• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرا سوشل : کیمبرج ڈکشنری نےاسے ’ورڈ آف ای ایئر‘کیوں قراردیا؟کیا ہے اسکی کہانی؟

Updated: November 26, 2025, 4:30 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ان دنوں ذرائع ابلاغ میں انگریزی لفظ ’پیراسوشل ‘ موضوع بحث ہے۔ دراصل اسے’کیمبرج ڈکشنری‘ نے’ورڈ آف دی ایئر‘ قراردیا ہے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این
ان دنوں ذرائع ابلاغ میں انگریزی لفظ ’پیراسوشل ‘ موضوع بحث ہے۔ دراصل اسے’کیمبرج ڈکشنری‘ نے’ورڈ آف دی ایئر‘ قراردیا ہے۔ جو ہر سال ایک لفظ کو یہ اعزاز دیتی ہے۔ یہ نفسیات سے جڑا ہوا لفظ ہے، جس کا استعمال آج کل بہت بڑھ گیا ہے۔ اگرچہ یہ نیا لفظ نہیں ہے، لیکن موجودہ دور میں اس کا چلن تیزی سے بڑھا ہے۔اس لفظ کے معنی اور استعمال پر ہم روشنی ڈالیں گے، لیکن اس سے پہلے آپ سے ایک سوال کرنا ضروری سمجھتے ہیں، اور وہ یہ ہے کہ ’’کیا کبھی آپ کو کسی مشہور شخصیت یافلمی ستارہ کو دیکھ کر لگا کہ یہ شخص تو بالکل میرے جیسا ہے؟‘‘ اگر آپ کا جواب ہاں ہے ، تو فکر کی بات نہیں۔ اس معاملے میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔ بیشتر افراد اس کیفیت سے دوچار ہوتے ہیں۔ چاہے وہ اُس سلیبریٹی کو ذاتی طور پر نہ جانتے ہوں، پھر بھی ان سے جذباتی طور پر جڑ جاتے ہیں۔ اسی احساس و کیفیت کو بیان کرنے کیلئے ایک باضابطہ لفظ ’پیرا سوشل‘ موجود ہے، اور کیمبرج ڈکشنری نے اسے’ورڈآف دی ایئر‘ قراردیا ہے۔
آئیے سمجھتے ہیں کہ’پیرا سوشل‘کا لغوی مطلب کیا ہوتا ہے۔کیمبرج ڈکشنری کے مطابق’’پیرا سوشل،  وہ تعلق ہے جو کوئی شخص کسی مشہور شخصیت یا ڈیجیٹل پرسنالٹی کے ساتھ محسوس کرتا ہے، جسے وہ حقیقت میں نہیں جانتا ہے۔یہ یک طرفہ جذباتی تعلق ہوتا ہے۔ یعنی انسان کو لگتا ہے کہ وہ اس سلیبریٹی کو جانتا ہے،اس سے جذباتی طور پر جڑ سکتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کی اس شخصیت سے کوئی جان پہچان نہیں ہوتی ہے۔ایسا صرف فلمی ستاروں تک محدود نہیں ہے۔ اس میں سوشل میڈیا انفلوئنسر، ٹی وی شوز کے کردار اور اور اب اے آئی چیٹ بوٹس تک شامل ہے۔ 
اب  آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر یہ لفظ کب وجود میں آیا؟تو جان لیجئے کہ ’پیراسوشل ‘ کی اصطلاح سب سے پہلے ۱۹۵۶ء میں وضع ہوئی اوراس وقت کے دو ماہرین سماجیات،ڈونالڈ ہارٹن اور رچرڈ وہول  نے اسے متعارف کرایا تھا۔انہوں نے ٹی وی ناظرین کے اس نفسیاتی رشتے کو بیان کرنے کے لیے یہ لفظ دیا، جس میں ناظرین کو لگتا تھا کہ وہ ٹی وی پرسنالٹی کو جانتے ہیں، جیسے وہ ان کے دوست ہوں۔ مثال کے طور پر آپ سڑک پر چل رہے ہیں اور اچانک کوئی فلم اداکار سامنے آ جائے۔ آپ اسے دیکھ کر مسکرا دیتے ہیں اور والہانہ اس کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں کیونکہ آپ اسے ٹی وی یا فلموں میں دیکھتے آئے ہیں۔ لیکن فوراً یاد آتا ہے کہ وہ آپ کو جانتا ہی نہیں۔ یہی ہے’پیراسوشل ‘ تعلق ، جومکمل طور پر یک طرفہ ہوتا ہے۔  اب آپ کے ذہن میں اگلا سوال یہ ابھرا ہوگا کہ آخر اسے سال کا لفظ کیوں قرار دیا گیا توبتادیں کہ پہلے یہ لفظ صرف ماہرین استعمال کرتے تھے۔ لیکن اب یہ عام بول چال کا حصہ بن چکا ہے۔کیمبرج یونیورسٹی کی سیمون شینل کے مطابق ’پیرا سوشل تعلقات‘ بعض اوقات غیر صحت مند بھی ہو سکتے ہیں، کیونکہ لوگ اتنے جذباتی طور پر جڑ جاتے ہیں کہ وہ ان شخصیات کو قابلِ اعتماد دوست سمجھنے لگتے ہیں، جبکہ حقیقت میں یہ تعلق مکمل یک طرفہ ہوتا ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق اس لفظ کے استعمال میں امسال زبردست اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر اس وقت سے جب لوگوں اور اے آئی چیٹ بوٹس کے درمیان بننے والے تعلقات پر خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کیمبرج ڈکشنری کے لغت نویس کولن میکنٹوشنے کہا کہ یہ لفظ۲۰۲۵ءکی اساس کو بیان کرتا ہےاور دکھاتا ہے کہ زبان کس طرح بدلتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ’’جو لفظ کبھی صرف ماہرین کا اکیڈمک ٹرم تھا، وہ اب عام استعمال کا حصہ بن گیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK