• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کے ۵۳؍ فیصد بالغ افراد کے پاس تین ماہ کے اخراجات کیلئے ایمرجنسی فنڈ نہیں

Updated: October 19, 2026, 2:03 PM IST | Washington

پیو ریسرچ سینٹر کے نئے سروے کے مطابق، امریکہ کے نصف سے زائد بالغ افراد کے پاس بیماری، بے روزگاری یا اچانک اخراجات کی صورت میں تین ماہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی بچت نہیں ہے۔ سروے میں ۶۰؍ فیصد افراد نے ناکافی آمدنی، جبکہ ۲۷؍ فیصد نے ماہانہ بلوں کی مکمل ادائیگی میں دشواری کی شکایت کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ایک نئے سروے کے مطابق امریکہ کے نصف سے زائد بالغ افراد کے پاس اتنی ایمرجنسی فنڈ نہیں ہے کہ وہ تین ماہ کے اخراجات پورے کرسکیں۔ اس صورتِ حال میں اچانک اخراجات، ملازمت چھوٹنے یا بیماری کی صورت میں انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ’پیو ریسرچ سینٹر‘ کی رپورٹ کے مطابق، ۵۳؍ فیصد امریکیوں کے پاس ایسی بچت نہیں ہے جو بیماری، بے روزگاری یا معاشی بحران کے دوران تین ماہ کے اخراجات پورے کرسکے۔ ۶۰؍ فیصد افراد نے کہا کہ ان کی آمدنی ان کی مطلوبہ زندگی گزارنے کیلئے کافی نہیں، جبکہ ۲۷؍ فیصد بعض ماہانہ بل مکمل ادا نہیں کرپاتے۔ گزشتہ سال ۷۰؍ فیصد افراد نے کھانے پینے، تفریح اور اسٹریمنگ سروسز جیسے اضافی اخراجات کم کیے، جبکہ ۵۴؍ فیصد مستقبل کیلئے رقم بچانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں دوبارہ جنگ چھڑنے کا خطرہ بڑھ گیا

آمدنی کے لحاظ سے فرق

کم آمدنی والے افراد میں ۷۷؍ فیصد کے پاس تین ماہ کے اخراجات کیلئے کافی بچت نہیں تھی۔ درمیانی آمدنی والے افراد میں یہ شرح ۵۲؍ فیصد اور زیادہ آمدنی والے افراد میں ۲۰؍ فیصد رہی۔ اسی طرح کم آمدنی والے ۸۲؍ فیصد افراد نے مطلوبہ معیارِ زندگی کیلئے ناکافی آمدنی کی شکایت کی۔ تقریباً نصف کم آمدنی والے افراد ماہانہ بل مکمل ادا کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ۲۷؍ فیصد امریکیوں نے اس مسئلے کی نشاندہی کی۔

بنیادی ضروریات کے اخراجات

سروے کے مطابق، ۴۴؍ فیصد امریکیوں کو گزشتہ سال طبی سہولتوں، روزمرہ سفر، کرایے یا رہن کی ادائیگی اور خوراک میں سے کم از کم ایک ضرورت پوری کرنے میں مشکل پیش آئی۔ طبی اخراجات کے حوالے سے ۲۸؍ فیصد، سفر کے اخراجات میں ۲۲؍ فیصد اور رہائش کے اخراجات میں ۲۱؍ فیصد افراد نے دشواری بتائی۔ تقریباً ۲۰؍ فیصد افراد نے فوڈ بینک سے خوراک حاصل کی۔ کم آمدنی والے طبقے میں ۷۱؍ فیصد افراد کو ان چار بنیادی ضروریات میں سے کم از کم ایک کے اخراجات پورے کرنے میں مشکل ہوئی۔ مالی مشکلات کا سامنا کرنے والوں میں دوستوں یا رشتہ داروں سے قرض لینے کی شرح بھی زیادہ تھی۔

یہ بھی پڑھئے: تل ابیب میں واقع کولمبیا کے سفارتخانے کو القدس منتقل کرنے کی مذمت

مستقبل کے بارے میں تشویش

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق، ۳۷؍ فیصد امریکیوں کو ریٹائرمنٹ کیلئے بچت کی فکر رہتی ہے، جبکہ ۳۲؍ فیصد صحت کے اخراجات اور قرض کے بارے میں پریشان رہتے ہیں۔ کم آمدنی والے افراد میں تقریباً نصف کو بلوں کی ادائیگی کی فکر لاحق رہتی ہے۔ ۱۸؍ سے ۲۹؍ سال کی عمر کے ۷۳؍ فیصد افراد نے کہا کہ ان کی آمدنی مطلوبہ زندگی گزارنے کیلئے کافی نہیں۔ خواتین میں بھی مردوں کے مقابلے میں مالی مشکلات کی شکایت زیادہ پائی گئی۔ اس کے باوجود، ۳۷؍ فیصد افراد نے کہا کہ وہ اکثر اپنے مالی مستقبل کے بارے میں پُرامید رہتے ہیں۔ تاہم، ۴۱؍ فیصد افراد کو اعتماد نہیں کہ مستقبل میں ان کی آمدنی مطلوبہ معیارِ زندگی برقرار رکھنے کیلئے کافی ہوگی۔ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ تین ماہ کے اخراجات کیلئے بچت نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ہر شخص روزمرہ ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہے۔ نتائج افراد کے ذاتی تجربات اور مالی حالات کی عکاسی کرتے ہیں، جو آمدنی اور دیگر عوامل کے لحاظ سے مختلف ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK