Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند امریکہ تجارتی معاہدہ پر ۲؍ روزہ مذاکرات مکمل

Updated: June 25, 2026, 3:28 PM IST | New Delhi

۲۴؍ جولائی تک پہلے مرحلہ پر دستخط متوقع، دونوں ملک ٹرمپ انتظامیہ کے ۱۰؍ فیصد ٹیرف کی میعاد کے خاتمہ سے قبل معاہدہ کیلئے کوشاں۔

وزیر تجارت پیوش گوئل نئی دہلی میں اپنی ٹیم کے ساتھ ا مریکی مذاکرات کاروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
وزیر تجارت پیوش گوئل نئی دہلی میں اپنی ٹیم کے ساتھ ا مریکی مذاکرات کاروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ہند-امریکہ عبوری تجارتی معاہدہ کے سلسلے میں وزارتی سطح کے ۲؍ روزہ  مذاکرات بدھ کومکمل ہو گئے تاہم کئی اہم معاملات پر اختلافات برقرار رہنے کی بنا پر ابھی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔فریقین نے بات چیت میں ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیا اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔  امید کی جارہی ہے کہ معاہدہ کے پہلے مرحلے پر ۲۴؍ جولائی سے قبل دستخط ہوجائیں گے۔ یاد رہے کہ   اس معاہدہ  کے خدوخال کا اعلان اسی سال فروری میں کیا گیا تھا۔ 

دونوں ممالک امریکہ کی جانب سے۲۴؍ فروری کو اپنے تمام تجارتی شراکت داروں پر عائد کئےگئے۱۰؍فیصد عارضی ٹیرف کی مدت ختم ہونے سے پہلے مذاکرات کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ یہ عارضی ٹیرف۲۴؍جولائی کو ختم ہو جائیں گے۔ا س کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ان ممالک پر نئے سرے سے ٹیرف عائد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جن کے ساتھ اس کا تجارتی معاہدہ نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس نے مختلف ممالک کے خلاف جانچ شروع کردی ہے۔ان میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ ہندوستان پر جن الزامات کی جانچ کی جارہی ہے ان میں امریکہ کو برآمد کی جانے والی اشیاء ا ور مصنوعات کو بچہ مزدوری سے پاک نہ رکھنے کا الزام  شامل ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ فروری میں  ہند- امریکہ  معاہدہ   کے خدوخال واضح ہونے  کے بعدامریکی  سپریم کورٹ   میں ٹرمپ انتظامیہ کے مقدمہ ہار جانے اور اس کے ذریعہ عائد کئے گئے ٹیرف کو کالعدم قرار دیئے جانے کےبعد چونکہ اپنے مطالبات منوانے کیلئے ہندوستان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی تھی اس لئے مذکورہ جانچ نئی دہلی پر دباؤ قائم رکھنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کیخلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور

بدھ کو نئی دہلی میں ہونے والے مذاکرات میں مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے شرکت کی جو گزشتہ دنوں اپنے وفد کے ساتھ ہندوستان پہنچے ہیں۔ مذاکرات مکمل ہونے کی اطلاع  پیوش گوئل نے ’ایکس‘پوسٹ میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ  ’’میں نے آج (بدھ کی ) صبح امریکی تجارتی نمائندے سفیر جیمیسن گریر اور ان کے وفد کے ساتھ متعدد ملاقاتوں کا سلسلہ مکمل کیا۔ ہم نے ہند-امریکہ تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اپنی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’میں سفیر گریر کی قیادت اور دونوں فریقوں کی ٹیموں کی مسلسل کوششوں کو سراہتا ہوں، جنہوں نے ہماری بات چیت کو تعمیری اور مستقبل پر مبنی انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK