Updated: November 21, 2026, 7:00 PM IST
| Tel Aviv
اسرائیل کے نامزد وزیر اعظم آئزن کوٹ نے اشارہ دیا کہ اگر اتحادی مذاکرات ناکام ہوئے تو ہنگامی حکومت بنائیں گے، انہوں نے انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں، لیکوڈسمیت۳؍ راستوں کا خاکہ پیش کیا، کہا وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک تعطل کا شکار نہیں ہونےدیں گے۔
گادی آئزن کوٹ۔ تصویر: ایکس
اسرائیلی یشار پارٹی کے لیڈرگادی آئزن کوٹ نے،اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک تعطل کا شکار نہیں ہونےدیں گے ،جمعہ کو کہا کہ اگر وسیع اتحاد قائم کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ اپنی قیادت میں قومی ہنگامی حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں۔امریکی سوشل میڈیا کمپنی ایکس پر ایک طویل پوسٹ میں، آئزن کوٹ، جنہیں حکومت بنانے کا کام سونپا گیا ہے، نے نئے اتحاد کے قیام کے لیے تین ممکنہ منظر ناموں کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے، مذاکرات کی طوالت پر عوامی مایوسی کو تسلیم کرتے ہوئے، کہا کہ وہ مذاکرات میں پیش رفت حاصل کرنے اور تمام دستیاب متبادل کو تلاش کرنے کے لیے قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں۔آئزن کوٹ نے کہا کہ عوامی حمایت کے ساتھ مستحکم حکومت بنانے کے لیے دستیاب متبادل پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا،’’کنیسٹ میں اعتماد کے ووٹ کے لیے حکومت پیش کرنا آسان حصہ ہوگا، جبکہ اصل چیلنج اس کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے میں ہے ۔‘‘بعد ازاں آئزن کوٹ نے کہا کہ حکومت بنانے کے لیے ان کے پاس تین اہم راستے ہیں اور وہ ہر ایک کو کھلے پن، ذمہ داری کے گہرے احساس، اور کامیاب ہونے کی حقیقی خواہش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سینیٹ: ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی کوشش مسترد
حکومت بنانے کے۳؍ راستے
پہلے راستے پر، آئزن کوٹ نے کہا کہ وہ انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں، یا حریدیوں، کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ ایسے انتظامات تک پہنچا جا سکے جو اسرائیلی فوج کی ضروریات کو پورا کریں جبکہ ان لوگوں کی حیثیت کو محفوظ رکھیں جو کل وقتی طور پر تورات کے مطالعے کے لیے وقف ہیں۔انہوں نے،یہ کہتے ہوئے کہ ان کے منصوبے کے اصولوں پر مبنی فریم ورک پر کام جاری ہے، زور دیا کہ مذاکرات کا مطلب ہر ایک پر لازمی فوجی خدمت نافذ کرنے کے اپنے عہد سے پیچھے ہٹنا نہیں ہے۔ دوسرے راستے میں وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی لیکوڈپارٹی کے ساتھ مذاکرات شامل ہیں، جن کے بارے میں آئزن کوٹ نے کہا کہ معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کے باوجود رکاوٹوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا، ’’بدقسمتی سے، لیکوڈ کی بیان بازی اور اقدامات اور اصل آمادگی کے درمیان وسیع خلا ہے۔‘‘آئزن کوٹ نے کہا کہ اتحاد محض سیاسی مفاہمت کے ذریعے حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے حقیقی شراکت داری اور مشترکہ اقدار کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ لیکوڈ کے ساتھ مذاکرات کو ایک اور موقع دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تیسرے راستے کے تحت، آئزن کوٹ نے کہا کہ اگر وسیع اتحاد بنانے کی کوششیں ناکام ہوئیں تو، اسے حلف برداری سے پہلے یا بعد میں وسعت دینے کے خیال کے ساتھ، وہ قومی ہنگامی حکومت قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ وہ مذاکرات کو غیر معینہ مدت تک جاری رہنے نہیں دیں گے۔
مزید برآں آئزن کوٹ نے کہا، ’’صحیح وقت پر، میں اپنی قیادت میں ایک نئی اور اچھی حکومت کو منظوری کے لیے کنیسٹ میں لاؤں گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ موقف مذاکرات میں شامل جماعتوں کے لیے خطرہ نہیں ہے بلکہ ’’قومی ہنگامی‘‘ صورتحال کے درمیان ان پر عائد ذمہ داری کے تحت درکار فیصلہ ہے۔علاوہ ازیں آئزن کوٹ نے کنیسٹ اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے ضمیر کی پیروی کریں اور فیصلہ کریں کہ آیا نئی حکومت کی حمایت کرنی ہے یا کسی اور الیکشن کی طرف جانا ہے جبکہ نیتن یاہو سبکدوش ہونے والی حکومت کے وزیر اعظم رہیں گے۔انہوں نے،یہ کہتے ہوئے کہ یہ فرض کرنا غلطی ہوگی کہ فیصلوں میں تاخیر کے لیے کافی وقت ہے، نئی حکومت قائم کرنے کا موقع ضائع کرنے کے خلاف خبردار کیا ۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش
نیتن یاہو پر تنقید
آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر بھی شدید تنقید کی، اسرائیلی معاشرے کے لیے ان کے طرز عمل کے خطرناک نتائج کے بارے میں خبردار کیا۔انہوں نے کہا، ’’ہم بہت خطرناک جگہ پر ہیں۔ ایک ایسی جگہ جہاں سبکدوش ہونے والا وزیر اعظم ایسے طریقوں سے کام کر رہا ہے جو ہم نے پہلے نہیں دیکھے۔ یہ دھمکی نہیں ہے، بلکہ حقیقت کی وضاحت ہے۔‘‘علاوہ ازیں آئزن کوٹ نے اسرائیل کے عرب شہریوں، جو آبادی کا تقریباً۲۱؍ فیصد ہیں، کو غیر قانونی قرار دینے اور ان پر ’’دہشت گردی کے حامی‘‘ ہونے کا الزام لگانے کی ’’پرتشدد مہم‘‘کے بارے میں خبردار کیا۔آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر فوجی کارروائیوں کے وقت کو اپنے سیاسی مستقبل سے جوڑنے کا بھی الزام لگایا،ساتھ ہی اس طرح کے طرز عمل کو ’’پاگل پن اور خطرہ‘‘ قرار دیا۔انہوں نے ایک ایسی حکومت کی جانب سے بڑے فیصلوں کو مسلسل اپنانے پر تنقید کی جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسے۷۴؍ کنیسٹ اراکین کا اعتماد حاصل نہیں ہے۔اس کے علاوہ آئزن کوٹ نے سیاسی عدم استحکام کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خبردار کیا کہ نئی حکومت کی تشکیل میں تاخیر سے ایک ایسا موقع ضائع ہو سکتا ہے جو دوبارہ نہ آئے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے۸؍ نومبر کو آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا کام سونپا تھا جب پارلیمانی اتحاد نے۶۷؍ کنیسٹ اراکین کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کی سفارش کی تھی، جبکہ ۴۶؍نے نیتن یاہو کی حمایت کی تھی۔یہ نتائج۲۷؍ اکتوبر کو ہونے والے کنیسٹ انتخابات کے بعد آئے، جس میں دونوں اہم اتحادوں میں سے کسی کے پاس تنہاحکومت بنانے کے لیے کافی نشستیں نہیں تھیں، جس سے اتحادی مذاکرات شروع ہوئے۔کنیسٹ میں۱۲۰؍ نشستیں ہیں، اور حکومت کو ووٹ میں حصہ لینے والے قانون سازوں کی اکثریت کا اعتماد درکار ہوتا ہے، جبکہ جماعتیں عام طور پر پارلیمانی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کم از کم۶۱؍ اراکین کا اتحاد چاہتی ہیں۔