مختلف کریمیں اور لوشنز وغیرہ آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار بنانے میں مددگار تو ثابت ہوتے ہیں لیکن اس کی اندرونی صحت اور خوبصورتی کا دار و مدار آپ کی متوازن غذا پر ہے لہٰذا غذا میں وٹامنس، منرلس اور پروٹین وغیرہ مناسب مقدار میں شامل کریں۔
EPAPER
Updated: May 21, 2026, 2:59 PM IST | Mumbai
مختلف کریمیں اور لوشنز وغیرہ آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار بنانے میں مددگار تو ثابت ہوتے ہیں لیکن اس کی اندرونی صحت اور خوبصورتی کا دار و مدار آپ کی متوازن غذا پر ہے لہٰذا غذا میں وٹامنس، منرلس اور پروٹین وغیرہ مناسب مقدار میں شامل کریں۔
جلد کی خوبصورتی کا راز اچھی اور متناسب غذا میں پوشیدہ ہے۔ مختلف کریمیں اور لوشنز وغیرہ آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار بنانے میں مددگار تو ثابت ہوتے ہیں لیکن اس کی اندرونی صحت اور خوبصورتی کا دار و مدار آپ کی متوازن غذا پر ہے لہٰذا آپ کی غذا میں وٹامنس، منرلس اور پروٹین وغیرہ کا مناسب مقدار میں شامل ہونا انتہائی ضروری ہے۔ فیشیل اور مساج جلد کی ٹوننگ کیلئے اچھے ثابت ہوتے ہیں لیکن بار بار بیوٹی پارلر کے چکر لگانے کے باوجود آپ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں اور آپ کی جلد بدستور بے رونق اور چکنی نظر آئے تو سمجھ لیں کہ آپ کی غذا میں چکنائی کی مقدار زیادہ ہے اور اب اس میں کمی کرنے کا وقت آگیا ہے۔
جوں ہی آپ اس پر عمل پیرا ہوں گی، آپ کی جلد خوبصورت اور چمکدار ہوجائے گی۔ اگر آپ کی جلد خشک اور کھردری ہے تب آپ کو زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسی غذا لیں جس میں اومیگا تھری کی مناسب مقدار ہو۔
ذیل میں جلد کے اعتبار سے آپ کی رہنمائی کیلئے، کھانے پینے کے بارے میں کچھ ایسے مشورے دیئے جارہے ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ کی جلد خوبصورت ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: گرمیوں میں بہتر صحت کے لئے پانچ بہترین عادتیں
خشک جلد :
اگر آپ کی جلد بے حد خشک، بے رونق اور کھردری ہے اور چہرے پر بال بھی ہیں تو بہت ممکن ہے کہ آپ تھائی رائیڈ کی بے قاعدگی کا شکار ہیں۔ اس صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کریں اور ان کی تجویز کردہ دواؤں کے ساتھ ساتھ ایسی غذائیں لیں جو اس مسئلہ کی روک تھام میں آپ کیلئے مددگار ثابت ہوں۔ ہرے پتوں والی سبزیاں جیسے کہ پالک کا استعمال زیادہ کریں اور اومیگا تھری آئیل جسے عرف عام میں مچھلی کا تیل کہا جاتا ہے، استعمال کریں۔
چکنی جلد :
زیادہ چکنائی والی غذاؤں اور جنک فوڈ سے مکمل اجتناب برتیں جیسے کہ آلو چپس، پزا اور برگر وغیرہ۔ اس کے علاوہ میٹھی چیزوں سے بھی ہاتھ کھینچ لیں۔ مثلاً کیک، پیسٹریز اور بسکٹ وغیرہ، گھی، تیل اور مکھن کے بجائے زیتون کا تیل اپنے کھانوں میں استعمال کریں۔
خارش زدہ جلد :
یہ مسئلہ وٹامن کی کمی کے باعث ہوسکتا ہے لہٰذا ایسی غذائیں استعمال کریں جن میں وٹامن بی پایا جاتا ہو ، مثلاً مختلف قسم کی پھلیاں، مچھلی اور انڈے وغیرہ، کبھی کبھی خارش کا تعلق دوران خون کی خرابی سے ہوتا ہے اور وٹامن بی اس صورت میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بچوں کو مطمئن، پُرسکون اور بااعتماد بنانے کی ضرورت
دانوں اور مہاسوں والی جلد:
اگر آپ کے دانوں اورکیل مہاسو ں کے باعث زیادہ چکنی جلد ہے تب آپ زیادہ چکنائی والے کھانوں میں کمی کرکے اس مسئلہ پر قابو پاسکتی ہیں۔ کاجو، مونگ پھلی، اخروٹ، بغیر چھنے آٹے کی روٹی اور تازہ مچھلی کا استعمال ایکنی والی جلد کو نہ صرف اضافی غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ اس سے دانوں اور بلیک ہیڈز میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ وٹامن ای کا استعمال بھی اس صورت میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ خواہ آپ اسے غذا کی صورت میں لیں یا بطور فوڈ سپلیمنٹ استعمال کریں۔