گزشتہ ۲؍ برس میں ۴۸؍ حادثات ہوئے ہیں۔ بیسٹ جنرل منیجر نے حادثات پر قابو پانے کے لئے سبھی بس ڈرائیوروں کو ۴؍ ہفتے کی ٹریننگ دینے کا آغاز کیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 07, 2026, 11:32 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
گزشتہ ۲؍ برس میں ۴۸؍ حادثات ہوئے ہیں۔ بیسٹ جنرل منیجر نے حادثات پر قابو پانے کے لئے سبھی بس ڈرائیوروں کو ۴؍ ہفتے کی ٹریننگ دینے کا آغاز کیا ہے۔
بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے کرایہ پر چلائی جانے والی بسوں اور بیسٹ بس ڈرائیوروں کے انتہائی لاپروائی سے بس چلانے کے سبب شہر اور مضافات میں مسافروں اور راہگیروں کی جان و مال کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ میں اکثر بیسٹ بسوں کے ڈرائیوروں کے لاپروائی سے بس چلانے کے سبب مسافروں کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ گزشتہ ماہ یکم مئی سے۳۱؍مئی کے درمیان کل۱۰؍ سڑک حادثات ہوئے تھے جس میں بسوں میں آگ لگنے کا حادثہ بھی شامل ہے۔
بیسٹ انتظامیہ کرایہ پر چلائی جانے والی بسوں میں آگ لگنے اور بس ڈرائیوروں کے ذریعہ لاپروائی سے گاڑی چلانے کا اعتراف بھی کررہا ہے ۔ ساتھ ہی مسافروں کی حفاظت اور حادثات پر قابو پانے کے مقصد سے ۴؍ ہفتوں کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ بس ڈرائیوروں کے انتہائی لاپروائی سے بس چلانے اور بسوں میں آگ لگنے کے واقعات سے متعلق بیسٹ کی ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق۲۵-۲۰۲۶ء میں بس ڈرائیوروں کے لاپروائی اور تیز رفتار بس چلانے سے ہونے والے حادثات میں کل۲۴؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ان میں پرائیویٹ کمپنیوں سے کرایہ پر لی گئی بسوں سے۸۸؍ فیصد حادثات ہوئے تھے جن میں کل۲۱؍ مسافروں اور راہگیروں کی موت ہوئی ہے جبکہ بیسٹ کی اپنی بسوں سے ہونے والے حادثہ میں ۳؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ امسال یکم مئی تا یکم جون کے درمیان آگ لگنے اور بس ڈرائیوروں کی لاپروائی سے۱۰؍ حادثات ہوئے ۔۱۴؍مئی کو بیسٹ بس ڈرائیور کی لاپروائی کے سبب ۴؍ بسیں آپس میں ٹکرائی تھیں اور کئی مسافر زخمی ہوئے تھے۔ ۱۹؍ مئی کو ممبئی کی میئر نے جس بیسٹ بس میں سفر کیا تھا وہ تکنیکی خرابی کے سبب بند ہو گئی ہے۔۲۱؍ مئی کو آٹو اور بیسٹ بس میں ٹکر کے سبب ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔ ۲۵؍ اور۲۷؍ مئی کو پرتیکشا نگر اور سانتا کروز میں اے سی بسوں میں آگ لگی تھی ۔ بیسٹ بس حادثات سے متعلق آر ٹی آئی کے ذریعہ حاصل تفصیلات کے مطابق گزشتہ ۵؍ برس میں۸۳۴؍ حادثات ہوئے جن میں ۸۸؍ افراد ہلاک ہوئے جبکہ۴۰ء۴۲؍ کروڑ کا مالی نقصان ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: اب سیلون میں بال کٹوانا اور ڈاڑھی بنوانا بھی مہنگا، ۲۰؍ فیصد اضافہ
بیسٹ بسوں اور خصوصی طور پر پرائیویٹ کمپنیوں کے ذریعہ کرایہ پر چلائی جانے والی بسوں سے سڑک حادثات ہونے اور آگ لگنے کا اعتراف کرتے ہوئے بیسٹ بس کے جنرل منیجر سونیا سیٹھی نے انقلاب سے فون پر بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ بیسٹ کی طرف سے کرائے پر لی گئی ویٹ لیز بسوں کے ڈرائیوروں کے ذریعہ لاپروائی سے گاڑی چلانے کے سبب ہلاکتیں زیادہ ہوئیں ۔ حادثات پر قابو پانے کیلئے مختلف مسائل پر توجہ دے رہے ہیں۔اس ضمن تکنیکی مسائل کی جانچ پڑتال بھی کررہے ہیں ۔‘‘انہو ںنے مزید کہاکہ’’ ہم نے ویٹ لیز ڈرائیورز کے لئے۴؍ ہفتوں کی تربیت کو لازمی قرار دیا ہے اور ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔‘‘