• Thu, 10 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر شکنجہ

Updated: September 10, 2026, 2:28 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

۱۴؍ افراد کے خلاف مقدمہ، شہریوں سےٹریفک قوانین کی پابندی کرنے اور اپنی جان خطرے میں نہ ڈالنے کی اپیل۔

A campaign was launched in Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈ ی میں مہم چلائی گئی۔ تصویر: آئی این این

شہر میں بڑھتے ٹریفک مسائل اور سڑکوں پر بے قاعدگی سے گاڑی چلانے کے واقعات کے درمیان بھیونڈی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ رانگ سائیڈ سے گاڑی چلاکر نہ صرف ٹریفک نظام کو متاثر کرنے بلکہ دیگر گاڑی سواروں اور راہگیروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے الزام میں ۱۴؍ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ پولیس کی اس کارروائی سے ٹریفک قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرنے والوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ۷؍ ستمبر۲۰۲۶ءکو دوپہر تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے سے۳؍ بج کر۲۰؍ منٹ تک کلیان ناکہ فلائی اوور اور اس کے نیچے واقع سڑک پر ٹریفک محکمہ کی جانب سے نگرانی اور کارروائی کی گئی۔ اس دوران کئی گاڑی سوار ٹریفک کی مقررہ سمت کے برخلاف گاڑیاں چلاتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس کے مطابق رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کے نتیجے میں مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کے ساتھ تصادم کا خطرہ پیدا ہوتا ہے اور معمولی لاپروائی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:دھولیہ: مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے یک روزہ صحافتی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

پولیس کی شکایت کے مطابق ملزمین نے عوامی سڑک پر ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کی اور خطرناک طریقے سے گاڑیاں چلاکر نہ صرف اپنی بلکہ دیگر افراد کی جان کو بھی خطرے میں ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی خلاف ورزیاں سڑک پر بدنظمی پیدا کرنے کے ساتھ دیگر گاڑی سواروں کو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی جانب راغب کرتی ہیں۔پولیس نے کار ، موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے ساتھ ہی ایک کنٹینر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مدنپورہ واسیوں کیلئے راستے سے باکڑے اور کھاٹ ہٹانے کی تیاری

ملزمین میں بھیونڈی کے مختلف علاقوں کے رہائشی افراد شامل ہیں جبکہ ایک شخص کلیان علاقے کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔پولیس نے ملزمین کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عوامی سڑکوں پر خطرناک انداز میں گاڑی چلانے، رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کرنے اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، مقررہ سمت میں ہی گاڑی چلائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK