Inquilab Logo

خود اعتمادی کامیابی و ترقی کی ضامن ہوتی ہے

Updated: November 30, 2022, 1:34 PM IST | Rehana Qadri | Mumbai

خواتین کیلئے خود اعتمادی ازحد ضروری ہے کیونکہ انہیں بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں۔ والدین کی ذمہ داری، شادی کے بعد شوہر، بچے، ساس اور سسر کی ذمے داری وغیرہ۔ اگر اُن میں خود اعتمادی کی کمی ہو تو وہ اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھا نہیں سکتیں۔ خود اعتمادی خواتین کی زندگی میں مشعل راہ ہوتی ہے

Every person has some special skill and quality, only our identity separates us from others.Picture:INN
ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خاص مہارت اور خوبی ہوتی ہے صرف ہماری پہچان ہی ہمیں دوسروں سے الگ کرتی ہے۔ تصویر :آئی این این

اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوقات میں انسان کو اشرف المخلوقات کا بلند اور اولین درجہ عطا کیا۔ انسان میں منفی سوچ، فکریں، تناؤ، خوف، مایوسی، کمزوری، اضطراب، شک و شبہات پایا جائے وہ انسان دُنیا میں کبھی ترقی نہیں کرسکتا، اس کی خود اعتمادی کمزور اور ماند پڑ جاتی ہے۔ خواتین کے لئے خود اعتمادی ازحد ضروری ہے کیونکہ انہیں بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں۔ والدین کی ذمہ داری، شادی کے بعد شوہر، بچے، ساس اور سسر کی ذمے داری۔ اگر اُن میں خود اعتمادی کی کمی ہو تو وہ اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھا نہیں سکتیں۔ خود اعتمادی خواتین کی زندگی میں مشعل راہ ہوتی ہے اور ان کی زندگی میں بہترین کردار ادا کرتی ہے اور مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ان میں حوصلہ، ہمت اور طاقت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ خود اعتمادی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ انسان خود اعتمادی کی وجہ سے ہی زندگی میں ہمیشہ کامیاب و کامران ہوتا ہے۔ خود اعتمادی کامیابی اور ترقی کی اصل بنیاد ہے۔ وہ انسان کے اندر چھپی ہوتی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ اُسے بلا خوف و خطر اُجاگر کیا جائے۔ خود اعتمادی کی بدولت انسان کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی آزادی ہوتی ہے۔ انسان کی طاقت اور ہمت کو بڑھاتی ہے۔ اُن چیزوں کو کرنے کی ہمت اور حوصلہ بڑھاتی ہے جو آپ کو نااُمید کرسکتے ہیں۔ اعتماد کے بغیر ہنر اور مہارتیں بیکار ہو جاتی ہیں اور کئی بار ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پُراعتمادشخص کسی بھی میدان اور معاشرے میں سر اٹھا کر جی سکتاہے اور اپنی ایک الگ پہچان بنا سکتا ہے۔ اپنی کریئر کی ترقی اور کامیابی کے لئے انسان کا پُراعتماد ہونا بہت ضروری ہے۔ خود اعتمادی وہ جذبہ ہے جو آپ کو خود پر بھروسہ کرنے کے قابل بناتی ہے جس سے آپ کا دل خوش اور مطمئن رہتا ہے۔ خود اعتمادی زندگی کے انداز کو بہتر اور مضبوط بناتی ہے۔ پُر اعتماد انسان ہر چیز کی مشق کرسکتا ہے۔ ٹریننگ لے سکتا ہے اور اپنی معلومات میں اضافہ کرسکتا ہے۔ اگر برا وقت آجائے تو اعتماد ہی ہمارے حالات درست کرسکتا ہے۔ زندگی میں کامیابی کے لئے خود اعتمادی اتنی ہی ضروری ہے جتنا انسان کے جینے کے لئے ’’آکسیجن‘‘۔ بغیر اعتماد کے انسان کامیابی کی ڈگر پر قدم نہیں رکھ سکتا۔ اعتماد وہ ہتھیار ہے جو کامیابی کی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹیں، مشکلیں، تکالیف اور پریشانیوں سے مقابلہ کرنے کے لئے انسان کو ہمت و حوصلہ رہتا ہے۔ خود اعتمادی بڑھانے کے لئے برے خیالات سے دور رہیں۔ حوصلہ بڑھانے والوں اور پُراعتماد لوگوں کے ساتھ اٹھیں بیٹھیں۔ غلطیاں کرنے سے نہ ڈریں بلکہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کریں کیونکہ غلطیوں ہی سے انسان اپنی خامیوں اور برائیوں کو دور کرسکتا ہے اور اچھائیوں کو اپناتا ہے۔ کام کرتے وقت تسلسل کو برقرار کھیں۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو کسی وجہ سے اپنا اعتماد کھو دیتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو کوئی کام کسی کے سامنے پیش کرنے سے ڈر محسوس ہوتا ہے۔ کوئی اسٹیج پر جانے سے ڈرتا ہے تو کوئی تقریر کرنے سے ڈرتا ہے۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں ان کا دل کچھ کام کرنے کو چاہتا ضرور ہے لیکن وہ اس خوف سے نہیں کرتے ہیں کہ اگر مَیں ناکام ہو جاؤں تو لوگ کیا کہیں گے۔ یہی ڈر اُن کو آگے نہیں بڑھنے دیتا یہی اعتماد کی کمی ہے۔ اس لئے ایسے کام کریں جن سے آپ ڈر کر دور بھاگتے ہوں۔
 ہمیں کبھی کسی سے مقابلہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ہر شخص کی اپنی الگ پہچان و خصوصیات ہوتی ہیں۔ اگر آپ ان لوگوں کی طرح بننا چاہتے ہوں جو آپ کی نظر میں آپ سے بہتر اور کامیاب ہیں یہ آپ کی خود اعتمادی کو بالکل ’’زیرو‘‘ کر دیتا ہے۔ اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ ہر شخص کے حالات مختلف ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے اس شخص کو آپ سے بہتر حالات اور مواقع ملے ہوں اور وہ کامیاب ہوا ہو۔ کسی دوسرے کی کامیابی دیکھ کر اُن سے اپنا مقابلہ نہ کریں بلکہ اپنی کوشش اور طاقت کو اپنا ہتھیار بنائیں اور اپنے نصب العین کو طے کرکے اُسے پورا کرنے اور حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ کسی تقریب یا میٹنگ میں جاتے ہیں تو اپنے لباس پر دھیان دیں۔ ایسے لباس کا انتخاب کریں جس میں آپ آرام دہ محسوس کریں اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اپنا کام صحیح وقت پر انجام دیں۔ اپنے دن بھر کے کاموں کی منصوبہ بندی کریں۔ صبح ہی سے ان کاموں کو پورا کرنے کے لئے کمر کس لیں اور طے شدہ وقت کے مطابق اپنا کام انجام دیں۔ اس سے آپ کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ خود کو کسی چیز میں یا کسی مہارت میں بہتر بنائیں کیونکہ آج کے دور میں ہر آدمی دوسروں سے ہٹ کر کچھ الگ کرنا چاہتا ہے۔ ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خاص مہارتیں اور خوبیاں ہوتی ہیں صرف ہماری پہچان ہی ہمیں دوسروں سے الگ کرتی ہے۔ کوئی بھی شخص کسی بھی میدان میں ماہر اور کامیاب نہیں ہوتا جب تک وہ کوئی کام یکسوئی اور صحیح ڈھنگ سے عمل نہ کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK