Inquilab Logo

مالیگاؤں سے خوش آئند پہل،۹۰۰؍ طلبہ کا عزم : ہم بنیں گے آئی اے ایس افسر

Updated: January 12, 2023, 12:52 PM IST | Azhar Mirza | Malegaon

مقابلہ جاتی امتحانات سےمتعلق طلبہ میں بیداری کے مقصد سے مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم نے بیڑہ اٹھایا ہے جسےمالیگاؤں اور بھیونڈی کے طلباء و طالبات، اسکولوں اور سرپرستوں کی جانب سے بھرپور تعاون ملا ہے

Dr. Saeed Faizi, President of Malegaon Educational Forum Dr. Manzoor Ayubi and other guests inspecting an exam hall before the start of the paper; Photo: INN
پرچہ شروع ہونے سے قبل ڈاکٹر سعید فیضی، مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم کے صدرڈاکٹر منظور ایوبی اور دیگرمہمانان ایک امتحان ہال کا جائزہ لیتے ہوئے; تصویر:آئی این این

  قوم کے طلبہ کا مقابلہ جاتی امتحانات کے تئیں رجحان بڑھانے، جو طلبہ مقابلہ جاتی امتحانات سے گھبراتے ہیں یا انہیں اس کا علم نہیں ایسے طلبہ کو ان امتحانات کی نوعیت اور پیٹرن سے آگاہ کرانے کے مقصد سے مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم نے ’’میں بنوں گا /بنوں گی آئی اے ایس‘‘کابیڑہ اٹھایا۔قابل ذکر ہے کہ یہ مشن  مالیگاؤں تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ بھیونڈی میں بھی اس کام کی شروعات کردی گئی ہے۔ اس خوش آئند پہل کودونوں ہی شہروں کے طلبہ نے پسند کیا اور ۹۰۰؍ امیدواروں نے اس امتحان میں  شرکت کی ہے، امتحان کا نتیجہ ۲۹؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو ظاہر کیا جائے گا۔
میں بنوں گا/بنوں گی آئی اے ایس ‘‘کا نعرہ کیوں دیا گیا؟
  مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم  کے رکن اورمعلم رضوان ربانی نے بتایا کہ’’ایم پی ایس سی ،یوپی ایس سی سمیت مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کے تئیں قوم کے طلبہ میں بیداری پیدا کرنے اورانہیں ان امتحانات میں شرکت کرنے کی ترغیب دینے کے مقصد سے’’میں بنوں گا آئی اے ایس ‘‘ کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔ اس کیلئے ہم نے ابتدائی مرحلے میں نویں جماعت کے طلبہ کو اپنا ہدف بنایا، تاکہ اس جماعت کے طلبہ کی ذہن سازی ہو اور وہ مستقبل میں ان امتحانات کیلئے تیار ہوں۔ اسلئے اس امتحان کانصاب بھی نویں جماعت کی نصابی کتابوں کے لیول کا مقرر کیا گیا اور اس میں ذہنی آزمائش، کرنٹ افیئرزکو جوڑا گیا۔اس امتحان کو منعقد کرنے کا مقصدیہی ہے کہ طلبہ میں مقابلہ جاتی امتحان کے تئیں شوق اور دلچسپی بڑھائی جائے۔‘‘ 
امتحان سے قبل بیداری مہم چلائی گئی
 رضوان ربانی نے اس ضمن میں بتایا کہ’’ امتحان سے قبل مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم کی جانب سے بیداری مہم چلائی گئی اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں شہر بھر کے ہائی اسکولوں کے طلبہ کو مدعو کیا گیا اور انہیں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن اور لیکچرز کے ذریعہ یوپی ایس سی ، ایم پی ایس سی امتحان کے پرچوں کی نہج اور سوالات کی نوعیت کے متعلق سمجھایا گیا۔ ‘‘
پہلے ہی سال میں دوشہروں سے اس مشن کا آغاز
 مالیگاؤں کی سطح پرشروع ہونےو الی یہ مہم بھیونڈی کس طرح پہنچی؟ اس استفسار پر رضوان ربانی نے بتایا کہ ’’مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم کے صدر اور سٹیزن کیمپس کے چیئرمین ڈاکٹر منظور ایوبی نے اس کا ذکر بھیونڈی کی نامور شخصیت اور رئیس ہائی اسکول کے چیئرمین  یاسین مومن سے کیا۔ انہیں یہ خیال پسند آیا اورانہوں نے اپنے اسکول کے اساتذہ سے اس ضمن میں بات چیت کی۔  اس طرح  بھیونڈی کے طلبہ کیلئے  رئیس ہائی اسکول میں یہ امتحان منعقد کیا گیا۔
’’بھیونڈی کے طلبہ بھی اس سے استفادہ کریں اسلئے ہم اس مہم سے جڑگئے‘‘
 رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے معلم خورشید خان احمد خان  نے کہا کہ یہ  اچھی پہل ہے ،اس کے ذریعہ طلبہ میں مقابلہ جاتی امتحانات کے تئیں  بیداری ہوگی ۔ہمارے اپنے شہر (بھیونڈی)کے طلبہ بھی اس سے استفادہ کریں اس لئے ہم اس پہل سے جڑ گئے۔ ہم نے بھیونڈی شہر کے اسکولوں کے ہیڈماسٹرز تک اس امتحان کی معلومات پہنچائی اور الحمد للہ اچھا رسپانس ملا۔ انصاری صافیہ گرلز ہائی اسکول، رفیع الدین فقیہ ہائی ، رئیس ہائی اسکول سمیت  میونسپل  اسکولوں کے  طلبہ نے جوش و خروش دکھایا۔ مجموعی طور پرنہم جماعت کے   ۲۱۶؍امیدوار اس امتحان میں شریک ہوئے۔
امتحان کب اور کیسے منعقد ہوا؟
 ۸؍جنوری ۲۰۲۳ء کوصبح ۹؍بجے سے ۱۱؍بجے کے درمیان یہ امتحان مالیگاؤں اور بھیونڈی میں بیک وقت منعقد کیا گیا۔مالیگاؤں میں  سٹیزن کیمپس  کے امتحانی مرکز پر ۷۰۰؍ طلباء و طالبات نے یہ پرچہ دیا ۔ جبکہ بھیونڈی میں رئیس ہائی اسکول میں قائم کردہ امتحانی مرکز پر ۲۰۰؍ طلباء و طالبات شریک امتحان ہوئے۔ یہ امتحان آف لائن موڈ میںمنعقد کیا گیا۔ اردو میڈیم، سیمی انگلش اور انگلش میڈیم  کے نہم جماعت کے طلبہ کے لئے پرچے ۳؍زبانوں میں فراہم کئے گئے۔
پرچے کی نوعیت
   امیدواروں کو سوالیہ پرچے کے ساتھ جوابی پرچہ (آنسر شیٹ) دی گئی  ۔اس میں ہر سوال کے چار متبادل جوابات کے لئے مختص گول دائروں  میں ،کسی ایک کو  بال پین سے بھرنے کو کہا گیا تھا۔  پرچےمیں ۱۰۰؍سوالات  پوچھے گئے، فی سوال ایک مارکس، اس طرح مجموعی طور پر۱۰۰؍ مارکس کے پرچے کے لئے ۲؍گھنٹے کا وقت دیا گیا ۔
سوالات کی نوعیت
 سوالات   نہم جماعت کے لیول کی نصابی کتابوں سے تیار کئے گئے۔   امتحان کا نصاب انگریزی، سائنس،سوشل سائنس، میتھس، کرنٹ افیئرز اور ذہنی آزمائش  پر مبنی ہے۔
جنوری ۲۹کو نتائج کا اعلان ہوگا
 ’’میں بنوں گا آئی اے ایس‘‘ امتحان کا نتیجہ ۲۹؍ جنوری کو ظاہر کیا جائے گا اور امتیازی نمبرات سے کامیاب طلبہ کو سٹیزن کیمپس کے ایوبی ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں انعامات سے نوازا جائے گا۔
اس امتحان کی بنیاد پر مستقبل کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟
 اس تعلق سے فورم کی جانب سے بتایا گیا کہ اس امتحان میں کامیاب طلباء و طالبات کے والدین سے بات چیت کی جائے گی  اور انہیں بتایا جائے گا کہ ان کے بچے میں مقابلہ جاتی امتحان کو کامیاب کرنے کی صلاحیت اور دلچسپی ہے۔ نیز اساتذہ  سےبھی بات چیت کرکے امیدوار کے رجحان، صلاحیت،کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا ۔ چونکہ یہ امیدوار ابھی نویں جماعت میںہیں  لہٰذا مستقبل میں جب یہ مقابلہ جاتی امتحان کی پڑھائی کرنا چاہیں تو ان کی ضرورت و سہولت کے پیش نظر  مالیگاؤں ایجوکیشنل فورم کے ذریعہ سٹیزن کیمپس میں ایک ریسرچ اینڈ اسٹڈی سینٹرقائم کرنے کا منصوبہ ہے جہاں طلبہ کے لئے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری اور مطالعے کے لئے  اسٹڈی مٹیریل اور کتابیںدستیاب کرائی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK