• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اُردو کے پتوں پر نہیں جڑوں میں پانی ڈالنے کی ضرورت ہے‘‘

Updated: November 16, 2026, 11:37 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

عالمی یوم اُردو کے موقع پرسالانہ ایوارڈپروگرام میں شرکاء کا اظہار خیال سیف بھساولی ،ایمان بیاولی،فاروق اعظمی اور شمس اعجاز ایوارڈز کی تقسیم۔

A group photo of the event`s key guests and honorees. Photo: INN
پروگرام کے اہم مہمانان اور صاحبان اعزاز کی گروپ فوٹو۔ تصویر: آئی این این

’’اُردو ایک کردار ہے ،اُردو محبت اور رغبت آمیز زبان ہے۔ اسکی بقاء کیلئے ہمیں شور نہیں بلکہ شعور سے کام لیتے ہوئے منصوبہ بندی کے ساتھ عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ‘‘ان زرین خیالات کا اظہار معروف صحافی و شاعر ڈاکٹر مہتاب عالم (بھوپال) نے الفیض فاؤنڈیشن کی ’بزم اُردو ادب‘ کے زیر اہتمام منعقدہ چوتھے سالانہ ایوارڈ فنکشن میں کیا ۔کےکے موتی والا ہال میں انعقاد پزیر اس پر رونق تقریب کی صدارت ڈاکٹر عبدالکریم سالار نے فرمائی۔ مہمانان کا استقبال عبدالعزیز سالار، مشتاق سالار اور آصف پٹھان ،زاہد سر اور زبیر خان نے کیا۔ 

اس تقریب میں ۲۰۲۵ء کیلئے رئیس فیض پوری کو سیف بھساولی ایوارڈ برائے شاعری،قیوم اثر کو فاروق اعظمی ایوارڈ برائے افسانہ و شاعری ،راغب بیاولی کو مقیم اثر بیاولی ایوارڈ برائے شاعری اور صلاح الدین ادیب کو شمس اعجاز ایوارڈ برائے صحافت تفویض کئے گئے ۔یہ ایوارڈ یادگار،سپاس نامہ،شال اور مبلغ ۱۱؍ ہزار روپے کیسہ زر پر مشتمل تھے ۔پہلے سیشن کی نظامت افتخار غلام رسول نے کی ۔

یہ بھی پڑھئے: چھوٹ گئے ووٹرس کے ناموں کی شمولیت کا وعدہ

’تعلیمی انقلاب‘ کے کالم نگار اسید اشہر اور عاطف عدنان کا اعزاز

اس موقع پر منتظمین نے تعلیمی انقلاب کے مستقل کالم نگار اسید اشہر اورعاطف عدنان کو جب اُبھرتی ہوئی صلاحیت ایوارڈ پیش کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا،نئی صلاحیتوں کی پزیرائی کو شرکاء نے پسندیدگی کی نگاہ دیکھا ۔اس تقریب کی اہم خصوصیت یہ بھی رہی کہ جن صاحبان کی مادری زبان اُردو نہیں لیکن وہ اس زبان کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں انہیں بھی اعزاز سے نوازاگیا ۔جن میں عاشق اُردو ڈاکٹر مہندر کمار پگارے ،ڈاکٹر مول چند اداسی اور اُردو زبان دانی سے پوسٹ گریجویشن کرنیوالے سنیل کمار ہسوانی کو محبان اردو اعزاز سے نوازا گیا۔ اسکے علاوہ ڈاکٹر مہتاب عالم،اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان اور معروف ناظم ہارون عثمانی کو نشان الفیض اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔بطور مہمان خصوصی عبدالمجید زکریا، اعجاز ملک ،مفتی محمد ہارون ندوی،ایڈوکیٹ عقیل اسماعیل،ظفر شیخ ، ڈاکٹر غیاث عثمانی اس طویل تقریب میں موجود رہے ۔ دوسرے سیشن کی نظامت پرنسپل وقار شیخ نے کی۔مفتی محمد ہارون ندوی نے اپنے خطاب میں فروغ اُردو کیلئے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔صحافی مشتاق کریمی نے کہا کہ ہمیں متروک اُردو الفاظ کی بازیافت کے ساتھ تلفظ کی صحیح ادائیگی پر سنجیدگی سے عمل کرنا ہوگا ۔اگر ہم اُردو کی حقیقی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں پتوں پر نہیں بلکہ اُردو کی جڑوں میں پانی ڈالنا ہوگا۔جس میں اساتذہ اور والدین اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ اُردو کارواں ممبئی کے صدر فرید احمد خان نے کہا کہ غیر اردو داں حضرات کو فروغ اردو کیلئے اعزازات تفویض کرنا اردو کی گنگا جمنی تہذیب کا ثبوت ہے ۔تقریب ایسی ہی ہو جس سے اردو کا دامن بھرے اور تاثر دیر تک قائم رہے ۔اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر عبدالکریم سالار نےاپنی مرتب کردہ کتاب اُردو کے بے لوث سپاہی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جلگاؤں ضلع کے بقید حیات قلم کاروں کی ایک ضخیم کتاب کی اشاعت کا کام جاری ہے۔ یہ ایک تحقیقی دستاویز ہوگا۔ تیسرے سیشن کی نظامت صابر مصطفی آبادی نے کی۔ تقریب میں ضلع بھر سے ادباء، شعرا اور صحافیوں نے شرکت فرمائی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK