• Mon, 10 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر مہینے ایک عادت اپنا کر سال بھر فعال رہیں

Updated: July 20, 2024, 9:22 PM IST | Rashmi Bansal | Mumbai

نیا سال آنے پر آپ عزم کرتی ہیں کہ مَیں اس سال بہت کچھ سیکھوں گی یا کوئی بری عادت ترک کر دوں گی۔ لیکن نیا سال شروع ہونے کے کچھ ہی دن بعد آپ ہمت ہار جاتی ہیں۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ ہر مہینے کوئی ایک عادت اپنائیں۔ یہ طریقہ کارگر ثابت ہوگا، آزما کر دیکھ لیں۔

Remember that you have the ability to improve yourself, it just takes a little focus and effort to develop it. Photo: INN
یاد رکھیں کہ آپ کے اندر خود کو بہتر بنانے کی صلاحیت ہوتی ہے، اسے نکھارنے کیلئے تھوڑی سی توجہ اور کوشش درکار ہے۔ تصویر : آئی این این

نیا سال، وہی حال۔ نئے سال آنے پر خواتین بہت کچھ نیا کرنے کا عزم کرتی ہیں۔ دو دن تک اُن پر عمل بھی کرتی ہیں مگر ہمت ہار جاتی ہیں۔ کبھی کبھی کچھ نیا کرنے کے چکر میں جھنجھلاہٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔ میں آپ کا درد سمجھتی سکتی ہوں۔ لیکن مایوس نہ ہوں۔ آپ نے جو بھی نئے سال کا ’ریزولوشن‘ بنایا ہے، اسے برقرار رکھنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ وہ طریقہ کیا ہے؟ یہاں جانئے:
 ایک خاتون نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس سال ۱۰؍ کلو وزن کم کرے گی۔ چنانچہ اس نے دو دن تک سوپ، سلاد اور پھل کھائے۔ تیسرے دن جب اس نے نوڈلز اور بریانی دیکھی تو وہ خود پر قابو نہ رکھ سکی اور اس نے کھانا شروع کر دیا۔ اگر آپ ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنا چاہتی ہیں تو اس کی تیاری زمین سے شروع کرنی ہوگی۔ بہتر یہ ہے کہ ایک، ایک قدم منزل کی طرف اٹھائیں۔
پہلی عادت
 ہرے پتوں والی سبزیاں زیادہ استعمال کریں۔ خواتین اکثر آئرن کی کمی کی شکار ہوتی ہیں۔ پالک، پودینہ اور تلسی کا روزانہ استعمال کرنے کا آسان حل یہ ہوگا کہ اس کی گرین اسموتھی بنا کر استعمال کریں۔ آپ کو گوگل پر نسخہ مل جائے گا۔ صبح چائے پینے سے پہلے پی لیں۔ آپ چند دنوں میں اسے پینے کی عادی ہوجائیں گی۔
دوسری عادت
  چائے میں چینی ڈالنا چھوڑ دیں۔ اگر آپ دن میں تین کپ چائے پیتی ہیں، ایک چمچہ چینی کے ساتھ، تو ایک مہینے میں اوسطاً ۳۵۰؍ گرام آپ کے معدے میں جاتا ہے۔ اگر ہم پورے سال کا حساب لگائیں تو آپ نے صرف چائے میں ۴؍ کلو چینی استعمال کیں!  یاد رہے، شوگر فری چائے کے کئی فائدے ہیں، تھوڑا مشکل ہے، ناممکن نہیں۔
تیسری عادت
 عمدہ کھانا کھائیں۔ دالیں، سبزیاں اور روٹی، تینوں کی مقدار پلیٹ میں ایک تہائی ہونی چاہئے۔ دال اور سبزیوں کو بڑے پیالوں میں نکالیں، روٹی کی مقدار کم کر دیں۔ گندم کے علاوہ ناچنی، جوار یا باجرے کی روٹی بھی کھائیں۔ خیال رہے پیٹ بھر کے نہ کھائیں، تھوڑی گنجائش باقی رکھیں۔ متوازن غذا آپ کو ہشاش بشاش رکھتا ہے۔ یہ طریقہ ضرور آزمائیں، نتیجہ مثبت آئے گا۔
چوتھی عادت
 فون پر فضول باتیں کرنا بند کریں۔ کوئی آپ کو اپنی ساس کے بارے میں بتا رہا ہے۔ کوئی اپنے باس کی شکایت کر رہا ہے۔ شکایات کے چکر میں نہ پھنسیں۔ کوئی اور موضوع شروع کریں اور اگر اگلا متفق نہ ہو تو کوئی بہانہ بنا کر بات ختم کر دیں۔ اپنی `ذہنی سکون کو اہمیت دیں۔ جن باتوں سے ذہن پر بوجھ پڑتا ہے، انہیں نظرانداز کریں۔
پانچویں عادت
 اگر آپ کو بہت غصہ آتا ہے تو نوٹ بک اٹھائیں اور اس میں اپنے جذبات کو لکھ دیں۔ اگر آپ کو ڈر ہے کہ کوئی اسے پڑھ لے گا تو لکھے ہوئے صفحات کو پھاڑ کر جلا دیں۔ اس کےعلاوہ روزانہ چہل قدمی کریں۔ خود کو پُرسکون رکھنے والے کام انجام دیں۔ جن باتوں کی وجہ سے آپ کو غصہ آتا ہے اُن پر بہت زیادہ سوچنے سے گریز کریں۔
چھٹی عادت
 فون سے دوری بنائیں، مطلب یہ کہ دن میں چار گھنٹے کے لئے فون ہاتھ میں نہ لیں۔ آس پاس کے لوگوں کو بتائیں کہ اس دوران فون یا میسیج نہ کریں۔ اگر کوئی ضروری کام ہو تو انہیں کوئی دوسرا نمبر بتا دیں۔ اس دوران کوئی سرگرمی انجام دیں۔ بچوں کے ساتھ وقت گزاریں۔ پرندوں کی آوازیں سنیں۔ خود کو پُرسکون حالت میں رکھیں۔
اس کے بعد کیا؟
 کیا مہینے میں ایک عادت اپنانا مشکل کام ہے؟ آپ کر سکتی ہیں۔ جب ایک عادت پختہ ہو جائے تو دوسری عادت اپنائیں۔ اسے ’ہیبیٹ اسٹیکنگ‘ کہا جاتا ہے۔ اینٹوں کے اوپر اینٹ رکھ کر ایک اونچی عمارت بنائی جاتی ہے۔ چھ ماہ بعد آپ کو احساس ہوگا کہ میں پہلی منزل پر پہنچ گئی ہوں۔ اس کے بعد کی منزل خود طے کریں۔ پہلی منزل تک پہنچنے کے بعد آپ خود کو فعال محسوس کریں گی کیونکہ اب آپ کا جسم اور دماغ، دونوں کو قابو میں رکھنا آسان ہوگا۔ میں نے یہ طریقہ اپنایا ہے اور نتیجہ بھی اچھا نکلا ہے۔ یقین جانیں ایک دن آپ اپنے مقصد تک پہنچ جائیں گی۔ صبر رکھیں، آپ بھی اچھی عادت کو اپنانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں کیونکہ آپ کے اندر وہ صلاحیت موجود ہوتی ہے، اسے نکھارنے کیلئے تھوڑی سی توجہ اور کوشش درکا ہے۔ اس کیلئے اپنے دوستوں یا گھر والوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ ایک دوسرے کو مدد فراہم کریں۔ ۲۰۲۵ء آنے تک، آپ کے اندر کئی تبدیلیاں پیدا ہو جائیں گی۔ ماؤنٹ ایورسٹ دیکھ کر ذہن میں آئے گا، ارے، یہ مشکل نہیں ہے، یہ ممکن ہے۔ دراصل زندگی میں کچھ بھی مشکل نہیں ہوتا۔ بس صحیح فیصلہ کرنے کی دیر ہے۔ آپ بھی فیصلہ کیجئے اور نتیجہ دیکھئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK