Inquilab Logo

دوسروں سے کم توقعات وابستہ کرنا خوش رہنے کا بہترین طریقہ ہے

Updated: November 29, 2022, 1:30 PM IST | Dr. Sherman Ansari | Mumbai

بہت زیادہ توقع کرنا اور اپنے آپ کو اپنی امیدوں اور مفروضوں پر حکمرانی کرنے کی اجازت دینا یا خوشی محسوس کرنے کا ایک یقینی طریقہ ہے۔ یہ توقعات آپ کی صحت اور تندرستی کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس لئے اپنے آپ سے اور دوسروں سے کم توقعات وابستہ کرنا ایک پُرامن زندگی گزارنے کے لئے ضروری عمل ہے

Expectations from others lead to disappointment. It is within your power to avoid this disappointment.Picture:INN
دوسروں سے توقعات رکھنے سے مایوسی ہاتھ آتی ہے، اس مایوسی سے بچنا آپ کے اختیار میں ہے۔ تصویر :آئی این این

زندگی میں درد اس وقت آتا ہے جب ہماری حقیقت، ہماری توقعات سے میل نہیں کھاتی۔ ہم میں سے اکثر خواتین کی توقعات لامحدود ہوتی ہیں۔ ہم میں سے اکثر خواتین ایک خاص عمر تک زندگی میں کچھ سنگ میل حاصل کرنے کی توقع کرتی ہیں۔ اکثر خواتین شادی شدہ ہوکر خاندان بنانے، کریئر کی سیڑھی چڑھنے یا مقررہ وقت کے اندر مخصوص طریقے سے چوٹی سر کرنے کی توقع رکھتی ہیں۔ خواتین دوسروں سے ہر بات قابل احترام اور قابل اعتماد ہونے کی توقع کرتی ہیں۔ رشتے داروں اور عزیزوں سے ان کی توقعات ہوتی ہیں کہ وہ ہمیشہ ان کے ہمدرد، خیرخواہ اور پوچھنے والے ہوں گے۔ ایسی کئی توقعات ہیں جو ہم سبھی کرتے ہیں اور جب زندگی ہماری توقعات کے مطابق نہیں گزرتی تو ہم تکلیف اور درد محسوس کرتے ہیں اور مایوس ہوجاتے ہیں اوراپنی مایوسی کیلئے ہم اپنے حالات، خود کو اور دوسروں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔  اپنے آپ سے اور دوسروں کے ساتھ اپنی توقعات کو کم کرنا آپ کو زندگی بھر کی خوشی اور ذہنی سکون دے سکتا ہے۔ یہ ٹھوس حقیقت ہے کہ غیر حقیقی توقعات ہمارے تعلقات، کریئر، خوشی اور زندگی کے لئے زہر ہیں۔ کسی دوسرے سے یا اپنے آپ سے بہت زیادہ توقعات رکھنا، بہت ساری خواتین کے ناخوش ہونے کی وجہ ہے، کیونکہ ہم سوچتے ہیں کہ دوسرے ہمارے ساتھ اچھاسلوک کریں گے اور ہماری توقعات پوری کریں گے اور جب وہ ہماری توقعات پر پورانہیں اترتے تو ہم ناخوش ہو جاتے ہیں، کیونکہ ہم بحیثیت انسان ہمیشہ نتائج کی توقع کرتے ہیں اور جب وہ توقعات پوری نہیں ہوتیں توہم پریشان ہوجاتے ہیں۔  اگر خواتین زندگی میں خوش رہنا چاہتی ہیں تو انہیں بغیر کسی توقع کے زندگی گزارنی چاہئے۔ یہاں آپ کی مددکے لئے چند تجاویز بتائی جارہی ہیں جن کے ساتھ آپ اپنی توقعات کو کم کرنا سیکھ سکتی ہیں: 
اچھائی کا بدلہ اچھائی ہی سے ملتا ہے
 اگر آپ دوسروں کی مدد کسی چیز کی توقع کے بغیر محض خیرکی نیت سے کرتے ہیں تو آپ بہت زیادہ سکون اور اطمینان محسوس کریں گی۔ اور آپ مایوس نہیں ہوںگی اور نہ دوسروں کے ساتھ نااتفاقی ہوگی۔ جب آپ دوسروں کے لئے کچھ مددکریں یا دوسروں کے کام آئیں تو شکر ادا کریں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس قابل بنایا کہ آپ دوسروں کی مدد کرسکے۔ اس میں لطف محسوس کریں اور اس کے بدلے دوسروں سے ہرگز صلے کی تمنا نہیں رکھیں کہ دوسرے ہماری اچھائی کا بدلہ ہمیں دیں گے۔ امید محض اللہ تعالیٰ کی ذات سے رکھنا ہے کہ وہ خدائے برتر محض ہماری توقعات کو پورا کرسکتا ہے۔ 
آپ نتائج کو کنٹرول نہیں کرسکتے
 آپ صرف کام کرسکتے ہیں، نتائج آپ کے کنٹرول سے باہر ہوتے ہیں۔ اپنے آپ کو خوش کرنے اور مایوسی کو کم کرنے کے لئے اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز کریں۔ عمل سے لطف اندوز ہوں اور توقعات کو کم سے کم رکھیں، پھرجو کچھ بھی آپ کو ملتا ہے وہ آپ کا ’’بونس‘‘ ہے۔ جب آپ زیادہ امیدیں نہیں رکھتیں اور اپنی کوششوں سے شاندار نتائج حاصل کرتی ہیں اور ہر طرف سے تعریفیں پاتی ہیں تو آپ بے پناہ خوشی محسوس کرتی ہیں۔ 
آپ کی توقعات آپ کے مفروضے ہیں
 جب آپ کسی شخص سے یاکسی چیز سے بہت زیادہ توقعات رکھتی ہیں تو آپ کو معلوم ہوناچاہئے کہ آپ چیزوں کو محض فرض کررہی ہیں، انہیں درست مان رہی ہیں اور ان پر بھروسہ کررہی ہیں کہ وہ آپ کی توقعات کے مطابق ہوں گے۔ آپ سوچتی ہیں کہ لوگ آپ کی مرضی کے مطابق برتاؤ کریں گے یا آپ کی جو ذاتی توقعات ہیں کہ آپ کی کارکردگی ایک خاص سطح پر پہنچے گی، ان سب کی کو ئی گارنٹی نہیں کہ آپ کیا چاہتی ہیں۔ فرض کریں گی یا توقع کریں گی، ہوگا وہی جو ہونا لکھاہوگا۔ آپ اسے تبدیل نہیں کرسکتیں۔ جب آپ اسے ذہن میں رکھتی ہیں تو آپ کی توقعات خودبخود کم ہوجائے گی۔ 
حقیقت پسندانہ بنیں
 دوسروں سے یا اپنے آپ سے بڑی چیزوں کی توقع رکھنا آپ کی امیدیں بڑھاتا ہے، لیکن آپ کی خوشی چھین لیتا ہے۔ آپ کی توقعات اور حقیقت کے درمیان فاصلہ جتنا زیادہ ہوگا، آپ کے مایوس ہونے کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے، لہٰذا عقلمندی یہ ہے کہ اپنے آپ کو صورتحال اور دوسرے لوگوں کی ذہنی حالت اور رویے سے آگاہ رکھیں، تاکہ یہ اندازہ لگایاجاسکے کہ معاملات کیسے سامنے آئیں گے۔ اس کے علاوہ کسی مقصد کے حصول کے لئے اپنی تیاری اور محنت کا جائزہ لیں، اس سے آپ کو اپنی توقعات کو حقیقت سے ہم آہنگ کرنے اور جھٹکے، حیرت اور مایوسی سے بچنے میں یقینی طور پر مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ آپ  ایک پُرامن زندگی گزار سکیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK