جمعہ سے اتوار کے درمیان شہر و مضافات میں آتشزدگی کے مختلف واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں ایک سیکوریٹی گارڈ کی لفٹ میں پھنسنے سے موت ہوگئی جبکہ دیگر واقعات میں ۳؍ افراد زخمی ہوئے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 4:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
جمعہ سے اتوار کے درمیان شہر و مضافات میں آتشزدگی کے مختلف واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں ایک سیکوریٹی گارڈ کی لفٹ میں پھنسنے سے موت ہوگئی جبکہ دیگر واقعات میں ۳؍ افراد زخمی ہوئے۔
جمعہ سے اتوار کے درمیان شہر و مضافات میں آتشزدگی کے مختلف واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں ایک سیکوریٹی گارڈ کی لفٹ میں پھنسنے سے موت ہوگئی جبکہ دیگر واقعات میں ۳؍ افراد زخمی ہوئے۔ بی ایم سی کے مطابق سنیچر کی شب تقریباً ۱۰؍ بجے اندھیری مغرب میں لوکھنڈ والا بریج کے قریب واقع ۳۲؍ منزلہ رَنول ٹاور کے ۱۷؍ ویں منزل پر فلیٹ نمبر ۱۷۰۱؍ میں آگ لگ گئی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اوررات پونے ۱۱؍ بجے تک آگ بجھا دی گئی ۔ تاہم دیر رات معلوم ہوا کہ اس عمارت کا سیکوریٹی گارڈ دھنپت مہاتو (۴۶) لفٹ میں بے ہوش پڑا ہو اہے۔ اسے علی الصباح ۳؍ بجکر ۵۴؍ منٹ پر کوپر اسپتال پہنچایا گیا جہاں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انیش نے داخلے سے قبل ہی اسے مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹر کے مطابق دھوئیں سے دم گھٹنے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: ایک دن میں جرمانہ وصول کرنے کا ریکارڈ
فائر بریگیڈ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ فلیٹ میں بنائے گئے مندر میں دیا جلایا گیا تھا جس کی وجہ سے آگ لگی تھی۔چیف فائر آفیسر رویندر امبولگیکر نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ دیا وغیرہ گھر کے پردوں کے قریب یا ایسی جگہوں پر نہ جلائیں جہاں سے کسی چیز میں آسانی سے آگ لگنے کا اندیشہ ہو۔ ان کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا ،گھر کے افراد باہر کھانا کھانے گئے ہوئے تھے اور گھر میں ان کے بوڑھے ماں باپ موجود تھے جنہیں گھر کے ملازم نے بحفاظت باہر نکالا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آتشزدگی کی صورت میں لفٹ استعمال نہیں کرنا چاہئے لیکن عمارت کے سیکوریٹی گارڈ کو شاید یہ بات نہیں معلوم تھی اور وہ لفٹ میں داخل ہوگیا۔ آتشزدگی کے سبب لفٹ بند پڑ گئی اور وہ ۱۷؍ویں منزل پر لفٹ میں ہی پھنس گیا جہاں سب سے زیادہ دھواں تھا۔
اتوار کی صبح دادر کے کامگار اسٹیڈیم میں رکھے لکڑوں اور بانس میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ نے وہاں پہنچ کر آدھے گھنٹے سے کم وقفہ میں آگ کوبجھا دیا۔ اس حادثہ میں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ سنیچر کی رات کاندیولی کے اولڈ لنک روڈ پر سیریا بلڈنگ اور گوریگائوں کے رائل پامس میں موروکن اپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی۔ دونوں ہی حادثات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔اسی طرح جمعہ کی شب گھاٹ کوپر میں ۲۱؍ منزلہ رائل الٹیزا بلڈنگ میں آگ لگ لگی تھی جس میں ۳؍ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔