Inquilab Logo Happiest Places to Work

خلیج عمان میں تجارتی جہاز پر امریکی حملے میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک؛ امریکی سفارت کار طلب کرلیا گیا

Updated: June 11, 2026, 5:04 PM IST | New Delhi

خلیج عمان میں تیل بردار تجارتی بحری جہاز پر امریکی فوجی حملے کے نتیجے میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہوگئے ہیں۔ جہاز پر ۲۴ ہندوستانی، دو پاکستانی، ایک یوکرینی اور ایک روسی شہری سوار تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، جہاز کا عملہ بار بار امریکی افواج کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہا جس کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

خلیج عمان میں تیل بردار تجارتی بحری جہاز ’سیٹیبیلو‘ (Settebello) پر امریکی فوج کے حملے کے نتیجے میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہوگئے ہیں۔ وزیر برائے امور جہاز رانی سربانند سونووال نے تصدیق کی ہے کہ تینوں لاپتہ ملاحوں کی لاشیں تلاش کرکے ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مہلوکین کے نام چیف انجینئر پٹنالا سلیش، ڈیک کیڈٹ ادتیہ شرما اور انجن فٹر شیو آنند چورسیا بتائے گئے ہیں۔

پلاؤ (Palau) کے پرچم والے اس تجارتی جہاز پر عملے کے کل ۲۸ ارکان سوار تھے، جن میں ۲۴ ہندوستانی شہری، دو پاکستانی، ایک یوکرینی اور ایک روسی شہری تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق، جہاز کا عملہ بار بار امریکی افواج کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہا جس کے بعد جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی حکام نے بتایا کہ ایک امریکی طیارے نے جہاز کے انجن روم میں گائیڈڈ میزائیل داغے۔ 

۱۳ اپریل کو امریکی ناکہ بندی کے آغاز کے بعد سے سیٹیبیلو، ناکارہ بنایا جانے والا آٹھواں جہاز تھا۔ جہاز پر سوار ۲۴ ہندوستانی شہریوں میں سے ۲۱ کو بچا لیا گیا۔ باقی تین ارکان کیلئے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں لاشیں برآمد ہونے سے قبل ابتدائی طور پر عمانی حکام کے تعاون سے کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران میں شدید تصادم، مشرقِ وسطیٰ نئے خطرناک مرحلے میں داخل

ہندوستان نے امریکی سفارت کار کو طلب کرکے باضابطہ احتجاج درج کرایا

ہندوستان نے امریکی حملے پر سخت احتجاج درج کرانے کیلئے نئی دہلی میں واشنگٹن کے ناظم الامور (Charge d`Affaires) کو طلب کیا۔ وزارتِ خارجہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے تجارتی جہاز رانی پر جاری حملوں کو ”شدید تشویشناک“ قرار دیا۔ وزارتِ خارجہ نے تجارتی جہازوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے سلسلے کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کے ذریعے آزادانہ جہاز رانی کی بحالی پر زور دیا۔

جہاز رانی کے وزیر سونووال نے کہا کہ حکومت متوفی ملاحوں کے خاندانوں کی مدد کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ بچائے گئے عملے کے ارکان کی فوری وطن واپسی اور مہلوکین آخری رسومات کیلئے میتوں کی جلد واپسی کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا دعویٰ: ایرانی حکام نے فون کرکے حملہ روکنے کی درخواست کی، ایران کی تردید

سوشل میڈیا صارفین کی حکومت پر تنقید

اس واقعے کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی سے صارفین نے حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے شروع میں بہت محتاط ردِعمل دیا اور اپنی مذمت میں براہِ راست امریکہ کا نام لینے سے گریز کیا۔ ناقدین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا واشنگٹن کے ساتھ نئی دہلی کے تزویراتی تعلقات نے اس کے عوامی ردِعمل کو نرم کر دیا ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ ماضی کے واقعات میں ہندوستان کے سخت سفارتی ردِعمل سے کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK