Updated: June 17, 2026, 2:53 PM IST
| Mumbai
آج کل باورچی خانہ میں پلاسٹک کا استعمال حیران کن حد تک بڑھ گیا ہے۔ فوڈ پیکیجنگ، برتن، اسٹوریج کنٹینرز وغیرہ پلاسٹک کے ہی ہوتے ہیں۔
واشننگ۔ تصویر:آئی این این
آج کل باورچی خانہ میں پلاسٹک کا استعمال حیران کن حد تک بڑھ گیا ہے۔ فوڈ پیکیجنگ، برتن، اسٹوریج کنٹینرز وغیرہ پلاسٹک کے ہی ہوتے ہیں، اور ان میں مائیکروپلاسٹکس شامل ہو کر ہمارے جسم میں بھی داخل ہوسکتے ہیں۔ مائیکروپلاسٹکس صرف ایک رجحان نہیں ہیں بلکہ صحت اور ماحول کے لئے بڑھتا ہوا مسئلہ ہیں۔ نیشنل جیوگرافک کے مطابق، مائیکروپلاسٹکس وہ چھوٹے پلاسٹک کے ذرات ہیں جو تجارتی مصنوعات کی تیاری اور بڑے پلاسٹک کے ٹکڑوں کے ٹوٹنے سے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ آلودگی ماحولیاتی نظام اور جانوروں کی صحت کے لئے خطرہ بنتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق، جانوروں اور خلیات پر کئے گئے مطالعوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مائیکروپلاسٹکس کئی حیاتیاتی تبدیلیوں کا سبب بن سکتے ہیں، جن میں سوزش، مدافعتی نظام کا کمزور ہونا، ٹشوز کی خرابی، میٹابولک فنکشن میں تبدیلی اور خلیات کو نقصان شامل ہیں۔ یہ اثرات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ مائیکروپلاسٹکس انسانوں کے لئے بھی نقصاندہ ہو سکتے ہیں، اس لئے روزمرہ کی زندگی میں پلاسٹک کے اثرات کو کم کرنا بہت ضروری ہے۔ یہاں باورچی خانہ میں پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے لئے چند اقدامات بتائے جا رہے ہیں:
اسٹین لیس اسٹیل کے کنٹینرز کا استعمال
اگر آپ اپنے مسالے، آٹے یا دیگر کھانے کی اشیاء کو پلاسٹک کے کنٹینرز میں رکھتے ہیں، تو انہیں گلاس یا اسٹین لیس اسٹیل کے کنٹینرز سے تبدیل کریں۔ یہ زیادہ پائیدار اور ماحول دوست ہیں اور آپ کی صحت کے لئے بھی بہتر ہیں۔ اس سے نہ صرف آپ کے کچن کی سجاوٹ بہتر ہوگی بلکہ آپ کا کھانا بھی محفوظ رہے گا۔
سیلیکون کے ڈھکن اور موم کے ریپ بہترین متبادل
پلاسٹک کے وَن ٹائم یوز ریپ کی جگہ موم کے ریپ یا سیلیکون کے ڈھکن استعمال کریں۔ یہ آپ کی خوراک کو بہتر طریقے سے ڈھانپتے ہیں اور بار بار استعمال کے قابل ہوتے ہیں، جس سے پلاسٹک کا کچرا کم ہوتا ہے۔
خریداری کے لئے کپڑے کی تھیلی کا استعمال
جب آپ خریداری کرنے جائیں، تو ہمیشہ اپنے ساتھ کپڑے کی تھیلی لے کر جائیں تاکہ پلاسٹک کے بیگ سے بچا جا سکے۔ اس سے نہ صرف آپ کے کچن میں پلاسٹک کم ہوگا بلکہ آپ ماحول کی حفاظت میں بھی مدد کریں گے۔اِن اقدامات سے بڑی تبدیلی آئیں گی۔