بارسلونا (اسپین) میں جون اب تک کی ریکارڈ تاریخ کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا۔ ۳۰؍ جون کو شہر کا درجۂ حرارت ۹ء۳۷؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔
EPAPER
Updated: July 02, 2025, 10:16 PM IST | Barcelona
بارسلونا (اسپین) میں جون اب تک کی ریکارڈ تاریخ کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا۔ ۳۰؍ جون کو شہر کا درجۂ حرارت ۹ء۳۷؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔
اسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارسلونا میں جون اب تک کا گرم ترین مہینہ رہا۔ کین فیبرا آبزرویٹری نے اوسط درجہ حرارت ۲۶؍ ڈگری سیلسیس درج کیا، جس نے ۱۹۱۴ء کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ جون کیلئے گزشتہ گرم ترین اوسط ۲۰۰۳ء میں ۶ء۲۵؍ ڈگری سیلسیس تھی۔ ویدر اسٹیشن نے کہا کہ ۳۰؍ جون کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۹ء۳۷؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ ملک کے شمال مشرقی کونے میں پہاڑیوں اور بحیرہ روم کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے بارسلونا، اسپین عام طور پر شدید گرمی سے متاثر نہیں ہوتا لیکن ملک کے بیشتر حصوں کو سال کی پہلی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
اسی طرح کی ہیٹ ویو نے فرانس اور بقیہ یورپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس موسم گرما میں پہلی بڑی گرمی کی لہر یکم جولائی سے صحت کی وارننگ کے ساتھ ہے۔ فرانس کی قومی موسمیاتی ایجنسی نے پیرس کے علاقے کو شدید متاثر کرنے والے کئی محکموں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر ایفل ٹاور کا سمٹ ۳؍ جولائی تک ملتوی کردیا گیا جبکہ بغیر ٹکٹ ایفل ٹاور آنے والے افراد سے کہا گیا کہ وہ اپنا دورہ ملتوی کر دیں۔ پیرس میں ۱۳۰۰؍ سے زیادہ اسکول جزوی یا مکمل طور پر بند ہیں۔ محکمہ نے جون میں بارشں کی کمی، درجہ حرارت میں حالیہ اضافے اور اس کے نتیجے میں خشک سالی سے متاثرہ مٹی کی وجہ سے جنگل کی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کو بھی خبردار کیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں موسم گرما آج تک ریکارڈ کئے گئے کسی بھی موسم سے زیادہ گرم ہونے کا امکان ہے۔ اے پی کی رپورٹ کے مطابق ۲۱۰۰ء تک فرانس ۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم ہو سکتا ہے، جس میں ہر سال درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری سیلسیس سے زیادہ متوقع ہے اور یہ ۵۰؍ ڈگری سیلسیس تک بھی پہنچ سکتا ہے۔