Inquilab Logo

کیا ہے حکومت مہاراشٹر کی سی ایم فیلو شپ۲۰۲۳ء؟

Updated: February 27, 2023, 4:24 PM IST | Momin Faheem Ahmed Abdul Bari | Mumbai

گریجویٹ امیدواروں کے لئے سنہرا موقع ریاست کے ساتھ ،ریاستی ترقی کے لیے کام کریں اورحکومتی محکمے میں کام کا تجربہ حاصل کریں۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

حکومت مہاراشٹر نے ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے نوجوانوں کی شمولیت کو اہم قرار دیتے ہوئےوزیراعلیٰ فیلو شپ۲۰۲۳ء کااعلان کیا ہے۔ جس کے اہم مقاصد میں حکومت مہاراشٹرکے ساتھ کام کرنا، ریاست کی ترقی میں اپنا ہاتھ بٹانا، آئی آئی ٹی بامبے اور آئی آئی ایم ناگپور سے سرٹیفکیٹ کا حصول اور ساتھ ہی اپنی معلومات اور تجربہ میں اضافہ کرنا شامل ہیں۔ اس فیلو شپ اسکیم کے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔ 
اس فیلو شپ کے اہل کون ہیں ؟
 کسی بھی شعبہ کےگریجویٹ اس فیلو شپ کیلئے  درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے کم از کم ۶۰؍فیصد کے ساتھ گریجویشن مکمل کیا ہو۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدوار کی عمر۲۱؍ سے۲۶؍ سال کے درمیان ہونی چاہیے یعنی۳؍ مارچ۱۹۹۷ء سے ۳؍ مارچ ۲۰۰۲ء   کے درمیان پیدا ہونے والے افراد اسکے اہل ہیں۔   امیدوار کے پاس کم از کم ایک سال کا کل وقتی کام کا تجربہ ہونا چاہیے۔ پیشہ ورانہ کورس کے حصے کے طور پر کل وقتی انٹرن شپ / اپرنٹس شپ / آرٹیکل شپ کو تجربہ سمجھا جائے گا۔ کل وقتی سیلف ایمپلائمنٹ یا انٹرپرینیورشپ کو بھی تجربہ سمجھا جائے گا۔ امیدوار کو مراٹھی لکھنے، پڑھنے اور بولنے کے قابل ہونا چاہیے۔ ہندی اور انگریزی کی اچھی معلومات  اور انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کا استعمال بھی آنا چاہئے۔ 
فیلو شپ کے تحت کام کی نوعیت 
 ہر فیلو (فیلو شپ حاصل کرنے والا امیدوار) کے لیے کام کی نوعیت اس کو تفویض کئے  گئے شعبہ اور اس شعبہ کے افسران کی ضروریات کے مطابق ہوگی۔ منتخب فیلو کو ایک مخصوص اتھاریٹی کے دفتر میں مقرر کیا جائے گا۔ ان اتھارٹیز میں ڈسٹرکٹ کلکٹر، اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز، کمشنرز، حکومت میں سیکریٹریز، کارپوریشنوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز یا دیگر سینئر سرکاری افسران کے دفاتر شامل ہیں۔ فیلو شپ حاصل کرنے والے جاری پروگراموں کے نفاذ، منصوبہ بندی و اقدامات اور منصوبوں کی تکمیل، منصوبوں کی نگرانی، موجودہ حکومتی پروگراموں کا جائزہ لینے، پالیسی سازی وغیرہ میں معاونت میں شامل ہو سکتے ہیں۔ فیلو شپ یافتہ امیدوار براہ راست اعلیٰ سرکاری افسران کے ماتحت کام کریں گے، جو ان کی رہنمائی کریں گے۔ فیلو شپ یافتہ کو اپنی ماہانہ رپورٹ اپنے شعبوں کے سربراہان کے ساتھ ساتھ اقتصادیات اور شماریات کے ڈائریکٹوریٹ کو بھی پیش کرنی ہوگی۔ ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس ہرتین ماہ بعد فیلوکی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ بھی سال میں دو مرتبہ فیلو شپ یافتگان کےاسائنمنٹس کا جائزہ لیں گے۔
تقرری اور جوابدہی
 فیلو کی تقرری کا فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈا سٹیٹسٹکس کرے گا۔ فیلو شپ یافتہ امیدواروں کا تقرری میں کوئی انتخاب یا حق نہیں ہوگا۔ یہ امیدوار متعلقہ محکمہ کے چیف افسر کی رہنمائی میں کام کریں گے ان کے اس کام کو فیلڈ ورک کہا جائے گا۔  فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ، امیدوار آئی آئی ٹی  ممبئی یا آئی آئی ایم   ناگپور کی جانب سے تیار کردہ خصوصی کورس کو مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ اسٹیٹسٹکس  فیلو شپ یافتہ امیدواروں کیلئے  ان اداروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرےگا ۔ اداروں کے انتخاب میں امیدواروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ ایسے امیدوار جو فیلڈ ورک اور اکیڈمک کورس کامیابی سے مکمل کریں گے انھیں فیلوشپ  کا سرٹیفکیٹ حاصل ہوگا۔ 
مدت، تاریخ ، فیس اور انتخاب کا طریقہ کار
 فیلو شپ کی مدت ایک سال ہوگی۔درخواست کا مرحلہ۷؍ فروری ۲۰۲۳ء  سے شروع ہوچکا ہے جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ ۲؍ مارچ۲۰۲۳ء ہے اور درخواست دینے کی فیس۵۰۰؍ روپئے ہے۔ انتخاب کا عمل ۲؍ مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام درخواست دہندگان کو ایک ٹیسٹ جو معروضی نوعیت کا ہوگا اس میں شریک ہونا پڑے گا۔ پہلےمرحلے میں آن لائن ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنیوالے۲۱۰؍ درخواست گزاردوسرے مرحلے کے اہل ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں ان امیدواروں کو دئیے گئے مضامین پرتین مضامین جمع کرانا ہوں گے۔ حتمی انتخاب کیلئے  مضامین جمع کرانے والے امیدواروں کے ذاتی انٹرویو لئے  جائیں گے۔ ۶۰؍  امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔آن لائن ٹیسٹ، حتمی انتخاب ، مضامین اور انٹرویوکو ویب سائٹ پر سلیکشن پروسیس کے ٹیب کے تحت بیان کیا ہے امیدوار اس کا بغور مطالعہ کرلیں۔ 
مستقبل میں کریئر کےمواقع
 حکومت جیسے اہم اور بڑے ادارے کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت ہی نادر اور منفرد تجربہ ہوتاہے۔ فیلوشپ پروگرام مینجمنٹ، کمیونی کیشن، مسئلہ حل کرنے، وسائل کے مناسب استعمال  وغیرہ سے متعلق مہارتوں میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ تجربہ فیلوز کو مختلف تعلیمی اور کریئر کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ مستقبل میں یہ فیلو شپ یافتہ امیدوار سول سروسیز، پبلک پالیسی، پالیسی سازی، مینجمنٹ، کنسلٹنسی، سماجی شعبے میں کریئر بنا سکتے ہیں۔ 
انتخاب کیلئے آن لائن ٹیسٹ کی نوعیت
اہل امیدواروں کا انتخاب دو مرحلوں میں ہوگاپہلا مرحلہ آن لائن ٹیسٹ کا ہوگا جس میں معروضی سوالات پر مبنی کثیر متبادل والے۱۰۰؍ مارکس کے سوالات پوچھے جائیں گے۔ ۵۰؍ سوالات عام معلومات (عام معلومات، کرنٹ افئیرس، سماجی ایشوز، ہندوستان اور مہاراشٹر کے تناظر میں اقتصادی امور سے متعلق سوالات) ، ۱۰؍ سوالات ریزننگ ایبلٹی،۱۰؍ سوالات انگریزی گرامر، ۵؍ سوالات مراٹھی زباندانی، ۱۰؍ سوالات انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایم ایس آفس اور انٹرنیٹ، ۱۵؍ سوالات مقداری رجحانات(ڈاٹا کی وضاحت، ارتھمیٹک،الجبرا اور بنیادی جیومیٹری) پر مشتمل ہوں گے۔  اس آن لائن ٹیسٹ کے لیے ایک گھنٹہ  کا وقت مختص ہے۔ ٹیسٹ انگریزی میں ہوگا جبکہ سوالات اور متبادلات کا مراٹھی ترجمہ بھی حسب ضرورت دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے سے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے۲۱۰؍  امیدواروں کو دوسرے مرحلے مضمون نویسی کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ امیدواروں کو ۳؍ مضامین آن لائن جمع کرنے ہوں گے یہ مضامین انگریزی، ہندی اور مراٹھی میں دئیے جاسکتے ہیں۔ ان مضامین کے عنوانات سے منتخبہ امیدواروں کو ای میل اور ویب سائٹ کے ذریعہ  مطلع کیا جائے گا۔ مضامین کی قدر پیمائی کے بعد امیدواروں کا ذاتی انٹرویو ہوگا ۔ آن لائن ٹیسٹ کے۱۰۰؍ مارکس کو۱۵، مضامین کے مارکس۳۰، ذاتی انٹرویو کے مارکس۵۰؍ اور پوسٹ گریجویشن یا پروفیشنل ڈگری کےلئے ۵؍مارکس تفویض کئے جائیں گے۔  اس طرح میرٹ کی بنیاد پر۶۰؍ اور ویٹنگ لسٹ۱۵؍ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ ۶۰؍ امیدواروں میں سے شرکت نہ کرنے والوں کی خالی جگہ کو ویٹنگ لسٹ امیدواروں سے پُر کیا جائے گا۔ 
مراعات، شرائط و ضوابط
فیلو شپ حاصل کرنے والے امیدواروں کو ایک سال کیلئے حکومتی خدمات پر گریڈ `اے  آفیسر کی حیثیت میں مقرر کیا جائے گا۔ عارضی آئی ڈی کارڈ اور دفتری ای میل مہیا کیا جائے گا۔ ماہانہ ۷۰؍ ہزار روپے اسٹائپینڈ (وظیفہ) اور ۵؍ ہزار روپئے سفری اخراجات ، اس طرح کل ماہانہ۷۵؍ہزارروپے ادا کیے جائیں گے۔ سالانہ۸؍ دنوں کی چھٹی، حادثاتی بیمہ کی سہولت دی جائے گی۔ یہ پروگرام ایک سال یعنی ۱۲؍  ماہ پر مشتمل ہوگا۔ دوبارہ تقرری یا مدت کار میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ فیلو امیدوار کو اپنی رہائش اسے تفویض کیے گئے شعبہ کے دفتر کے شہر یا ضلع میں کرنی ہوگی اور خود کرنی ہوگی۔یہ ایک فل وقتی فیلو شپ ہے یعنی اس کی مدر کار کے دوران فیلو امیدوار کوئی اور ملازمت کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔ 
ویب سائٹ اور درخواست کا طریقہ کار
اس پروگرام کے لیے درخواست دینے والے اہل امیدواروں کو درج ذیل ویب سائٹ پر فارم بھرنا ہوگا
 https://mahades.maharashtra.
gov.in/FELLOWSHIP
سب سے پہلے  اپنا اکاؤنٹ بناکر مکمل تفصیل اور دستاویزات اپلوڈ کرنے ہوں گے۔ درخواست دیتے وقت امیدوار اپنے ساتھ دسویں، بارہویں ، گریجویشن ،پوسٹ گریجویشن ، پروفیشنل ڈگری ، فوٹو اور دستخط (اسکین شدہ) ، رہائشی ثبوت کے دستاویزات اور تجربہ کی سند اپنے ساتھ رکھیں۔ انہیں ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کرنا ہوگا۔ درخواست دینے سے پہلے مکمل ہدایات اور دیگر تفصیلات کا بغور مطالعہ کرلیں اور آخری تاریخ سے قبل ہی درخواست فارم مکمل آن لائن بھرلیں ساتھ ہی گریجویشن کی سطح کے اہلیتی امتحانات کی کتابوں سے آن لائن ٹیسٹ کے لیے استفادہ کریں۔ 
ملی تنظیموں اور تعلیمی اداروں سے درخواست
 ریاست میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد گریجویٹ ہورہی ہے جو اس فیلو شپ کی اہل بھی ہے۔ ملی تنظیمیں اور تعلیمی ادارے اگر اس ضمن  میں تھوڑی محنت کریں اور نوجوانوں کو ترغیب دیں تو کچھ بعید نہیں کہ ریاست کی ترقی کے لیےمنتخبہ ان امیدواروں میں ہمارے نوجوانوں کی بھی شمولیت ہوگی۔ بالخصوص مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرانے والے ریاست بھر کے مختلف اداروں کی تھوڑی سی کوشش ثمر آور ثابت ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK