Updated: November 13, 2026, 9:52 PM IST
| New York
مشترکہ بیان میں یو این کے ۵۳ رکن ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ طبی عملے، اسپتالوں، طبی نقل و حمل اور انسانی ہمدردی کے مراکز کی حفاظت کرے۔ انہوں نے صحت اور امدادی کارکنوں پر حملوں کی تیز تر فوجداری تحقیقات اور اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی وفود اور صحافیوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ برطانوی سفیر نے خبردار کیا کہ مناسب پناہ گاہوں سے محروم افراد ہائپوتھرمیا (شدید سردی لگنے)، سانس کے انفیکشن اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں۔
اقوام متحدہ (یو این) کے ۵۳ رکن ممالک اور تنظیموں کے ایک گروپ نے جمعرات کو اسرائیل کی نئی حکومت پر غزہ کو غیر مشروط امداد کیلئے کھولنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پناہ گاہوں اور طبی سامان کی قلت فلسطینیوں کو ایسی بیماریوں کے خطرے سے دوچار کر رہی ہے جن سے بچاؤ ممکن ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں گروپ نے کہا کہ امداد ابھی تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ۲۸۰۳ کے تحت مطلوبہ سطح تک نہیں پہنچی ہے۔ اس قرارداد میں امریکہ کے حمایت یافتہ ’بورڈ آف پیس‘ منصوبے کی توثیق کی گئی تھی اور جنوری ۲۰۲۵ء میں طے پانے والی مقدار سے کم امداد نہ پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس اپیل کی قیادت برطانیہ، قطر اور اردن نے کی۔ اس میں تمام دستیاب گزرگاہوں اور زمینی راستوں سے امداد کے داخلے اور مصر و اردن کے ذریعے انسانی ہمدردی کی راہداریوں کو مکمل اور بلا تعطل چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: اسپتال پر اسرائیل کی بمباری، سرجن سمیت۶؍فلسطینی شہید
برطانوی سفیر سارہ میکنتوش نے کہا کہ پیش رفت اس وقت ممکن ہے جب سیاسی عزم اس کی اجازت دے۔ لیکن انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کے سامان اور دیگر زندگی بچانے والی اشیاء پر پابندیاں اب بھی امدادی گروپوں کو ضروری پیمانے پر کام کرنے سے روک رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مناسب پناہ گاہوں سے محروم افراد ہائپوتھرمیا (شدید سردی لگنے)، سانس کے انفیکشن اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں۔
دستخط کنندگان نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ طبی عملے، اسپتالوں، طبی نقل و حمل اور انسانی ہمدردی کے مراکز کی حفاظت کرے۔ انہوں نے صحت اور امدادی کارکنوں پر حملوں کی تیز تر فوجداری تحقیقات اور اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی وفود اور صحافیوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: قدرتی وسائل پر فلسطینی خودمختاری کے حق میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور
”یہ کوئی قابل قبول بہانہ نہیں“
بدھ کو اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے سربراہ ٹام فلیچر نے موسم سرما کے سامان کی ترسیل میں تاخیر پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسرائیلی حکومت کی تشکیل کا انتظار کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت کوئی قابل قبول بہانہ نہیں ہے۔ یونیسیف کا اندازہ ہے کہ غزہ کی ۲۲ لاکھ آبادی میں سے تقریباً ۱۷ لاکھ افراد خیموں، عارضی پناہ گاہوں یا تباہ شدہ عمارتوں میں رہ رہے ہیں۔ تقریباً ۱۰ لاکھ افراد سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں مقیم ہیں، جن میں تقریباً ۴ لاکھ ایسے افراد شامل ہیں جہاں سیلاب آنے کا شدید امکان ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ملبے سے کتابوں اور ہنر کی بازیافت، غزہ میں فلسطینی ورثے کو بچانے کی کوششیں
ناصر اسپتال پر حملہ
جمعرات کو، اسرائیل نے جنوبی غزہ میں ناصر اسپتال پر بمباری کی، جس میں ۱۰ فلسطینی شہید ہوگئے۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی انتخابات کے بعد یہ سب سے مہلک انفرادی حملہ تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کا ہدف حماس کا ایک سینئر کمانڈر تھا اور اس نے عسکریت پسندوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کیلئے اس کمپلیکس کو استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ حماس نے اس کی تردید کی۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۵ء میں جنگ بندی معاہدے نافذ ہونے کے باوجود اب تک ۱۶۰۰ سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔