Updated: November 23, 2026, 4:06 PM IST
| Ramallah
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کے دوران کم از کم ۱۲؍ فلسطینی گاڑیاں نذرِ آتش کردی گئیں، کئی گھروں کو بھی آگ لگائی گئی اور عمارتوں پر نسل پرستانہ نعرے لکھے گئے۔ اسرائیل میں وزیرِاعظم بننے کے لیے کوشاں اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ نے ان کارروائیوں کو کھلے الفاظ میں ’’یہودی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے ذمے داروں کی گرفتاری اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا ہے۔
رام اللہ کے اطراف واقع فلسطینی دیہات میں ۲۲؍ نومبر کی علی الصباح ہونے والے ان حملوں میں سب سے زیادہ نقصان کفر مالک (Kafr Malik) میں رپورٹ ہوا، جہاں ۷؍ گاڑیاں جلا دی گئیں۔ مقامی باشندوں کے مطابق حملہ آوروں کی کارروائی کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور آگ کے شعلے گھروں کے قریب بلند ہوتے رہے۔ کفر مالک کے رہائشی منتصر المالکی نے آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کو بتایا کہ وہ رات تقریباً ۲؍ بج کر ۳۰؍ منٹ پر گاڑیوں میں لگی آگ اور دھماکوں کی آواز سے جاگے۔ ان کے بقول، ’’جب آپ رات ڈھائی بجے جاگیں اور دیکھیں کہ 7 گاڑیاں آگ میں جل رہی ہیں تو یہ منظر خوف ناک ہوتا ہے، بڑوں اور بچوں سب کے لیے یہ انتہائی دہشت ناک تجربہ ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں چیخ و پکار اور خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور لوگ آگ بجھانے کے لیے پانی لے کر پہنچے۔ حملوں کے بعد بعض عمارتوں کی دیواروں پر عبرانی زبان میں دھمکی آمیز اور نسل پرستانہ نعرے بھی لکھے گئے۔ ان میں ’’عربوں کے لیے موت‘‘، ’’انتقام‘‘، ’’انہیں سخت سزا دو‘‘ اور ’’اسرائیل کے لوگوں سے مت الجھو‘‘ جیسے الفاظ شامل تھے۔ ایک دیوار پر ’’سوسیا کی جانب سے سلام‘‘ بھی تحریر تھا، جسے جنوبی مغربی کنارے میں حال ہی میں خالی کرائے گئے ایک اسرائیلی غیرقانونی چوکی سے جوڑا جارہا ہے۔ المالکی کے مطابق ایسے نعروں کا مقصد فلسطینی باشندوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: روس کا یوکرین پر حملہ، ایک بچے سمیت۲؍ افراد ہلاک،۶۰؍ زخمی
رائٹرز کے مطابق حملوں کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور کسی گروہ نے فوری طور پر ان واقعات کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ اسرائیلی پولیس نے آتش زنی، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا، جب کہ فوج نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں فوجی دستے اور سرحدی پولیس اہلکار بھیجے گئے ہیں۔ تاہم ۲۳؍ نومبر تک کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے بھی ان کارروائیوں کی مذمت کی۔ گادی آئزن کوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’’انتہا پسند گروہوں کی جانب سے گاڑیوں اور گھروں کو آگ لگانے کی کارروائیاں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہیں اور اسرائیل کی قومی سلامتی اور بیرونی تعلقات کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔‘‘ انہوں نے اس صورت حال کو محض چند افراد کی انفرادی کارروائی قرار دینے کے بجائے حکومتی پالیسیوں سے جوڑا اور خاص طور پر قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل سموترچ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق ان دونوں وزرا کی پالیسیوں نے مغربی کنارے کو ’’بے لگام انتشار کے دہانے‘‘ پر پہنچا دیا ہے۔
آئزن کوٹ نے حکومت اور سیکوریٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ حملہ آوروں کو روکنے کے لیے اپنے تمام دستیاب اختیارات استعمال کریں، جن میں انتظامی حراست اور اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے شن بیت (Shin Bet) کی ہدفی کارروائیاں بھی شامل ہوں۔ انتظامی حراست کے تحت کسی شخص کو باقاعدہ فردِ جرم عائد کیے بغیر مخصوص قانونی و سیکوریٹی بنیادوں پر حراست میں رکھا جاسکتا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حملوں میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ آئزن کوٹ کا یہ بیان اسرائیل کی موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو اپنی پارلیمانی اکثریت کھو بیٹھے تھے۔ ۲۷؍ اکتوبر کے انتخابات کے بعد کسی بھی سیاسی گروہ کو حکومت بنانے کے لیے واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمے داری سونپی ہے، جب کہ نیتن یاہو فی الحال عبوری وزیرِاعظم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ آئزن کوٹ کی جماعت یاشر (Yashar) مرکز سے دائیں بازو کی سیاست کی حامل ہے، لیکن حکومت بنانے کے لیے انہیں پارلیمنٹ میں عرب جماعتوں سمیت دیگر سیاسی قوتوں کی حمایت درکار ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران کا بحرین میں امریکہ کے۲؍ فوجی ٹھکانوں پر حملہ
اسرائیل کے انتہا پسند وزرا نے آئزن کوٹ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اتمار بن گویر نے الزام لگایا کہ آئزن کوٹ عرب سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے یہ زبان استعمال کررہے ہیں۔ دوسری جانب وزیرِ خارجہ گیڈون ساعر نے حملوں کو مٹھی بھر انتہا پسندوں کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیلی اقدار اور قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا، تاہم نیتن یاہو نے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ان حملوں اور آئزن کوٹ کے الزامات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیلی اپوزیشن کے دوسرے لیڈروں نے بھی آبادکاروں کے تشدد پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یش عتید کے لیڈر یائیر لاپید نے کہا کہ ’’یہودی دہشت گردی اسرائیلی حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔‘‘ ان کے مطابق حکومت کی خاموشی انتہا پسند آبادکاروں کو تشدد جاری رکھنے کا حوصلہ دے رہی ہے۔ ڈیموکریٹس پارٹی کے لیڈر یائیر گولان نے خبردار کیا کہ مغربی کنارہ ایک نئے انتفاضہ کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔ سابق میجر جنرل اور رکنِ پارلیمنٹ نوعام تیبون نے بھی کہا کہ اگر اسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی دہشت گردی ختم نہ کی تو یہ خود اسرائیل کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیم بتسلیم (B’Tselem) کے ترجمان یائر ڈویر نے اے بی سی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے کوئی حقیقی کوشش دکھائی نہیں دے رہی اور صرف مذمت کافی نہیں۔ ان کے مطابق آبادکاروں کو حاصل استثنیٰ اور حکومتی نظام کی حمایت تشدد کے تسلسل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ اگر آئزن کوٹ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئے تو کیا ان کی پالیسی نیتن یاہو حکومت سے بنیادی طور پر مختلف ہوگی؟ ڈویر کے مطابق آئزن کوٹ اور ان کے ممکنہ اتحادی بھی فلسطینی ریاست کے قیام کے مخالف اور آبادکاری کے منصوبے کے حامی ہیں، اس لیے محض حکومت کی تبدیلی سے پالیسی میں بڑی تبدیلی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے کسی ایک واقعے تک محدود نہیں رہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطۂ انسانی امور (OCHA) کے مطابق ۲۰۲۶ء کے دوران مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملوں کی اوسط تعداد روزانہ ۶؍ رہی ہے۔ اے بی سی کے تجزیے کے مطابق بعض دنوں میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں سمیت تشدد کے ۳۰؍ واقعات تک ریکارڈ کیے گئے۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیاں اور غیرقانونی آبادکار چوکیاں بین الاقوامی تنازع کا بھی بنیادی موضوع ہیں۔ اقوام متحدہ اور دنیا کے بیشتر ممالک ان بستیوں کو بین الاقوامی قانون کے خلاف قرار دیتے ہیں۔ جولائی ۲۰۲۴ء میں عالمی عدالتِ انصاف نے اپنی تاریخی مشاورتی رائے میں اسرائیل کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجودگی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسے جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسرائیل اس قانونی مؤقف سے اختلاف کرتا ہے۔ اسی دوران برطانیہ اور آسٹریلیا نے نومبر ۲۰۲۶ء میں غیرقانونی آبادکاری اور فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اسرائیلی افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔