Updated: August 19, 2026, 5:03 PM IST
| Mumbai
مغربی بنگال کے مرشدآباد میں ایک۱۶؍ سالہ نوجوان کی غیر معمولی کیفیت نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کی، جو شدید جلن کے باعث گھنٹوں تالاب کے پانی میں رہنے پر مجبور تھا۔ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعداننت امبانی کی ایماپر نوجوان کو خصوصی علاج کیلئے ممبئی منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹر اس کی بیماری کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کریں گے۔
اننت امبانی نے اقبال شیخ کے علاج کیلئےانہیں ممبئی لانے میں پہل کی۔ تصویر: ایکس
مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد سے تعلق رکھنے والے۱۶؍ سالہ لڑکے کو، جو مبینہ طور پر باہر نکلنے پر شدید جلن محسوس ہونے کے باعث طویل عرصے تک تالاب کے پانی میں رہتا تھا، اس کی غیر معمولی حالت کی ویڈیوز گردش میں آنے کے بعد خصوصی طبی علاج کیلئےممبئی لے جایا گیا ہے۔ اس نوجوان کی شناخت بیلدانگا کے رہنے والے اقبال شیخ کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ کئی برسوں سے اس کیفیت کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کے اہلِ خانہ نے طبی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن طویل مدتی اور خصوصی علاج کے اخراجات برداشت کرنے میں انہیں دشواری کا سامنا رہا۔ اگست میں اس معاملے نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی، جب مبینہ طور پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں اقبال کو طویل وقت تک تالاب میں بیٹھے یا تیرتے ہوئے دکھایا گیا۔ بعض ویڈیوز میں وہ مقامی باشندوں کی جانب سے لایا گیا کھانا بھی پانی میں رہتے ہوئے کھاتا نظر آیا۔
اطلاعات کے مطابق نوجوان بعض اوقات کئی گھنٹوں تک پانی میں رہتا ہے اور مختلف تالابوں کے درمیان بھی منتقل ہوتا رہا ہے۔ اس نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا ہے کہ اسے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی مافوق الفطرت قوت اسے قابو کر رہی ہو۔ اب اس معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کیا ہے اور اقبال کو مزید طبی معائنے کیلئےمبینہ طور پر ممبئی لے جایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پانی میں رہنے سے سکون، باہر آتے ہی جسم میں جلن، ۱۶؍سالہ اقبال کی عجیب بیماری
اننت امبانی سے وابستہ پہل کے بعد لڑکے کو ممبئی لایا گیا
ویڈیوز گردش میں آنے کے بعد یہ معاملہ مبینہ طور پر اننت امبانی کے علم میں آیا، جنہوں نے نوجوان کے طبی علاج کا انتظام کرنے میں مددکیلئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق اقبال کو مغربی بنگال سے ممبئی لایا گیا، اور بتایا جا رہا ہے کہ خصوصی علاج کیلئے اسے ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اسے سر ایچ۔ این۔ ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے اس کی حالت کی وجہ معلوم کرنے اور مناسب علاج کا منصوبہ طے کرنے کیلئے تفصیلی طبی معائنے کئے جانے کی توقع ہے۔ اقبال کے اہلِ خانہ، جو مبینہ طور پر طویل علاج کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے، کیلئے یہ پیش رفت نئی امید لے کر آئی ہے۔ ان کی فوری ترجیح یہ ہے کہ بیماری یا کیفیت کی واضح تشخیص ہو اور ایسا مناسب علاج مل سکے جس سے نوجوان معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکے۔
یہ بھی پڑھئے: bribes.fyi: رشوت کے خلاف نیا آن لائن پلیٹ فارم، ۲۵۳؍شہروں سے۶۱۷؍ شکایات
غازی آباد کے ڈاکٹر نے اقبال کا مفت علاج کرنے کی پیشکش کی تھی
اقبال کو ممبئی لے جائے جانے کی اطلاع ملنے سے قبل غازی آباد کے ڈاکٹر ڈاکٹر برج پال تیاگی نے عوامی طور پر اس کا مفت علاج کرنے کی پیشکش کی تھی۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں تیاگی نے کہا کہ نوجوان کی حالت کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد انہوں نے اس کے علاج کی اجازت کیلئے مغربی بنگال حکومت سے پہلے ہی اپیل کی تھی۔ ڈاکٹر کے مطابق بعد میں انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے جواب بھی موصول ہوا۔ اقبال کے اہلِ خانہ اور پڑوسیوں نے بھی ڈاکٹر تیاگی سے علاج کرانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم، مزید انتظامات کرنے سے قبل تیاگی نے بتایا کہ پڑوسیوں نے انہیں اطلاع دی کہ جیو کی ایک ٹیم اقبال کو ایمبولینس یا ایئر ایمبولینس کے ذریعے لے گئی ہے۔ تیاگی نے کہا، ’یہ اچھی بات ہے کہ کوئی اس کے علاج کیلئے آگے آیا ہے، ‘ تاہم انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ نوجوان اتنے طویل عرصے تک تالاب میں کیوں رہ رہا تھا اور ڈاکٹروں نے اس کی کیا تشخیص کی ہے۔