آتے ہیں، منفی سوچ کے حامل ہوتے ہیں اور بعض اوقات دوسروں کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ لہٰذا اپنے آپ کو اس فہرست میں شامل ہونے نہ دیں۔ بہتر تو یہی ہے کہ مثبت ذہن رکھنے والے کامیاب لوگوں کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔

Every positive step and positive action you take takes you closer to the desired success. Photo: INN
آپ کا ہر مثبت قدم اور مثبت عمل آپ کو مطلوبہ کامیابی کے قریب لے جاتا ہے۔ تصویر : آئی این این

جو آپ بوتے ہیں، وہی کاٹتے ہیں اور یہی زندگی کی حقیقت اور کائنات کا قانون ہے۔ زندگی آپ کو وہی لوٹاتی ہے جو آپ اس کو دیتے ہیں، چاہے الفاظ کی شکل میں یا اعمال کی صورت میں۔ زندگی دراصل ہمارے ہی اعمال کا عکس ہوتی ہے۔ اگر آپ دنیا میں زیادہ امن اور سکون دیکھنا چاہتی ہیں تو آپ کو اپنے دل میں پیار و محبت کو زیادہ جگہ دینی ہوگی۔ اگر آپ اپنے ماتحتوں کی اہلیت میں اضافہ چاہتی ہیں تو آپ کو اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کو بڑھانا ہوگا اور یہ تعلق زندگی کے تمام ادوار اور تمام پہلوؤں پر قابل عمل ہوتا ہے کہ زندگی آپ کو ہی لوٹاتی ہے جو آپ اس کو دیتے ہیں، یہ حقیقت ہے۔
 ایک مشہور کہاوت ہے جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ بالکل اسی طرح یہ بات آپ کے ذہن پر بھی نافذ ہوتی ہے کہ آپ ویسے ہی ہوجاتے ہیں جیسی آپ کی سوچ ہوتی ہے۔ وہ سب کچھ، خواہ مثبت ہو یا منفی، جو بھی آپ کے دماغ میں ہوتا ہے، وہ آپ کے اعمال اور اطوار پر اثر انداز ہوتا ہے اور آپ وہی بن جاتے ہیں جو کچھ آپ سوچتے ہیں۔
 شخصیت کے بننے میں جہاں بے شمار چیزوں کا عمل دخل ہوتا ہے وہاں ماحول اور آپ کے آس پاس رہنے والے لوگوں کا کردار بھی اہم ہوتا ہے۔ جن لوگوں سے آپ وابستہ ہوتے ہیں جن سے آپ خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں، وہ سب افراد آپ کی کامیابیوں کے حصول میں بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔
 کیا کبھی آپ نے اپنے اردگرد انتہائی مثبت لوگوں کو دیکھا ہے، جو خود بھی مثبت سوچ رکھتے ہیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی اپنی مثبت سوچ کی قوت منتقل کرتے رہتے ہیں، لہٰذا ہمیشہ اپنے آس پاس ایسے لوگوں کا انتخاب کیجئے جو مثبت سوچ اور عمل کے مالک ہوں، جو پُراعتماد پُرجوش شخصیت کے مالک ہوں اور اگر آپ کو اپنے اردگرد ایسے لوگ نہیں ملتے تو آپ منفی لوگوں میں شامل ہونے کے بجائے مثبت کتابیں پڑھنے میں خود کو مصروف رکھئے۔ مثبت لوگ خودبخود آپ کی جانب کھینچے چلے آئیں گے یا آپ خود ہی مثبت لوگوں کی پہچان بن کر ان کے قریب آجائیں گی۔
 ہوسکتا ہے آغاز میں آپ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے، مگر یاد رکھئے کہ ہر شخص کو کسی نہ کسی مقام پر مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے۔ اب یہ آپ کے انتخاب پر ہے کہ آپ کس طرح ان مسائل پر ردعمل کا اظہار کرتی ہیں اور اپنی زندگی کا معیار بلند کرتی ہیں۔
 ہم اکثر اپنی ہار قبول کرنا نہیں چاہتے۔ ہمیشہ اپنی ہار کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اپنی اس عادت کو بدل لیجئے۔ اپنی ہار کی ذمہ داری قبول کریں اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ کامیابی اور ناکامی، زندگی کے اہم حصے ہیں۔ اس لئے کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کریں اور ناکامی کی ذمہ داری کو قبول کریں مگر خود کو ترغیب دیں کہ دوبارہ کوشش کرنا ہے۔ یہ مثبت سوچ آپ کو آپ کی منزل تک پہنچنے میں مدد کرے گی۔
 منفی لوگوں سے دور رہنے کے لئے ہمیں اپنی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرنا ہوگا۔ ممکن ہے کہ ہمیں اپنے اردگرد لوگوں میں ایسے افراد کا انتخاب کرنا مشکل ہوجائے، جن کے ساتھ ہمیں تعلقات رکھنے چاہئیں، لیکن اس کا حل بہت آسان ہے۔
 وہ حل یہ ہے کہ صرف ان لوگوں سے تعلقات رکھئے، جن کو آپ پسند کرتے ہیں۔ نفسیاتی طور پر یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ایسے لوگ جو ہر وقت شکایت کرتے نظر آتے ہیں، منفی سوچ کے حامل ہوتے ہیں اور بعض اوقات دوسروں کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ لہٰذا اپنے آپ کو اس فہرست میں شامل ہونے نہ دیں۔ بہتر تو یہی ہے کہ مثبت ذہن رکھنے والے کامیاب لوگوں کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔ وہ کامیاب لوگ خواہ زندہ ہوں یا اس دنیا سے جا چکے ہوں مگر اپنے وقت کے کامیاب ترین لوگ تھے۔
 ایسے لوگوں کی زندگی کے حالات پڑھئے اور یہ جاننے کی کوشش کیجئے کہ ان کی کامیاب زندگی کا کیا راز تھا؟ کیونکہ آپ ان کی پیروی کرکے ہی کامیاب ہوسکیں گے۔ جب آپ مثبت سوچ کے حامل ہوجائیں گے تو آپ محسوس کریں گے کہ منفی لوگ خود بخود آپ سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں اور آپ کے اردگرد صرف کامیاب لوگ موجود ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ آپ صرف ایسے ہی لوگوں کی جانب متوجہ رہیں۔
 جب آپ ایک بار مثبت لوگوں سے وابستہ ہوجاتی ہیں تو آپ اپنا رخ سکون، طمانیت اور کامیابیوں سے بھرپور زندگی کی طرف موڑ لیتی ہیں۔ آپ کا ہر مثبت قدم اور مثبت عمل آپ کو مطلوبہ کامیابی کے قریب لے جاتا ہے اور آپ کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے۔
 اپنی کامیابیوں سے نظریں مت ہٹایئے۔ انہیں حاصل کرنا صرف اور صرف آپ پر منحصر ہے۔ مثبت سوچ اختیار کرنے اور مثبت لوگوں کے درمیان رہنے سے ہر روز آپ کا قدم کامیابی کی جانب اٹھے گا اور آپ اپنی محنت کا پھل کاٹیں گی۔ اس طرح آپ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK