۳۰؍ ہزار۷۸۰؍ رائے دہندگان کا انتقال ، ڈیڑھ لاکھ سے زائد مستقل طور پر منتقل،۳۷؍ ہزار۲۴۶؍دہرے اندراجات بھی ختم۔
EPAPER
Updated: September 10, 2026, 2:31 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۳۰؍ ہزار۷۸۰؍ رائے دہندگان کا انتقال ، ڈیڑھ لاکھ سے زائد مستقل طور پر منتقل،۳۷؍ ہزار۲۴۶؍دہرے اندراجات بھی ختم۔
ووٹر لسٹ کی نظرثانی اور ڈیجیٹل تصدیق کی مہم کے دوران بھیونڈی کے تینوں اسمبلی حلقوں سے۴؍ لاکھ۷؍ ہزار۷۴۷؍ نام خارج کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک ہی مرحلے میں ووٹر لسٹ سے اتنی بڑی تعداد میں نام کم ہونے سے سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جارہی ہے جبکہ انتخابی اعتبار سے بھی اسے اہم تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔یہ کارروائی بھیونڈی مشرق، مغرب اور دیہات اسمبلی حلقوں میں کی گئی۔
۲۰۲۴ء میں ان تینوں حلقوں کی ووٹر لسٹ میں مجموعی طور پر۱۰؍ لاکھ۶۶؍ہزار۷۱۲؍ ووٹر درج تھے۔ تصدیق اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کےبعد۶؍لاکھ۵۸؍ ہزار۹۶۵؍ووٹروں کے اندراج کی تصدیق ہوئی جبکہ۴؍لاکھ ۷؍ ہزار ۷۴۷؍نام خارج کردیئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر شکنجہ
حکام کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق خارج کئے گئے ناموں میں۳۰؍ہزار۷۸۰؍ ایسے ووٹر شامل ہیں جن کی موت ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ۵۰؍ ہزار۵۱۷؍ ووٹر مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ۳۷؍ ہزار۲۴۶؍دہرے اندراجات بھی پائے گئے جنہیں ووٹر لسٹ سے حذف کیا گیا ہے۔ دیگر وجوہات کے تحت بھی بڑی تعداد میں نام خارج ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:مدنپورہ واسیوں کیلئے راستے سے باکڑے اور کھاٹ ہٹانے کی تیاری
بھیونڈی مشرق سب سے زیادہ متاثر
تینوں اسمبلی حلقوں میں سب سے زیادہ نام بھیونڈی مشرق سے خارج ہوئے ہیں۔۲۰۲۴ ء میں اس حلقے میں۳؍ لاکھ۷۶؍ ہزار۱۳۸؍ ووٹر درج تھے۔ تصدیق کے بعد صرف ایک لاکھ۹۱؍ ہزار۴۴۶؍ ووٹر فہرست میں برقرار رہے جبکہ ایک لاکھ۸۴؍ ہزار۶۹۲؍ نام خارج کردیئے گئے۔
بھیونڈی کے ایس ڈی او امیت سناپ نے بتایا کہ بھیونڈی مشرق میں ووٹروں کی تعداد میں کمی کی کئی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق بڑی تعداد میں ایسے ووٹر بھی ہیں جنہوں نے دوسری ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ مردہ ووٹروں کے نام حذف کئے جانے اور دہرے اندراجات ختم ہونے کا بھی تعداد پر نمایاں اثر پڑا ہے۔ امیت سناپ کے مطابق شہر میں فی الحال رہائش پزیر کچھ افراد نے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کے لئے فارم ۶؍جمع نہیں کیا ہےجس کے باعث ان کے نام موجودہ انتخابی فہرست میں شامل نہیں ہوسکے۔