۵؍ لاکھ گھر بجلی سے محروم ، مشرقی کیپ میںاسکول بس سیلاب میں بہہ گئی، بچاؤ آپریشن جاری ،او آرٹمبو ضلع میں سیلاب میں بہنے والے۷؍ افراد کی لاشیں برآمد۔
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 12:54 PM IST | Agency | Johnsburg
۵؍ لاکھ گھر بجلی سے محروم ، مشرقی کیپ میںاسکول بس سیلاب میں بہہ گئی، بچاؤ آپریشن جاری ،او آرٹمبو ضلع میں سیلاب میں بہنے والے۷؍ افراد کی لاشیں برآمد۔
جنوبی افریقہ میں بدترین موسمی حالات اور توقع سے زائد برف باری اور سیلاب کے سبب۱۲؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ۵؍ لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ریاست مشرقی کیپ کے ترجمان خوسیلوا رانتجے نے بتایا کہ اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس سیلاب میں بہہ گئی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ بس میں کتنے بچے سوار تھے، کافی وقت کے بعد۳؍بچوں کو زندہ نکالا جا چکا ہے، رات ہو جانے کے باعث بچاؤ کار روائیاں معطل کر دی گئیں تھیں۔ ایک دوسرے واقعے میں، صوبے کے او آر ٹمبو ضلع میں سیلاب میں بہہ جانے والے۷؍افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
جنوبی افریقہ کو حالیہ دنوں میں شدید برف باری، بارشوں اور تیز ہواؤں کا سامنا رہا ہے، جن کے باعث ایک اور سڑک حادثے میں ۵؍افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً۵؍لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آخرکیا ہوا کہ ڈونالڈٹرمپ اور ایلون مسک کی گہری دوستی ’دشمنی‘ میں بدل گئی؟
مشرقی کیپ جو نسل پرستی کے مخالف رہنما نیلسن منڈیلا کی جائے پیدائش ہے، ان برفانی حالات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ کوزالو نیٹل صوبہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ خراب موسم کے باعث ان دونوں صوبوں میں کچھ بڑی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
مشرقی کیپ کے وزیر اعلیٰ آسکر مابویانے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ قدرت کی طاقت کی ایک تباہ کن یاد دہانی ہے، ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں انتہائی احتیاط برتی جائے۔ ۵؍افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب ایک منی بس مشرقی لندن کے ساحلی شہر کے قریب الٹ گئی، مشرقی کیپ کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان اوناتھی بنقوسے نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرائیور نے ایک گرے ہوئے درخت سے بچنے کی کوشش میں گاڑی پر کنٹرول کھو دیا تھا، اس حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ریاست کی بجلی کمپنی ایس کوم کے مطابق مشرقی کیپ کے ۱۴؍ قصبوں اور دیہاتوں میں تقریباً۳؍لاکھ گھروں کی بجلی منقطع ہو چکی ہے۔ ایس کوم کی ترجمان ڈیفنی موکوینا نے بتایا کہ۲۴؍ علاقوں میں مزید ایک لاکھ ۹۶؍ ہزار گھروں میں بھی بجلی بند ہے۔