Updated: November 24, 2026, 10:05 PM IST
| Tal Aviv
اسرائیلی اخبار ’ہاریٹز‘ کی رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۶ء کے آغاز سے اب تک ۲۳؍ حاضر سروس اسرائیلی فوجیوں اور افسران نے خودکشی کرلی ہے، جو گزشتہ ۱۶؍ برسوں میں سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز اور سابق فوجیوں میں ذہنی دباؤ اور خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوجی تصویر: آئی این این۔
اسرائیلی اخبار `ہاریٹز‘ نے پیر کو رپورٹ دی ہے کہ ۲۰۲۶ء کے آغاز سے اب تک حاضر سروس (ایکٹیو ڈیوٹی) ۲۳؍ اسرائیلی فوجیوں اور افسران نے خودکشی کر لی ہے، جو گزشتہ ۱۶؍ برسوں میں فوج کی جانب سے ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے۔ اخبار کے مطابق، اس کے علاوہ جنگ میں خدمات انجام دینے والے مزید ۱۷؍ فوجیوں نے بھی فعال سروس چھوڑنے کے بعد رواں سال خودکشی کی۔ رپورٹ میں بحالی مراکز (ری ہیبلیٹیشن) میں زیرِ علاج مریضوں میں خودکشی سے ہونے والی چھ اموات اور پولیس افسران کے درمیان پانچ خودکشیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ پر نسل کش جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل کے سیکیورٹی اداروں میں خودکشیوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ہاریٹز کے مطابق، جنگ شروع ہونے سے پہلے کی دہائی کے دوران اسرائیلی فوج میں سالانہ اوسطاً ۱۲؍ خودکشیاں ریکارڈ کی جاتی تھیں۔ فوجی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ۷؍ اکتوبر سے ۲۰۲۳ء کے آخر تک ۷؍ حاضر سروس فوجیوں نے خودکشی کی، جس کے بعد ۲۰۲۴ء میں یہ تعداد بڑھ کر ۲۱؍ اور ۲۰۲۵ء میں ۲۲؍ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھئے: تباہ حال جبالیہ میں فلسطینی بچوں کی دوڑ، ’زندگی اور حوصلے‘ کا پیغام
حیفہ یونیورسٹی کے سینٹر فار سوسائیڈ اینڈ مینٹل پین اسٹڈیز کے صدر یوسی لیوی بیلز نے خبردار کیا ہے کہ ۲۰۲۶ء اور اس کے بعد خدمات انجام دینے والے فوجی اور خاص طور پر ریزرو فوجی ’’ایک خطرے سے دوچار گروہ‘‘ (رسک گروپ) کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’جہاں تک خودکشی کی شرح کا تعلق ہے، آنے والے سال انتہائی نازک، بلکہ شاید ڈرامائی بھی ہو سکتے ہیں۔‘‘ فوج کے مطابق، رواں سال خودکشی کرنے والے ۱۷؍ سابق فوجیوں کے معاملے میں یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ ان میں سے ۱۰؍ کیسز کا فوجی سروس سے گہرا تعلق ہونے کا قوی امکان ہے، جبکہ ایک معاملے کی ابھی جانچ جاری ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رواں سال خودکشی کرنے والے بیشتر حاضر سروس فوجیوں نے اس سے قبل ذہنی صحت کا کوئی علاج نہیں کروایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر کا اعتراف: فلسطینی دیہات پر حملے ’’یہودی دہشت گردی‘‘ ہیں
واضح رہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ پر اسرائیل کی نسل کش جنگ میں اب تک ۷۴؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ ۷۶؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ غزہ کا تقریباً ۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران اسرائیلی فوج خطے کے دیگر تنازعات میں بھی ملوث رہی ہے، جن میں ایران کے ساتھ جھڑپیں، لبنان، یمن اور قطر پر حملے اور شام میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر زمینی دراندازی اور توپ خانے سے گولہ باری شامل ہیں۔ دہائیوں سے اسرائیل نے فلسطین سمیت لبنان اور شام کے علاقوں پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہ ان علاقوں سے پیچھے ہٹنے یا اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی اجازت دینے سے انکار کرتا رہا ہے۔