Updated: November 13, 2025, 10:04 PM IST
| Mumbai
سدھانت چترویدی نے لیجنڈری فلمساز وی شانتارام کی زندگی پر مبنی نئی بائیوپک سائن کر لی ہے۔ فلم کا نام ’’چترپتی وی شانتارام‘‘ ہے اور اس میں شانتارام کی فلمی کامیابیوں، جدتوں اور زندگی کے ڈرامائی پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ پروجیکٹ سدھانت کے کریئر کا سب سے بڑا کردار قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم اس وقت پری پروڈکشن میں ہے۔
سدھانت چترویدی۔ تصویر: آئی این این
سدھانت چترویدی، جو ’’گلی بوائے‘‘ (۲۰۱۹ء) میں اپنی شاندار اداکاری کے بعد تیزی سے بالی ووڈ کے ذہین اور باصلاحیت نوجوان فنکاروں میں شمار ہونے لگے، اب ایک اور اہم فلم کیلئے تیار ہیں۔ ’’دھڑک ۲‘‘ (۲۰۲۵ء) میں اپنے موثر پرفارمنس کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر ایک نئی بائیوپک سائن کر لی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق، سدھانت چترویدی جلد ہی چترپتی وی شانتارام نامی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ یہ بائیوپک ہندوستانی سنیما کے عظیم فلمساز، اداکار، مصنف اور پروڈیوسر وی شانتارام کی زندگی اور ان کے فلمی سفر پر مبنی ہے۔ وی شانتارام ہندی سنیما کے ابتدائی دور کے ان علمبردار فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے دو آنکھیں بارہ ہاتھ، جھانک جھانک پائل باجے اور ڈاکٹر کوٹنیس کی امر کہانی جیسی کلاسکس دے کر فلم انڈسٹری کی شکل بدلی۔
یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کی جیت ذاتی محسوس ہورہی ہے: رسیکا دگل اور شیفالی شاہ ، ٹرولنگ کا شکار
ذرائع نے بتایا کہ ’’یہ سدھانت کی اب تک کی سب سے بڑی اور اہم فلم ہوگی۔ وہ اپنی پچھلی پرفارمنسز سے ثابت کر چکے ہیں کہ ان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اسی وجہ سے فلم کے میکرز نے انہیں مرکزی کردار کیلئے منتخب کیا ہے۔ فلم اس وقت پری پروڈکشن میں ہے اور سدھانت کردار میں ڈھلنے کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔‘‘ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ فلم نئی نسل کو وی شانتارام کے فلمی ورثے سے روشناس کروائے گی۔ وی شانتارام، جو کولہا پور کے ایک غریب خاندان میں پیدا ہوئے، نے پونے میں بابو راؤ پینٹر کے زیرِ تربیت فلم سازی سیکھی اور اس کے بعد ایسی فلمیں بنائیں جنہوں نے ہندی سنیما میں نئی راہیں کھولیں۔ فلم میں ان کی وہ جدتیں بھی دکھائی جائیں گی جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں، مثلاً، وہ خواتین کو کاسٹ کرنے والے پہلے بڑے فلمساز تھے، فلم کی موسیقی کے حقوق فروخت کرنے والے پہلے شخص تھے،ان کی پربھات اسٹوڈیوز میں بنائی گئی فلمیں کانز میں سراہا گئیں، ۱۹۵۹ء میں ان کی فلم کو وینس میں ’گولڈ سیل‘ جیسے اعزازات ملے،اور چارلی چپلن نے بھی ان کے کام کی تعریف کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:’’جومانجی ۳‘‘ فرنچائز کی آخری فلم ہوگی: دی راک کی تصدیق
فلم میں شانتارام کی ذاتی زندگی، تنازعات اور ممبئی کے اشرافیہ فلم سازوں سے ان کی کشیدگی بھی ڈرامائی انداز میں پیش کی جائے گی، جس سے بائیوپک نہ صرف معلوماتی بلکہ انتہائی دلکش اور تفریحی بھی ہو گی۔ واضح رہے کہ سدھانت چترویدی کو آخری بار ’’دھڑک ۲‘‘ میں ترپتی ڈمری کے ساتھ دیکھا گیا، جسے کرن جوہر نے پروڈیوس کیا تھا۔