Inquilab Logo Happiest Places to Work

موجودہ دور میں سادہ طرزِ زندگی اپنانا کیوں ضروری؟

Updated: April 20, 2026, 2:04 PM IST | Momin Rizwana Mohammad Shahid | Mumbai

ہم اکثر دوسروں کی دیکھا دیکھی ایسے اہداف مقرر کر لیتے ہیں جو نہ ہماری شخصیت سے ہم آہنگ ہوتے ہیں اور نہ ہی ہماری اصل ضرورت ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے باوجود بھی ہم مطمئن نہیں ہو پاتے۔ اپنی زندگی کو پُرسکون بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سادہ طرزِ زندگی اپنایا جائے۔

A simple lifestyle offers an opportunity to find oneself. Photo: INN
سادہ طرز زندگی خود کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تصویر: آئی این این

آج کا انسان ایک ایسی بے انتہا دوڑ میں مصروف ہے جس میں رفتار تو بہت ہے، مگر سمت کا تعین اکثر دھندلا جاتا ہے۔ ہر طرف کامیابی کے پیمانے بدل چکے ہیں.... زیادہ کمانا، بہتر دکھنا، دوسروں سے آگے نکلنا.... یہ سب ہماری ترجیحات بن چکے ہیں۔ مگر اس تمام جدوجہد کے باوجود دل میں ایک خلا، ذہن میں بے سکونی اور زندگی میں تھکن کیوں بڑھتی جا رہی ہے؟ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ ہم نے زندگی کو ضرورت سے زیادہ پیچیدہ بنا لیا ہے، اور اسی پیچیدگی کا حل ایک آسان اور سادہ طرزِ زندگی میں پوشیدہ ہے۔

سادہ طرزِ زندگی دراصل ایک فلسفۂ حیات ہے، جو ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ زندگی کی اصل خوبصورتی سادگی میں ہے، نہ کہ نمود و نمائش میں۔ جب انسان اپنی خواہشات کو قابو میں رکھتا ہے اور ضروریات کو پہچانتا ہے، تو اس کی زندگی خود بخود متوازن ہو جاتی ہے۔ ہم اکثر دوسروں کی دیکھا دیکھی ایسے اہداف مقرر کر لیتے ہیں جو نہ ہماری شخصیت سے ہم آہنگ ہوتے ہیں اور نہ ہی ہماری اصل ضرورت ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے باوجود بھی ہم مطمئن نہیں ہو پاتے۔

یہ بھی پڑھئے: اوٹس: غذائیت سے بھرپور اناج اور اس کا استعمال

جدید دور میں سوشل میڈیا نے ہماری سوچ اور طرزِ زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ہر وقت دوسروں کی خوش حال اور پرتعیش زندگیوں کو دیکھ کر ہم اپنی زندگی کو کمتر سمجھنے لگتے ہیں۔ حالانکہ یہ ایک ایسا فریب ہے جس میں صرف خوبصورت لمحات دکھائے جاتے ہیں، حقیقت نہیں۔ سادہ طرزِ زندگی اپنانے والا فرد اس حقیقت کو سمجھتا ہے اور اپنی زندگی کو دوسروں کے معیار پر پرکھنے کے بجائے اپنی داخلی کیفیت کو اہمیت دیتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اصل سکون دل کے اطمینان میں ہے، نہ کہ دوسروں کی نظروں میں اچھا نظر آنے میں۔

سادگی ہمیں قناعت اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے۔ جب ہم اپنے پاس موجود نعمتوں کو محسوس کرتے ہیں اور ان پر شکر ادا کرتے ہیں، تو دل میں ایک عجیب سا سکون پیدا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، جو شخص ہر وقت مزید حاصل کرنے کی خواہش میں مبتلا رہتا ہے، وہ کبھی مطمئن نہیں ہوسکتا۔ سادگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ’’کم میں بھی خوش رہا جا سکتا ہے‘‘، اور یہی سوچ انسان کو حقیقی خوشی کے قریب لے جاتی ہے۔

آج کے مصروف ترین دور میں ہمارے رشتے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ہم اپنے ہی گھروں میں ایک دوسرے سے دور ہوگئے ہیں۔ سادہ زندگی ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ اصل دولت وقت اور توجہ ہے۔ جب ہم غیر ضروری مصروفیات کو کم کرتے ہیں، تو ہمیں اپنے اہل ِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ چھوٹے چھوٹے لمحات.... گفتگو، ہنسی، ایک ساتھ کھانا کھانا.... یہی وہ خزانے ہیں جو زندگی کو خوشگوار بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: شدید گرمی اور صحت: یہ تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں

سادہ طرزِ زندگی کا اثر ہماری صحت پر بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔ ذہنی دباؤ، بے ترتیبی اور غیر متوازن معمولات ہمیں جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار بنا دیتے ہیں۔ جب ہم اپنی زندگی کو سادہ بناتے ہیں، وقت کی بہتر منصوبہ بندی کرتے ہیں اور غیر ضروری بوجھ کو کم کرتے ہیں، تو ہمارا ذہن پرسکون اور جسم تندرست رہتا ہے۔ ایک سادہ معمولاتِ زندگی انسان کو نہ صرف صحت مند بناتا ہے بلکہ اس کی کارکردگی اور توجہ میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

مزید یہ کہ سادگی ہمیں اپنی ذات کے قریب لے آتی ہے۔ جب انسان شور و ہنگامے سے دور ہو کر خود سے بات کرتا ہے، تو اسے اپنی اصل پہچان کا ادراک ہوتا ہے۔ وہ اپنی کمزوریوں کو سمجھ کر انہیں بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے اور اپنی خوبیوں کو نکھارتا ہے۔ یہی خود آگاہی ایک کامیاب اور پُرسکون زندگی کی بنیاد بنتی ہے۔

سادگی کا ایک سماجی پہلو بھی ہے۔ جب معاشرے میں لوگ سادگی کو اپناتے ہیں، تو حسد، مقابلہ بازی اور دکھاوے کا رجحان کم ہو جاتا ہے۔ اس کی جگہ ہمدردی، تعاون اور اخلاص کو فروغ ملتا ہے۔ ایک سادہ سوچ رکھنے والا معاشرہ زیادہ مضبوط، پُرامن اور خوشحال ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سخت الفاظ اور تنقیدی لہجہ رشتوں میں دوریاں پیدا کرتا ہے

سادہ طرزِ زندگی نئی نسل کو سکھاتی ہے کہ زندگی کس طرح جینا ہے۔ نئی نسل زندگی جیتی نہیں بلکہ جینے کا دکھاوا کرتی  ہے۔ اس نسل کو سمجھنا ہوگا کہ پُرسکون زندگی کا اصل حسن سادگی میں ہے۔ ’فیک لائف اسٹائل‘ میں کچھ نہیں رکھا ہے۔

آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ بھاگتی دوڑتی اس زندگی میں سادگی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ یہ نہ صرف ہمیں ذہنی سکون فراہم کرتی ہے بلکہ ہمیں ایک بامقصد اور متوازن زندگی گزارنے کا ہنر بھی سکھاتی ہے۔ اگر ہم واقعی خوشی اور اطمینان چاہتے ہیں، تو ہمیں اپنی ترجیحات کو ازسرِ نو ترتیب دینا ہوگا اور سادگی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ کیونکہ اصل کامیابی اسی میں ہے کہ ہم کم میں زیادہ خوش رہنا سیکھ جائیں اور اپنی زندگی کو بوجھ کے بجائے ایک خوبصورت نعمت سمجھ کر گزاریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK