انڈیا اتحاد کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وزیراعلیٰ وجے اور سابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کی شرکت ، سونیا نے واضح کیا کہ کتاب کا مقصد ’’غیر حقیقی‘‘کہانیوں کا جواب دیناہے۔
سونیا گاندھی اپنی کتاب کی تقریب اجراء میں اکھلیش یادو سے گفتگو کرتے ہوئے- تصویر:پی ٹی آئی
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے پیر کو نئی دہلی میں اپنی یادداشتوں پر مبنی خود نوشت سوانح’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کا باضابطہ اجراءکیا۔ اس موقع پر انہوں نے کتاب کے عنوان کے پس منظر اور اٹلی سے ہندوستان آنے کے بعد یہاں کے معاشرے میں اپنی جگہ بنانے اور قبولیت حاصل کرنے کی جدوجہد کو تفصیل سےبیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کی تحریر کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان کے خاندان کے بارے میں پھیلائی جانے والی ’غیر حقیقی‘ کہانیوں کا جواب دیا جا سکے اور وہ خود اپنی زندگی اور اپنے خاندان کے بارے میں حقائق پیش کر سکیں۔
آئی ٹی سی موریا میںسونیا گاندھی کی کتاب شائع کرنے والے ہارپر کولنس کے ذریعہ رسم اجراء کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی ساس، شوہر، بیٹے، بیٹی اور خود ان کے بارے میں کئی کہانیاں اور جھوٹ گڑھے گئے جن کا ان کی اصل زندگی سے بہت کم تعلق ہے۔ اس تقریب میں راہل گاندھی اورپرینکاگاندھی کے علاوہ کانگریس کے صدر ملکا رجن کھرگے، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو اور سابق نائب صدر حامد انصاری نے شرکت کی۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جےپی لیڈر امریندر سنگھ بھی شرکاء میں شامل تھے۔ ان کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، کانگریس لیڈر چدمبرم اور ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی بھی تقریب میں موجود تھے۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ تکلیف دہ اور جھوٹے بیانات نے انہیں اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ اپنے تجربات اور اپنے خاندان کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ کو قلمبند کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قارئین کہانی کا ان کا پہلو بھی جاننے میں دلچسپی لیں گے۔سونیا نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس کتاب پر ملنے والی محبت اور ردعمل، ناقدین کی جانب سے ملنے والے تبصروں پر بے حد خوشی اور جذباتی لگاؤمحسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کچھ تبصرے مخلصانہ تھے، وہیں کچھ’انتہائی تلخ اور ناگوار‘ بھی تھے۔