• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

خواتین کے ذہنی سکون کیلئے تفریحی سرگرمیاں

Updated: October 02, 2024, 1:06 PM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

روزمرہ کی مصروفیات سے ہٹ کر کچھ وقت اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں گزارنا ایک طرح کی توانائی فراہم کرتا ہے جس سے خواتین خود کو دوبارہ تازہ دم محسوس کرتی ہیں۔ تفریحی سرگرمیوں کا مقصد صرف وقت گزارنا نہیں ہوتا بلکہ یہ ذہنی سکون، خود اعتمادی اور خوشی کا ذریعہ بھی ہوتی ہیں۔

Traveling and exploring new places can be an important source of peace of mind for women. Photo: INN
سفر کرنا اور نئی جگہوں کو دریافت کرنا خواتین کے لئے ذہنی سکون کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

خواتین کی زندگی معاشرتی، گھریلو اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے بھرپور ہوتی ہے۔ انہیں اپنی زندگی میں ایک ساتھ کئی محاذوں پر کام کرنا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اکثر اپنی ذات اور آرام کے لئے وقت نکالنے میں ناکام رہتی ہیں۔ ایسے میں ذہنی سکون کا حصول ان کیلئے ایک اہم مسئلہ بن جاتا ہے۔ خواتین کو ذہنی سکون حاصل کرنے اور خوشحال زندگی گزارنے کے لئے تفریحی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیں۔ ان سرگرمیوں کی وجہ سے موڈ بحال ہوتا ہے اور ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے۔ یہ سرگرمیاں جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتی ہیں اسی طرح سماجی زندگی اور شخصیت میں بھی مثبت تبدیلی لاتی ہیں۔ روزمرہ کی مصروفیات سے  ہٹ کر کچھ وقت اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں گزارنا ایک طرح کی توانائی فراہم کرتا ہے جس سے خواتین خود کو دوبارہ تازہ دم محسوس کرتی ہیں۔ تفریحی سرگرمیوں کا مقصد صرف وقت گزارنا نہیں ہوتا بلکہ یہ ذہنی سکون، خود اعتمادی اور خوشی کا ذریعہ بھی ہوتی ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ ایسی سرگرمیاں منتخب کریں جو ان کے دل کو خوشی اور دماغ کو راحت دیں۔ یہ سرگرمیاں مندرجہ ذیل نوعیت کی ہوسکتی ہیں جیسے:
کتب بینی: کتابیں انسان کے ذہن کو وسعت بخشتی ہیں اور تفریح کے ساتھ علم میں اضافہ بھی کرتی ہیں۔ خواتین کیلئے ناول، کہانیاں یا شخصیت کی تعمیر سے متعلقہ کتابیں پڑھنا ایک بہترین تفریحی سرگرمی ہوسکتی ہے جو انہیں زندگی کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کا موقع دیتی ہے۔
سیر و تفریح: فطرت کے قریب وقت گزارنا، باغات میں چہل قدمی کرنا، یا کسی پرسکون جگہ کا دورہ کرنا خواتین کیلئے ایک بہترین طریقہ ہوسکتا ہے کہ وہ خود کو تازہ دم کریں اور ذہنی سکون پائیں۔
تخلیقی سرگرمیاں: خواتین فطرتاً تخلیقی مزاج کی حامل ہوتی ہیں۔ پینٹنگ، لکھنا، دستکاری یا سلائی کڑھائی جیسی سرگرمیاں ان کے ذہن کو سکون فراہم کرتی ہیں۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف تخلیقی اظہار کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ یہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔
ورزش: ورزش اور یوگا نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتی ہیں بلکہ یہ ذہنی دباؤ کو بھی کم کرتی ہیں۔ یوگا اور مراقبہ خواتین کو اندرونی سکون حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں جس سے ان کا موڈ بحال ہوتا ہے اور وہ خود کو زیادہ متوازن محسوس کرتی ہیں۔
دوستوں اور افراد خانہ کے ساتھ اچھا وقت گزارنا: سماجی تعلقات ذہنی سکون کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا، ہنسنا، بات چیت کرنا خواتین کو روزمرہ کے دباؤ سے نکالنے میں مدد دیتا ہے۔ خوشگوار ماحول میں اپنے عزیزوں کے ساتھ وقت گزارنا ایک بہترین طریقہ ہے کہ خواتین خود کو مثبت اور خوشحال محسوس کریں۔
سفر اور نئے تجربات: سفر کرنا اور نئی جگہوں کو دریافت کرنا خواتین کے لئے ذہنی سکون کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ سفر نئے تجربات فراہم کرتا ہے، نئی ثقافتوں اور لوگوں سے ملنے کا موقع ملتا ہے اور ذہنی تھکن دور ہوتی ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے روزمرہ کے معمولات میں تھوڑی تبدیلی کریں اور اپنی پسندیدہ سرگرمیوں کیلئے وقت نکالیں۔ روزانہ تھوڑا سا وقت صرف اپنی ذات کیلئے وقف کریں تاکہ وہ اپنے ذہنی اور جسمانی سکون کا خیال رکھ سکیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ خواتین اپنی ترجیحات کا تعین کریں اور کاموں میں توازن برقرار رکھیں۔
آن لائن تفریحی وسائل کا استعمال: آج کے جدید دور میں آن لائن تفریحی وسائل بھی ہمارے لئے ذہنی سکون کا ایک ذریعہ بن گئے ہیں۔ مختلف تعلیمی ویڈیوز دیکھنا، آرٹیکل پڑھنا، موویز دیکھنا، یا سوشل میڈیا پر وقت گزارنا بھی تفریح کا حصہ ہوسکتا ہے لیکن اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی نقصاندہ ہو سکتا ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ ان وسائل کا استعمال مثبت اور اعتدال میں کریں۔
ذہنی سکون کیلئے وقت کی اہمیت: ذہنی سکون حاصل کرنے کیلئے سب سے اہم چیز وقت ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی میں تفریح اور آرام کیلئے وقت نکالیں تاکہ وہ اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھ سکیں۔ یہ وقت ایک گھنٹے کا ہو یا دن کا کچھ حصہ لیکن اسے بھرپور اور مثبت انداز میں گزارنا ضروری ہے۔
باغبانی: یہ نہ صرف تفریحی سرگرمی ہے بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتی ہے۔ پودے لگانا، ان کی دیکھ بھال کرنا اور پھولوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونا خواتین کیلئے ایک بہترین سرگرمی ہوسکتی ہے۔ فطرت کے قریب رہنے سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے۔
کچن میں نئے تجربات کرنا: نئی ڈشیز یا بیکنگ میں تجربات کرنا بھی ایک دلچسپ اور تخلیقی تفریحی سرگرمی ہوسکتی ہے۔ یہ خواتین کو افراد خانہ کیلئے مزیدار کھانے بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع بھی دیتا ہے۔
 یہ تمام سرگرمیاں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ خواتین کو ذہنی سکون، خود اعتمادی اور خوشی کا احساس بھی دلاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK