• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شفقت امانت علی کا انکشاف: بلڈ کینسر کے سبب ایک سال اسٹیج سے دور رہے

Updated: November 20, 2026, 9:05 PM IST | Karachi

پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے کینسر کی ایک قسم ملٹی پل مائیلوما کا شکار رہے ہیں۔ علاج اور کیموتھراپی کے باعث انہیں تقریباً ایک سال تک موسیقی کی محفلوں سے دور رہنا پڑا، تاہم اب وہ دوبارہ اسٹیج پر واپسی کرچکے ہیں۔

Shafqat Amanat Ali. Image: X
شفقت امانت علی۔ تصویر: ایکس

پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بلڈ کینسر کی ایک قسم ملٹی پل مائیلوما (Multiple Myeloma) میں مبتلا رہے ہیں۔ اس بیماری اور علاج کے دوران انہیں ایک مشکل دور سے گزرنا پڑا اور تقریباً ایک سال تک موسیقی کی محفلوں اور لائیو پرفارمنس سے دور رہنا پڑا۔ شفقت امانت علی بالی ووڈ کے مقبول گانوں ’’متوا‘‘ اور ’’تیرے نینا‘‘ کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ گلوکار نے منگل ۱۷؍ نومبر کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی بیماری کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر انہوں نے موسیقی کے آئندہ کنسرٹس کی سیریز کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھئے: مصنوعی بارش کے انتظام کے باوجود ’لمحے‘ کے گیت کی شوٹنگ حقیقی بارش میں ہوئی

اپنی بیماری کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے شفقت امانت علی نے کہا کہ اس نے انہیں، ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کو گہرا صدمہ پہنچایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ علاج پر توجہ دینے کے لیے انہوں نے اپنے بعض دوستوں سے بھی بیماری کی تشخیص کو پوشیدہ رکھا تھا۔ اخبار ’’ڈان‘‘ کے مطابق گلوکار نے کہا، ’’میری زندگی میں ایک بہت مشکل مرحلہ آیا۔ اس نے مجھے، میرے خاندان، دوستوں اور مداحوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ہم اپنے بعض دوستوں سے یہ بات چھپا رہے تھے اور میری بیماری کے علاج میں مصروف تھے۔ مجھے ملٹی پل مائیلوما نامی بیماری لاحق تھی۔‘‘

شفقت امانت علی نے بتایا کہ وہ خوش قسمت تھے کہ بیماری کی علامات کی بروقت شناخت ہوگئی، تاہم مناسب طبی مدد حاصل کرنے کے لیے انہیں کئی ڈاکٹروں سے مشورہ کرنا پڑا۔ بالآخر کراچی میں ڈاکٹر سلمان عادل سے ملاقات کے بعد ان کا علاج شروع ہوا۔ گلوکار کے مطابق وہ تقریباً ایک سال تک بستر پر رہے۔ ان کے لیے یہ وقت خاصا مشکل تھا، کیونکہ موسیقی کی محفلوں میں پرفارم کرنا ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’فنکاروں کے لیے پرفارم کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ جب ہم کام نہیں کرتے تو اچھا محسوس نہیں کرتے، لیکن میرے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔‘‘ گلوکار نے کیموتھراپی کے علاج کا بھی ذکر کیا۔ علاج کا یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انہوں نے لاہور میں ایک پرفارمنس کے ذریعے دوبارہ اسٹیج پر واپسی کی، اگرچہ اس وقت جسمانی طور پر ان کے لیے پرفارم کرنا آسان نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھئے: تشار کپور نے کامیڈی کے ساتھ سنجیدہ کردار بھی نبھائے

شفقت امانت علی نے کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں ۲۸؍ نومبر کو ہونے والے کنسرٹ سے قبل اپنی صحت اور موسیقی میں واپسی کے بارے میں گفتگو کی۔ اس کنسرٹ کا اہتمام کینیز گروپ کررہا ہے۔ اس کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں بھی موسیقی کی محفلیں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ میوزک ڈائریکٹر احسن باری نے بتایا کہ ان کنسرٹس میں ۱۶؍ موسیقاروں پر مشتمل ٹیم حصہ لے گی، جس میں گمبی، کامران ظفر منو اور کیتھ بنجامن بھی شامل ہیں۔ شفقت امانت علی کا تعلق موسیقی کے معروف پٹیالہ گھرانے سے ہے۔ وہ ’’خمّاج‘‘ جیسے گانوں کے ذریعے ہندوستان اور پاکستان میں مقبول ہوئے۔ ۲۰۰۶ء میں شاہ رخ خان کی فلم ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ کے گیت ’’مٹوا‘‘ نے انہیں بالی ووڈ کے وسیع تر ناظرین میں بھی خاصی شہرت دلائی۔ ان کے دیگر مقبول گانوں میں ’’تیرے نینا‘‘، ’’بن تیرے‘‘، ’’دلدارا‘‘ اور ’’تیری جھکی نظر‘‘ شامل ہیں۔ ان کی بیماری سے متعلق اس انکشاف کے بعد مداحوں کی توجہ ایک بار پھر ان کی صحت یابی اور موسیقی کی دنیا میں واپسی کے سفر پر مرکوز ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK