کیا آپ کو نئے نئے زیورات خریدنے کا شوق ہے اور مصروفیت کی وجہ سے بازار جا کر خریداری کرنا ممکن نہیں ہو پاتا؟
EPAPER
Updated: May 06, 2026, 2:59 PM IST | Mumbai
کیا آپ کو نئے نئے زیورات خریدنے کا شوق ہے اور مصروفیت کی وجہ سے بازار جا کر خریداری کرنا ممکن نہیں ہو پاتا؟
کیا آپ کو نئے نئے زیورات خریدنے کا شوق ہے اور مصروفیت کی وجہ سے بازار جا کر خریداری کرنا ممکن نہیں ہو پاتا؟ کیا آپ سونا، چاندی، ہیرا یا پلاٹینم جیسے مہنگے زیورات آن لائن خریدنے سے گھبراتی ہیں؟ زیورات کی آن لائن خریداری صحیح طریقے سے کیسے کی جائے؟ اس بارے میں آئندہ سطور میں رہنمائی کی گئی ہے۔
ایک ملازمت پیشہ خاتون نے ایک بار وقت کی کمی کےسبب زیورات کی آن لائن خریداری کی اور اب وہ زیورات خریدنے کے لئے کبھی بازار کے چکر نہیں لگاتیں۔ ماہرین کے مطابق پچھلے کچھ عرصے سے خواتین میں زیورات کی آن لائن شاپنگ کی مقبولیت بڑھی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آن لائن شاپنگ میں انہیں ایک ہی جگہ بہت سے برانڈز کے مختلف ڈیزائن اور رنگوں کے بہترین زیورات مل جاتے ہیں۔ مستند ویب سائٹس صحیح پروڈکٹ ہی فراہم کرتی ہیں، اسی لئے آج کل خواتین گھر بیٹھے آن لائن شاپنگ کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شادی سامانِ راحت ہو گی اگر اس کی ضرورت و افادیت کو سمجھ لیا جائے!
آن لائن زیورات خریدنا مختلف دکانوں کے چکر لگانے سے بہتر ہے کیونکہ تقریباً تمام ویب سائٹس زیورات کے ڈسپلے کے ساتھ ان میں استعمال ہونے والے میٹل،اسٹون اور وزن کی مکمل معلومات فراہم کرتی ہیں۔چونکہ زیادہ تر آن لائن اسٹورز کو دکان کا کرایہ اور دیکھ بھال کے اخراجات برداشت نہیں کرنے پڑتے، اس لئے وہ مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ مناسب قیمت پر زیورات پیش کرتے ہیں۔آپ مختلف ویب سائٹس پر موجود ڈیزائن اور قیمتوں کا موازنہ کر کے اپنے لئے بہترین زیورات کا انتخاب کر سکتی ہیں۔
احتیاط ضروری ہے
جب بھی آپ آن لائن زیورات خریدیں سب سے پہلے اس کا بی ایس ای سرٹیفیکیشن یعنی ہال مارک کی تصدیق ضرور کریں۔
یہ ضرور چیک کریں کہ ویب سائٹ مستند ہے یا غیرمستند۔ غیر مستند ویب سائٹس عموماً کم قیمت اور دلکش آفرز کے ذریعے صارفین کو لبھانے کی کوشش کرتی ہیں۔ ویب سائٹ کے ہوم پیج پر موجود ایس ایس ایل سرٹیفیکیشن سے اس کے مستند ہونے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس ویب سائٹ پر ایس ایس ایل سرٹیفکیٹ نہ ہو، وہ قابلِ اعتبار نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھئے: نجی و خانگی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کا چکر، نیا بوجھ ہے
ادائیگی کرتے وقت او ٹی پی ضرورجنریٹ کریں۔ یہ سب سے محفوظ طریقہ ہے۔
خریداری سے پہلے یہ بھی دیکھ لیں کہ وارنٹی مینوفیکچرر دے رہا ہے یا سیلر۔ ہمیشہ ایسی ویب سائٹ سے خریداری کریں جہاں مینوفیکچرر وارنٹی دی گئی ہو۔اسی طرح اچھی ویب سائٹس پر کسٹمر کیئر نمبر دیا ہوتا ہے، اس لئے کسی بھی شک کی صورت میں ان سے رابطہ کریں اور اطمینان کے بعد ہی خریداری کریں۔خریداری سے پہلے ریفنڈ اور ایکسچینج پالیسی ضرور پڑھیں۔ کچھ ویب سائٹس ۳۰؍ دن کے اندر سامان واپس یا تبدیل کرنے پر مکمل رقم واپس کرنے کی گارنٹی دیتی ہیں۔