Updated: June 11, 2026, 4:35 PM IST
| Tehran
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکام نے براہ راست انہیں فون کرکے حملے روکنے کی درخواست کی، جبکہ ایرانی حکام نے اسے سیاسی شعبدہ بازی قرار دے کر اس دعوے کو مسترد کردیا، دوسری جانب پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو تمام طرح کے جہازوں کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی اعلیٰ حکام نے براہِ راست انہیں فون کر کے امریکی بمباری روکنے کی درخواست کی۔ یہ رابطہ، جو ٹرمپ اور تہران کی قیادت کے درمیان براہِ راست بات چیت کا ایک نادر موقع قرار دیا جاسکتا ہے، اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن نے دن کے اوائل میں سخت حملے کیے ہیں۔ٹرمپ نے فوکس نیوز کو یہ بھی بتایا کہ امریکی آپریشن میں۴۹؍ ٹوماہاک میزائلوں کے ساتھ جنگی طیاروں کی تعیناتی بھی شامل تھی، جنہوں نے ریڈار اور فضائی دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق، اس میں تہران سے تقریباً ۴۰؍ میل باہر اور ایرانی جنوب مغربی ساحل پر خلیج فارس کے کنارے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوکس نیوز کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ اگر مفاہمت طے نہ پائی تو بمباری کل رات بھی جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران میں شدید تصادم، مشرقِ وسطیٰ نئے خطرناک مرحلے میں داخل
اس کے برخلاف ٹرمپ کے اس دعوے کو کہ ایرانی حکام نے ان سے بمباری روکنے کی درخواست کی، مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے ایک اعلیٰ ایرانی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ کے بیانات تہران کے ساتھ محاذ آرائی میں امریکی پسپائی کو چھپانے کی ایک کوشش ہے۔واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنوبی ایران پر امریکی حملوں اور اس کے جواب میں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق، پاسداران انقلاب (IRGC) کی فضائیہ کے کمانڈر سیّد مجید موسوی نے آبنائے ہرمز کو خطرے میں ڈالنے کی کوششوں کے خلاف خبردار کیا۔ انہوں نے کہا، اگر امریکہ نے آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ کر دیا، تو ہم ایران کی طرف سے پورے خطے کو امریکہ کیلئے جہنم بنا دیں گے۔‘‘اس سے قبل پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ کویت کے اڈوں علی السالم اور احمد الجابر کے ساتھ ساتھ بحرین کے شیخ عیسیٰ بیس پر۱۸؍ بڑے امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی پروجیکٹ کی تشہیر پر ہالی ووڈ اداکارہ گوئنتھ پیلٹرو تنقید کی زد پر
بعد ازاں پاسداران انقلاب نے تمام آئل ٹینکرز اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کی فوری اور مکمل بندش کا اعلان کر دیا ہے۔ پاسداران نے جمعرات کی صبح ایک پوسٹ میں کہا ’’فوری طور پر ، خطے میں عدم تحفظ کی وجہ سے، آبنائے ہرمز کو تمام بحری جہازوں، بشمول آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کے لیے بند قرار دیا جاتا ہے۔ اور آبنائے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ جبکہ گزشتہ ماہ، پاسداران نے اس اسٹریٹجک سمندری راستے سے گزرنے کے خواہشمند بین الاقوامی تجارتی جہازوں کے لیے سخت نئے قواعد اور پروٹوکول بھی مقرر کیے تھے۔ تاہم پاسداران کی طرف سے مکمل ناکہ بندی کا ڈرامائی اعلان اس کے بعد سامنے آیا جب اس نے بتایا کیا کہ حالیہ امریکی حملوں نے ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی پاسداران نے تجارتی جہازوں کی آبنائے سے محفوظ گزرگاہ سے متعلق امریکی دعوؤں کو بھی سختی سے مسترد کردیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ نسل کشی: ۴۶۰ سے زائد سابق یورپی لیڈران کا ای یو سے اسرائیل کی تجارتی رسائی معطل کرنے کا مطالبہ
واضح رہے کہ یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب ایرانی میڈیا نے جنوبی ایران کے مختلف حصوں بشمول بندرعباس، میناب، جاسک، قشم اور سیرک میں وسیع پیمانے پر دھماکوں، بھاری فضائی دفاعی سرگرمیوں اور اچانک فضائی حملوں کی اطلاع دی۔امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے اندر متعدد فوجی اہداف کے خلاف حملے کیے ہیں۔