ضلع کلکٹر نے احکامات جاری کر دئیے ،۱۹؍ اگست تک پابندی،خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی ہوگی، سیاحوں کو ۲؍ماہ انتظار کرنا ہوگا۔
EPAPER
Updated: June 23, 2025, 12:01 PM IST | Siraj Sheikh | Mahabaleshwar
ضلع کلکٹر نے احکامات جاری کر دئیے ،۱۹؍ اگست تک پابندی،خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی ہوگی، سیاحوں کو ۲؍ماہ انتظار کرنا ہوگا۔
ستارا ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے ضلع انتظامیہ نے سیاحوں کی حفاظت کے لئے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ یہاں کے۱۲؍ اہم سیاحتی مقامات کو ۱۹؍ اگست تک بند کر دیا ہے۔ ان تفریحی مقامات پر دو ماہ کے لئے سیاحوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ مغربی مہاراشٹر میں بالخصوص ستارا ضلع کے گھاٹوں پر گزشتہ تین دنوں سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ اس موسلادھار بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ سیاحوں کی حفاظت کے لئے ضلع کے تمام اہم سیاحتی مقامات کو۲۰؍ جون سے۱۹؍ اگست تک دو ماہ کے لیے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ضلع کلکٹر سنتوش پاٹل نے اس سلسلے میں ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان دو ماہ کے دوران درج ذیل سیاحتی مقامات پر لوگ سیر و تفریح کے لئے نہیں جا سکتے۔
ان میں : اجنکیاتارا قلعہ، تھوسے گھر آبشار، کیلولی سندولی آبشار، وجرائی آبشار، کاس پشپ پٹھار، ایکوا آبشار، کاس جھیل، بامنولی، سڈا واگھا پور الٹا آبشار، اوزرڈ ے آبشار، گھا ٹ ماتھا آبشار، اور لنگملا آبشار شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ مہابلیشور اور پنچ گنی کے سیاحتی مقامات مانسون کے موسم میں سیاحوں سے بھرے رہتے ہیں۔ اس لئے یہ فیصلہ ممکنہ خطرات سے بچنے کے لئے کیا گیا۔ کیونکہ ماضی میں موسم باراں کے دوران کئی حادثات پیش آچکے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیاکہ مہابلیشور اور پنچ گنی کے سیاحتی مقامات مانسون کے موسم میں بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ اس لئے یہ فیصلہ ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے اس حکم پر عمل کرتے ہوئے تعاون کریں۔