Inquilab Logo

اس مبارک مہینے میں اپنے لئے اور اپنوں کیلئے کثرت سے دعائیں کیجئے

Updated: April 03, 2024, 12:11 PM IST | Sabiha Khan | Mumbai

آخری عشرہ ہے،لیلۃ القدر کی تلاش اور اعتکاف کے اہتمام کا وقت ہے، مانگو اپنے رب سے، کیونکہ اللہ کی قدرت ا ور نعمت تو لامحدود ہے۔

Respite is short, pray to Allah. Photo: INN
مہلت کم ہے، اللہ سے گڑ گڑا کر دعا مانگئے۔ تصویر : آئی این این

رمضان میں ہر مسلمان کثرت سے دعا مانگتا ہے۔ اللہ کی رحمت و نعمتوں کے خزانے کون حاصل نہ کرنا چاہے گا؟ہم پریشانیوں کا حل، دنیا کی آسائش، نوکری اور کاروبار میں ترقی، شادی، اولاد نیز اورحج عمرہ کی سعادت، بیماریوں سے تحفظ، جلد شفا اور مخلوق کی محتاجی سے بچنے، ایمان پر خاتمے اور جنت البقیع میں تدفین کی دعائیں مانگتےہیں۔ کم و بیش ہم سب کی زبان پر یہی دعائیں   ہوتی ہیں۔ اللہ سب کی دعائیں قبول کرے آمین۔ 
ابھی رمضان کا آخری عشرہ ہے۔ لیلۃ القدر کی تلاش اور اعتکاف کے اہتمام کا وقت ہے۔ یہ بہت اچھا وقت ہے، مانگو اپنے رب سے، کیونکہ اللہ کی قدرت اور نعمت تو لامحدود ہے۔ ہم اپنی محدود سوچ سے مانگتے ہیں۔ 
 اگر آپ ماں ہیں تواپنی اولاد کیلئے علم میں کمال، صحت اور اس کےتابناک مستقبل کی دعا ضرور کرتی ہوں گی۔ ان کیلئے کسب حلال کی سعی، میانہ روی، سمجھداری، معاملہ فہمی، فرمانبرداری اور ایمان پر استقامت اور دین پر چلنے کیلئے دعا بھی کریں۔ 
زخواتین کی زندگی آسان نہیں ہے۔ آئیے ہم اپنے رب سے اسے آسان بنانے کی دعاکریں۔ یا اللہ ہمیں صحت عطا کر۔ یا اللہ ہمیں ایسا شعور دے کہ ہم اپنی اولاد کی پرورش کا حق ادا کر سکیں۔ یا اللہ ہمیں منفی سوچ اوردوسروں کے تعلق سے بد گمانی، منفی قیاس اوررجحان رکھنے سے باز رکھ۔ یا اللہ ہمیں توفیق عطا کر کہ ہم اپنے گھر والوں کی اور اپنی آخرت کی فکر پہلے کریں، بعد میں کسی اور کی۔ 
میرے پر وردگارساری دینی بہنوں کو عزت والی زندگی اور عزت والی موت عطا کرنا۔ زندگی میں بھی ہمارا پردہ رکھ۔ موت کے وقت بھی حرمت اور وقار سے دفن ہوں۔ یا اللہ ماؤں کا اپنی اولاد کے سلسلے میں بڑا کڑا حساب ہے، اس کی جواب دہی کا احساس شعور اور تیاری کی توفیق دے۔ 
یا اللہ تو رحیم ہے ہمیں ایسی بصارت عطا کر کہ ہر لمحہ تیری رحمت کو دیکھا کریں۔ تو کریم ہے تیرے کرم خاص کو ہر بار محسوس کریں۔ 
یا اللہ جو تو نے عطا کیا، اس کا شکر ادا کرنے والا بنا اور جو تو نے عطا نہیں کیا، وہ کیوں عطا نہ کیا، اس کی خیر تلاش کرنے والا بنا۔ 
یا اللہ جو آزمائشیں اور پریشانیاں ہم پر آتی ہیں ان میں چھپی حکمت کو پہچاننے والا بنا۔ 
زندگی گناہوں، غلطیوں اور کمیوں سے بھری پڑی ہے۔ یا اللہ ہمیں توبہ کی توفیق عطا فرما۔ 
یا اللہ ہمیں اچھی ماں، اچھی بیٹی، اچھی ساس اوراچھی بہو بننے کی توفیق دے تاکہ گھر وں میں سکون قائم ہو سکے، بڑا بے سکونی کا دور ہے ہر گھر میں فساد ہے یا اللہ تمام دینی بہنوں کو گھروں کا سکون عطا کر۔ 
بازاروں کی کثرت آرائش وزیبائش کی تمناؤں کو ہوا دیتی ہے، اپنی رقم اور اثاثوں کو ہم آخرت کیلئے خرچ کریں ہمیں ایسا بنا۔ 
یا اللہ ہمیں غربت میں قرینہ والی زندگی جینے کی سمجھ عطا کراور اگر دولت عطا کر تو اس دولت کے ساتھ سلیقہ سے جینے والا بنا۔ دلوں کو بغض، انا، خود غرضی، رعونت، گھمنڈ اورنفرت سے بچا۔ 
ہمیں نرم گفتاری اپنانے والا بنا۔ 
سادہ زندگی جینے والا بنا۔ 
تیری بنائی ہوئی اس دنیا میں پانی، ہوا، جنگل اورزمین سب کچھ ہم اپنی لا پروائیوں سے آلودہ کر رہے ہیں ہمیں اس دنیا کو آلودہ کرنے سے بچا۔ 
معزورں، محتاجوں، کمزوروں اور غریبوں پر رحم ا ور ان کے ساتھ حسن سلوک کی توفیق دے۔ 
کمیوں پر ملال اور نوازشوں پر غرور سے بچا۔ 
ماضی کے دکھوں میں ڈوبنے سے بچا۔ 
مستقبل کی فکر میں گھلنے سے بچا۔ 
روز محشر حساب کتاب کو ہم پر آسان فرما۔ 
یا اللہ ہمیں جنت میں تو اپنے دیدار کا فیض عطا فرما۔ آمین 
پیاری بہنو!اس دنیا میں انسان کسی کو کچھ بھی دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔ اللہ نے انسان کے اختیار میں محض دو چیزیں دی ہیں۔ ایک ہم کسی کو اپنا وقت دے سکتے ہیں۔ دوسرے ہم کسی کو دعا ئیں دے سکتے، لہٰذا اپنےلئے اور اپنوں کیلئے اس مبارک مہینے میں کثرت سے دعائیں کیجئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK