Inquilab Logo Happiest Places to Work

عورت کی صحت ایک مضبوط معاشرہ اور روشن مستقبل کی بنیاد

Updated: April 09, 2026, 2:20 PM IST | Rehana Qadri | Mumbai

کیونکہ خواتین گھر کی سب سے اہم کڑی ہوتی ہیں، ان کیلئے خون کی کمی، بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنا بہت ضروری ہے۔ خیال رہے کہ جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جذباتی صحت بھی اہمیت رکھتی ہے۔ مقوی غذا، ورزش اور مثبت سوچ کے ساتھ ساتھ خاندان سے اچھے تعلقات بھی اچھی صحت کے ضامن ہیں۔

The entire system of the house depends on women, so they should not forget about themselves. Photo: INN
گھر کے پورے نظام کا دارومدار خواتین پر ہوتا ہے اس لئے انہیں اپنی ذات کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ تصویر: آئی این این

عورت معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ وہ ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کی صورت میں نہ صرف ایک خاندان بلکہ پوری نسل کی تربیت کرتی ہے۔ اس لئے عورت کی صحت اس کی ذاتی ضرورت نہیں بلکہ ایک صحتمند معاشرے کی ضمانت بھی ہوتی ہے۔ عورتوں کی مجموعی صحت میں جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت شامل ہیں جن کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔

جسمانی صحت کی اہمیت

عورتوں کی جسمانی صحت ان کی روزمرہ زندگی پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور مناسب نیند اس کے بنیادی ستون ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی خوراک میں سبزیاں، پھل، دودھ، پروٹین اور وٹامنز شامل کریں۔ خاص طور پر آئرن اور کیلشیم کی کمی خواتین میں عام ہوتی ہے جس سے کمزوری اور ہڈیوں کی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: گرمی کے موسم میں گل قند کا شربت پئیں، کئی فائدے حاصل ہوں گے

ذہنی اور جذبات صحت

اکثر خواتین گھریلو ذمہ داریوں اور معاشرتی دباؤ کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس لئے ذہنی سکون کے لئے وقت نکالنا بہت ضروری ہے۔ عبادت، مثبت سوچ، مطالعہ اور اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں حصہ لینا ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ گھر والوں کا تعاون بھی عورتوں کیلئے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوتا ہے۔

باقاعدہ طبی معائنہ

عورتوں کو چاہئے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنا طبی معائنہ کرواتی رہیں۔ خاص طور پر خون کی کمی، بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر بیماریوں کی بر وقت تشخیص بہت ضروری ہے۔ خواتین اکثر بیماریوں کی علامات کو تھکن کا نام دے کر نظرانداز کرتی ہیں، یہ عادت تبدیل کریں۔

ورزش اور جسمانی سرگرمیاں

روزانہ کم از کم ۲۰؍ سے ۳۰؍ منٹ کی ورزش جیسے چہل قدمی، یوگا یا ہلکی پھلکی ورزشیں جسم کو فعال رکھتی ہیں۔ اس سے نہ صرف وزن قابو میں رہتا ہے بلکہ دل و دماغ بھی صحتمند رہتے ہیں۔

آرام اور نیند

اچھی صحت کے لئے مناسب نیند ازحد ضروری ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ ۷؍ سے ۸؍ گھنٹے کی پُرسکون نیند لیں تاکہ جسم اور دماغ کو مکمل آرام مل سکے۔

ہڈیوں اور جوڑوں کی صحت

خواتین میں عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور غذا اور دھوپ لینا اس کیلئے بہت مفید ہے۔ ہلکی ورزش بھی ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: معمولات کی ترتیب وہی ہے تو تبدیلی ضروری ہے

دل کی صحت

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ دل کی بیماریوں مردوں میں زیادہ ہوتی ہیں۔ متوازن خوراک، کم تیل اور نمک کا استعمال، ورزش اور ذہنی سکون بھی دل کی صحت کے لئے ضروری ہے۔ خواتین بھی دل کی بیماری سے متاثر ہوسکتی ہیں۔

وزن کا اعتدال

زیادہ وزن یا بہت کم وزن، دونوں صحت کے لئے نقصاندہ ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنا وزن قابو میں رکھنے کیلئے روزانہ چہل قدمی کریں۔ اچانک وزن میں تبدیلی آنے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ فاسٹ فوڈ اور میٹھی اشیاء کا استعمال کم کریں۔

جلد اور بالوں کی صحت

عورتوں کی خوبصورتی کا ایک اہم حصہ ان کی جلد اور بال ہیں جو ان کی اندرونی صحت کا عکس بھی ہوتے ہیں۔ پانی کا زیادہ استعمال، صحتمند غذا اور مناسب نیند جلد اور بالوں کو خوبصورت بناتے ہیں۔

ذہنی دباؤ کا بہتر انتظام

خواتین اکثر بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں۔ جس سے ذہنی دباؤ و تناؤ زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے لئے گہری سانس کی مشقیں، دعا، یوگا اور مثبت لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا مفید ثابت ہوتا ہے اور ذہنی تناؤ کم ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: متوازن اور معتدل زندگی کا راز داخلی سکون میں مضمر ہے

خود کی اہمیت کو پہچاننا

اکثر خواتین اپنی صحت کو بالکل نظر انداز کر دیتی ہیں اور دوسروں کو ترجیح دیتی ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی صحت اور خوشی کو بھی اہمیت دیں۔ خود کا خیال رکھیں۔ اپنی صحت کے متعلق معلومات حاصل کرتے رہیں۔ مختلف بیماریوں، علامات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی انہیں بر وقت فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔ خاندان اور دوستوں کے ساتھ اچھے تعلقات ذہنی اور جذباتی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ بات چیت اور احساسات کا اظہار ذہنی بوجھ کو کم کرتا ہے۔ روحانی سکون بھی صحت کا ایک اہم پہلو ہے۔ نماز، دعا اور اللہ پر بھروسہ رکھنا اور اللہ کا شکر ادا کرنا، صبر اور برداشت انسان کو مشکلات کا سامنا کرنے کی طاقت دیتا ہے۔

ایک صحت مند عورت ہی ایک صحت مند خاندان اور معاشرے کو تشکیل دیتی ہے۔ جب عورت اپنی مجموعی صحت کو ترجیح دیتی ہے تو وہ نہ صرف اپنی زندگی کو سنوارتی ہے بلکہ ایک مضبوط معاشرہ، روشن مستقبل اور آنے والی نسلوں کے لئے بھی صحت مند بنیاد رکھتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK