Inquilab Logo Happiest Places to Work

مصروف رہنا اچھا ہے مگر تھکن کو نظرانداز کرنا اچھا نہیں

Updated: August 12, 2026, 1:04 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

عام طور پر خواتین ہر وقت کسی نہ کسی کام میں مصروف رہتی ہیں۔ خود کو مصروف رکھنا اچھی عادت ہے لیکن اس دوران اپنی تھکان کو فراموش کردینا نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ جسم کو چست و درست رکھنے کیلئے آرام کے ساتھ ساتھ چند صحتمند عادتوں کا اپنانا بے حد ضروری ہے۔ صحت بخش ناشتہ کریں اور ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں۔

Skipping breakfast and consuming unhealthy foods leads to physical fatigue; change this habit. Picture: INN
ناشتہ ترک کرنے اور غیر صحت بخش غذاؤں کے استعمال سے جسم پر تھکان طاری ہوتی ہے، اس عادت کو تبدیل کریں۔ تصویر: آئی این این

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی چند بری عادتیں ترک کر دیں اور ان کے بجائے صحت مند عادتیں اپنا لیں تو ہر وقت طاری رہنے والی تھکان آپ سے میلوں دور چلی جائے گی۔ ہمارے یہاں کی زیادہ تر خواتین تھکان محسوس کرتی ہیں تو سب سے پہلے ورزش ہی کو چھوڑ دیتی ہیں جو کسی بھی طور درست نہیں کیونکہ ورزش آپ کو تھکاتی نہیں بلکہ چست رکھتی ہے۔ لہٰذا ورزش کو ترک نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کی تھکان بڑھنے کے بجائے کم ہوگی۔ اگر ورزش نہ سہی تو کم از کم چہل قدمی ضرور کریں۔

پانی کم پینے کے کئی نقصانات آپ کے علم میں ہوں گے وہیں پانی کی کمی سے آپ سستی اور تھکن کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اس سے آپ کے انرجی لیول میں کمی آجاتی ہے اور خون گاڑھا ہوجاتا ہے جس کے باعث دل کی کارکردگی سست پڑ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نئی نسل کو پیغام دیں کہ انسان کی اصل دولت اس کے رشتے ہیں

ذرا سی بات کو بڑھا چڑھا کر سوچنا اور بلاوجہ کے خدشات دل میں پالنا ایسی باتیں ہیں کہ جو آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر تھکا دیتی ہیں بلکہ آپ کی ساری توانائی نچوڑ لیتی ہیں۔ مثلاً کسی کام کو شروع کرنے سے پہلے ہی یہ سوچ لینا کہ اس کا انجام برا نہ ہوجائے، کسی لمبے سفر پر روانہ ہونے سے پہلے یہ وہم پال لینا کہ اس دوران مجھے کوئی حادثہ پیش نہ آجائے وغیرہ وغیرہ۔ اس صورتحال سے نجات پانے کے لئے منفی سوچوں کے جال سے نکلیں اور حقیقت پسندی اپنائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ ہمیشہ ہشاش بشاش نہ رہیں۔

 جسم کو ’ری فیول‘ کرنے کیلئے اچھا ناشتہ بے حد ضروری ہے۔ اگر ناشتہ چھوڑ دیا جائے تو یہ اپنے اوپر ظلم کے مترادف ہے کیونکہ اس سے ہم اپنے آپ کو تھکا ہوا اور کمزور محسوس کرنے لگتے ہیں اور پھر یہ کیفیت سارا دن ہمارے ساتھ رہتی ہے، خواہ ہم دوپہر کو کتنا ہی اچھا کھانا کیوں نہ کھائیں۔ اس لئے متوازن ناشتے کو اپنے معمول میں شامل رکھیں۔

جو خواتین بھاگتی دوڑتی زندگی سے مطابقت پیدا کرنے کے لئے جنک فوڈ پر گزارا کرتی ہیں تاکہ کم وقت میں مزید ذمہ داریاں نمٹا سکیں، ان پر ہمہ وقت تھکن کا احساس غالب رہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جنک فوڈ کہلائی جانے والی غیر متوازن غذائیں شوگر لیول کو بڑھا دیتی ہیں۔ لہٰذا مرغن اور تلی ہوئی غذاؤں یا بیکری آئٹم سے پیٹ بھرنے کے بجائے پھلوں اور سبزیوں کو اپنی خوراک میں شامل رکھیں۔

یہ بھی پڑھئے:اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا کیوں ضروری؟

اپنی ہمت سے زیادہ کام کرنے کے باعث اکثر و بیشتر خواتین تھکن کا شکار رہتی ہیں۔ اس لئے بہتر یہ ہے کہ جب آپ تھکی ہوئی ہوں اور کسی کام کے لئے آپ کا دل خوشی سے آمادہ نہ ہو تو پھر اس کے لئے انکار کرنے میں ہرگز نہ ہچکچائیں۔

روزمرہ کی ذمہ داریوں کے دوران وقتاً فوقتاً بریک لینا ہر ایک کے لئے بے حد ضروری ہے۔ اس سے ہم تازہ دم اور ری چارج ہوجاتے ہیںا ور پھر پھرتی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ لیکن ہمارے ہاں خواتین کے ساتھ کچھ اس قسم کی صورتحال ہے کہ ان کے لئے کبھی کوئی چھٹی نہیں ہوتی۔ حالات خواہ کیسے ہی کیوں نہ ہوں اور چاہے گھر کے تمام افراد چھٹیاں منا رہے ہوں، لیکن وہ ہر دم ۲۴؍ گھنٹے کی ڈیوٹی پر رہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ضرورت سے زیادہ کام اپنے اوپر لاد لینے کے باعث وہ جیسے دائمی تھکن کا شکار رہتی ہیں۔ اس لئے بہتر یہ ہے کہ دوسرے لوگوں کی مانند کبھی کبھار وہ بھی چھٹی منائیں اور ساری ذمہ داریاں اپنے نازک شانوں پر اٹھانے کے بجائے کچھ کام دوسروں کو بھی سونپ دیں اور کچھ وقت چین سے گزاریں۔

عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ دن بھر کی مصروفیات کے بعد جب سونے کا وقت آتا ہے تب اکثر خواتین اپنے نام آئے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ پیغامات چیک کئے بغیر نہیں رہ پاتیں۔ لیکن اس سے ہوتا یہ ہے کہ آپ کی نیند کا قدرتی سائیکل متاثر ہوجاتا ہے اور دماغ کو نیند کے پیغامات جانے بند ہوجاتے ہیں۔ اس صورت میں نیند آپ سے روٹھ جاتی ہے اور پھر بہت دیر سے مہربان ہوتی ہے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ رات بھر پُرسکون نیند نہیں سوپاتیں، جس کے نتیجے میں دن بھر تھکن کا احساس طاری رہتا ہے۔ لہٰذا اس قسم کی تمام مصروفیات سونے سے کم از کم دو گھنٹے پہلے ترک کر دینی چاہئیں۔

یہ بھی پڑھئے: خاتون گھر کی معیشت کی نگہبان اور بجٹ کی منتظم ہوتی ہے

ماہرین کے مطابق دن بھر میں تین کپ چائے یا کافی سے زیادہ نہ پئیں اور شام کے بعد چائے یا کافی پینے کی عادت نہ اپنائیں تو یہ آپ کی صحت کے لئے اچھا ہے، ورنہ نیند کی کمی اور تھکن کا احساس آپ کا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔

دیر سے سونے کا مطلب ہے، اگلی صبح دیر سے اٹھنا۔ اس کے بعد ظاہر ہےکہ آپ کے سارے معمولات متاثر ہوجاتے ہیں اور اس کے نتیجے میں آپ دوسری رات بھی جلدی نہیں سو پاتیں۔ ایسا عموماً ہفتے کے اختتام پر ہوتا ہے، پھر جب آپ اتوار کی رات دیر سے سوتی ہیں تو پیر کی صبح جلدی اٹھنا ایک امتحان سے کم ثابت نہیں ہوتا۔ اس کے بعد آپ کا پورا ہفتہ تھکن کی نذر ہوجاتا ہے۔

لہٰذا خواتین اپنی تھکن نظرانداز نہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK