یہ نام آج گرافک ڈیزائن کے میدان میں عالمی سطح پر گونج رہا ہے۔ ‘ایپل’ سے لے کر ‘نائکی’ جیسی بڑی کمپنیاں بھی مکرند کے فن کی معترف ہیں۔ پڑھئے ان کا حیران کن سفر۔
ڈومبیولی کےرہنے والے مکرند نارکر کو فوربز انڈیا۲۰۲۶ء کی باوقار فہرست’تھرٹی انڈرتھرٹی‘ میں شامل کیا گیا ہے۔ ’گراؤنڈ بریکرز‘ کے زمرے میں شامل کئے جانے والے مکرند پیشے سے گرافک ڈیزائنر ہیں۔ وہ تلک نگر ودیامندر اسکول کے طالب علم رہے ہیں۔ بچپن ہی سے انہیں مصوری کا شوق رہا۔ دوردرشن پر کارٹون دیکھ کر انہوں نے تصویریں بنانا شروع کیں۔ ان کی اس فطری صلاحیت کو پہچانتے ہوئے والدین نے بھرپور ساتھ دیا۔ اس زمانے میں جب زیادہ تر طلبہ انجینئرنگ یا میڈیکل فیلڈ کی طرف مائل تھے، مکرند کے والدین نے ان کی فنی قابلیت پر یقین رکھتے ہوئے فنونِ لطیفہ(فائن آرٹس) میں کریئر بنانے کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ڈومبیولی میں’ ایکسَلنٹ آرٹ اکیڈمی‘ سے مصوری کی ابتدائی تربیت حاصل کی۔ اسکولی دور میں ایلیمنٹری اور انٹرمیڈیٹ ڈرائنگ کے امتحانات میں مکرند نے ریاست میں پانچواں مقام حاصل کیا۔ بعد ازاں سر جے جے انسٹی ٹیوٹ کے داخلہ امتحان میں اعلیٰ درجہ حاصل کر کے داخلہ پایا۔ وہاں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور جے جے میں طلائی تمغہ جبکہ ممبئی یونیورسٹی میں پہلا مقام حاصل کیا۔
گریجویشن کے بعد کچھ عرصہ پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے کے بعد، مکرند کو امریکہ کی ریاست جارجیا میںایس سی اے ڈی یونیورسٹی میں اسکالرشپ کے ساتھ داخلہ ملا، مگر کووِڈ۱۹؍کی وجہ سے وہ جا نہ سکے۔ انہوں نے اس بحران کو موقع میں بدلتے ہوئے ۲۰۲۰ء میں اپنی ساتھی سونل وساوےکیساتھ ڈومبیولی میں ’اسٹوڈیو بومیرنگ‘ قائم کیا، جو بعد میں کام کے پھیلاؤ کے باعث ممبئی منتقل کر دیا گیا۔اس کے ذریعے مکرند نے اسٹاربکس، نائکی، ایپل اور کوکا کولا جیسے عالمی برانڈز کیلئے ڈیزائن خدمات فراہم کیں۔مکرند نے لندن کے معروف پلیٹ فارم’نائسر ٹیوزڈیز‘ پر اپنا کام پیش کیا۔ اسی طرح’گلوبل ینگ گنس‘ کے بین الاقوامی مقابلے میں۴۱؍ممالک کے ۹۸؍ فائنلسٹس میں وہ واحد ہندوستانی تھے۔ ملک کے۷۹؍ویں یومِ آزادی کیلئے’گوگل ڈُوڈل‘ تیار کرنے تک ان کی رسائی ہوئی۔ اس وقت وہ لندن اور نیویارک میں ’جیلی السٹریشن ایجنسی‘ کے ذریعے عالمی سطح پر نمائندگی کر رہے ہیں۔ مکرند کے کام کی خاص بات یہ ہے کہ وہ عالمی برانڈز کیلئے ڈیزائن بناتے ہوئے ہندوستانی لوک کہانیوں، ثقافت اور روایت کو جدید ڈیزائن کیساتھ خوبصورتی سے ہم آہنگ کرتے ہیں۔ اپنی مٹی سے جڑے رہتے ہوئے عالمی شہرت حاصل کرنے والے مکرند نارکر کی کامیابی آج کے نوجوان فنکاروں کیلئے یقیناً مشعلِ راہ ہے۔(ایجنسی)