• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۸؍ برس میں بھی دنیا نے پاس ورڈ کی حفاظت نہیں سیکھی، 123456ساتویں بار سرفہرست

Updated: November 20, 2026, 11:26 AM IST | New Delhi

۴۴؍ ممالک میں سامنے آنے والے ڈیٹا لیکس کے تجزیے میں مسلسل کمزور پاس ورڈز کا استعمال بے نقاب، ’ایڈمن‘ دوسرے اور ’12345678‘ تیسرے نمبر پر؛ ہندوستان میں بھی یہی تینوں پاس ورڈ سب سے زیادہ استعمال ہونے والوں میں شامل۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ڈجیٹل دنیا میں سائبر سیکوریٹی سے متعلق مسلسل انتباہات اور آگاہی مہمات کے باوجود صارفین اپنے آن لائن اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے اب بھی ایسے پاس ورڈ استعمال کر رہے ہیں جن کا اندازہ لگانا ہیکرز کے لیے انتہائی آسان ہے۔ پاس ورڈ مینیجر کمپنی نورڈ پاس (NordPass) کی تازہ تحقیق میں ’123456‘ مسلسل ساتویں بار دنیا کا سب سے عام پاس ورڈ قرار پایا ہے۔ کمپنی کی گزشتہ ۸؍ برس کی فہرست میں صرف ایک مرتبہ یہ پہلے مقام سے ہٹا تھا، جبکہ ’ایڈمن‘ (admin) اور ’12345678‘ بھی مسلسل پہلے تین مقامات پر برقرار ہیں۔ یہ تحقیق نورڈ پاس نے نورڈ اسٹیلر انٹیلی جنس اور آزاد سائبر سیکوریٹی محققین کے اشتراک سے تیار کی ہے۔ اس میں ستمبر ۲۰۲۵ء سے ستمبر ۲۰۲۶ء کے درمیان ۴۴؍ ممالک میں عوامی سطح پر سامنے آنے والے ڈیٹا لیکس اور ڈارک ویب پر دستیاب پاس ورڈز کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے مجموعی طور پر دنیا کے ۲۰۰؍ سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز کی فہرست مرتب کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آج ٹرمپ، پوتن اور شی کی تاریخی ملاقات

عالمی فہرست میں ’123456‘ پہلے، ’admin‘ دوسرے اور ’12345678‘ تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے مقام پر ’123456789‘ اور پانچویں پر ’1234‘ موجود ہے۔ ’12345‘ چھٹے، ’password‘ ساتویں، ’1234567890‘ آٹھویں، ’1234567‘ نویں اور ’qwerty‘ دسویں نمبر پر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ’123456‘ گزشتہ ۸؍ برس میں ۷؍ مرتبہ دنیا کا سب سے عام پاس ورڈ رہا ہے، جبکہ پہلے تین پاس ورڈز کی ترتیب بھی کئی برس سے تبدیل نہیں ہوئی۔ ہندوستان کی صورتِ حال بھی اس عالمی رجحان سے مختلف نہیں۔ تحقیق کے مطابق یہاں بھی ’123456‘ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ ہے، جبکہ ’12345678‘ دوسرے اور ’admin‘ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستانی فہرست میں ’1234‘، ’12345‘، ’123456789‘، ’password‘ اور ’1234567890‘ کے علاوہ ’Admin@123‘، ’Welcome@123‘ اور ’India@123‘ جیسے پاس ورڈ بھی شامل ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی عام لفظ کے ساتھ محض اعداد یا ایک خاص علامت شامل کر دینے سے پاس ورڈ لازماً محفوظ نہیں ہوجاتا۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں پنچایتی انتخابات پھرملتوی، پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر دوبارہ چھ ماہ کیلئے توسیع

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ لوگ اپنے پسندیدہ گلوکاروں، فلمی کرداروں، کھیلوں کے ستاروں، ٹی وی شوز اور انٹرنیٹ میمز سے متاثر ہوکر پاس ورڈ بناتے ہیں۔ پرانے دور میں ’metallica‘ اور فلمی کرداروں سے جڑے الفاظ استعمال ہوتے تھے، جبکہ حالیہ برسوں میں ’squidgamethebest‘، ’roblox.com1‘ اور ’skibiditoilet‘ جیسے نام بھی پاس ورڈز میں شامل ہوئے ہیں۔ محققین کے مطابق پسندیدہ شخصیات یا مقبول ثقافتی رجحانات سے وابستہ الفاظ بھی آسانی سے اندازہ لگائے جا سکتے ہیں، خصوصاً جب ان کے ساتھ تاریخِ پیدائش یا عام اعداد شامل ہوں۔ کمزور پاس ورڈز کے خطرے کی ایک سنگین مثال ڈنمارک میں سامنے آئی، جہاں مبینہ طور پر ’123456‘ کے ذریعے ملک کے مرکزی شہری رجسٹر تک رسائی حاصل کی گئی اور تقریباً ۸۸؍ لاکھ افراد کی ذاتی معلومات متاثر ہوئیں۔ نورڈ پاس نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ ہر اکاؤنٹ کے لیے الگ اور طویل پاس ورڈ استعمال کریں، پاس ورڈ مینیجر کی مدد لیں اور ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن (MFA) فعال رکھیں۔ جہاں ممکن ہو، پاس ورڈ کے بجائے بایومیٹرک تصدیق یا پاس کیز (Passkeys) اختیار کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK