• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کے ۸۳؍ فیصد جین زی پروفیشنلز سے رابطہ کرنے میں گھبراتے ہیں: لنکڈ اِن

Updated: September 05, 2026, 3:28 PM IST | New Delhi

لنکڈ اِن کی ایک تازہ رپورٹ نے ہندوستان کے جین زی پروفیشنلز میں نیٹ ورکنگ سے متعلق ایک دلچسپ رجحان سامنے لایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۷۹؍ فیصد نوجوان پیشہ ورانہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ۵۲؍ فیصد کو یہ معلوم نہیں کہ نیٹ ورکنگ کی شروعات کیسے کی جائے، جبکہ ۸۳؍ فیصد ایسے افراد سے رابطہ کرنے سے ہچکچاتے ہیں جو ان کے کیریئر کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

لنکڈ اِن (LinkedIn) کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں تقریباً ۱۰؍ میں سے ۸؍ جین زی (Gen Z) پیشہ ور افراد (۷۹؍ فیصد) پیشہ ورانہ تعلقات یعنی نیٹ ورکنگ کی اہمیت کو تسلیم تو کرتے ہیں لیکن ان میں سے نصف سے زیادہ (۵۲؍ فیصد) کو یہ معلوم ہی نہیں کہ یہ تعلقات کیسے بنائے جائیں، جبکہ ۵۳؍ فیصد نوجوان کسی شخص کا رابطہ حاصل کرنے کے بعد بھی اسے ایک با معنی تعلق میں تبدیل نہیں کر پاتے۔ ہندوستان کے ۸۳؍ فیصد جین زی نوجوان پیشہ ورانہ تعلقات بنانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ حالانکہ جن لوگوں سے وہ رابطہ کرنے سے ہچکچاتےہیںوہ ان کی توقع سے کہیں زیادہ ان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ لنکڈ ان کے ڈیٹا کے مطابق اگر کسی ملازمت کے امیدوار کا اس کمپنی میں پہلے سے کوئی اندرونی رابطہ یا واقفیت ہو تواس کے نوکری حاصل کرنے کے امکانات عام امیدواروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ جاتےہیں۔ اس کے باوجود، ۸۳؍ فیصد جین زی ایسے لوگوں سے نیٹ ورکنگ نہیں کر رہے جو ان کے کیریئر کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔ آخر انہیں کون سی چیز روک رہی ہے؟ رپورٹ کے مطابق، ۴۴؍ فیصد نوجوانوں کو ڈر ہوتا ہے کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچیں گے یا انہیںجج کریں گے، ۳۹؍ فیصد کو لگتا ہے کہ وہ دوسروں کو بلا وجہ پریشان کر رہے ہیںاور ۳۷؍ فیصد کویہ خوف ہوتا ہے کہ کہیں ان کا انداز غیر حقیقی یا بناوٹی نہ لگے۔ اس کے علاوہ ایک اور بڑی مشکل یہ ہے کہ ۵۲؍ فیصد نوجوانوں کو یہی سمجھ نہیں آتا کہ وہ شروعات کہاں سے کریں۔

یہ بھی پڑھئے: مراٹھا سماج سڑکوں پر، حکومت کی منوج جرنگے کو منانے کی کوشش

سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ ۵۹؍ فیصد نوجوانوں کا کہنا ہے کہ آج تک کسی نے بھی انہیں واضح طور پر نیٹ ورکنگ کرنے کا صحیح طریقہ نہیں سکھایا۔ یہ کمی اس دور میں اور بھی زیادہ اہم ہو جاتی ہے جب آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) لوگوں کے کام کرنے، نوکری تلاش کرنے اور کیریئر بنانے کے پورے نظام کو بدل رہا ہے۔ اگرچہ ہنر اور صلاحیتیں اب بھی بے حد ضروری ہیں، لیکن کسی موقع کے بارے میں صرف جاننے اور اسے واقعی حاصل کرنے کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات ہی سب سے بڑا پل بنتے ہیں۔ہندوستان میں تقریباً ۳۰؍ فیصد جین زی پروفیشنلز کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی اگلی نوکری آن لائن پیشہ ورانہ کمیونیٹیز کے ذریعے ملی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگ واقعی مدد کیلئے تیار ہیں۔

جین زی نوجوانوں کو شاید لگتا ہو کہ کسی سے رابطہ کرنا سامنے والے کی نجی زندگی میں دخل اندازی ہو گی، لیکن ان کے مقابلے میں پرانی نسلیں ان کی توقع سے کہیں زیادہ مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق،۹۲؍ فیصد میلينيلز (Millennials) اور ۹۵؍ فیصد جین ایکس (Gen X) پیشہ ور افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والے کسی بھی شخص کی مدد کرنے کو بالکل تیار ہیںچاہے وہ اسے پہلے سے نہ بھی جانتے ہوں۔دوسرے لفظوں میں نیٹ ورکنگ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود لوگ نہیں ہوتے بلکہ یہ مفروضہ یا غلط فہمی ہوتی ہے کہ سامنے والا شخص شاید آپ کی بات نہیں سننا چاہتا۔ نیٹ ورکنگ کیلئے پہلی بار میں ہی ’’کیا ہم کنیکٹ کر سکتے ہیں؟‘‘ پوچھنا ضروری نہیں۔ لنکڈ اِن کی کیریئر ایکسپرٹ اورلنکڈ ان نیوز انڈیاکی سینئر منیجنگ ایڈیٹر، نیراجیتا بنرجی کا کہنا ہےکہ ’’نیٹ ورکنگ کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ کسی ناواقف شخص کو اچانک میسج کریں یا ناگواری کا باعث بنیں، بلکہ اس کی شروعات کسی کے مواد (Content) سے جڑ کر، اپنی پسند کے موضوعات پر اپنی رائے دے کریا اپنے پہلے سے موجود شناساؤں سے دوبارہ رابطہ قائم کر کے بھی کی جا سکتی ہے۔’’اور یہ چھوٹی چھوٹی بات چیت بھی بڑا اثر دکھاتی ہے۔ لنکڈ اِن کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اگر آپ اپنے کسی رابطہ کار کی پوسٹ پر لائیک یا کمنٹ کرتے ہیںتو آپ کو کنیکشن رکویسٹ ملنے کا امکان ۳؍ گنا اور میسج ملنے کا امکان تقریباً ۵؍ گنا بڑھ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بیڑ میں سرکاری اسکولوں کی بدحالی کے خلاف سماجی تنظیموں کا بے مدت دھرنا

جین زی کیلئے اپنے نیٹ ورک کی شروعات کرنے کے ۵ ؍ بہترین طریقے: 

۱) مشترکہ بنیاد تلاش کریں: 

اپنے اسکول یا یونیورسٹی کے پرانےساتھیوں، اپنی انڈسٹری کے لوگوں یا ان شعبوں میں کام کرنے والے افراد سے شروعات کریں جن کے بارے میں آپ مزید جاننا چاہتے ہیں۔ 

۲) کنیکٹ کرنے سے پہلے فالو کریں:

 ایسا کوئی لازمی اصول نہیں ہے کہ آپ کو پہلی بار میں ہی کنیکشن ریکوئسٹ بھیجنی پڑے۔ جن لوگوں کا کام آپ کو پسند ہو پہلے انہیں فالو کریں اور ان کی شیئر کی گئی پوسٹس پر لائیک یا کمنٹ کریں۔

 ۳) چھوٹی شروعات کریں: 

کسی پوسٹ پر ایک سوچا سمجھا کمنٹ یا کوئی حقیقی سوال ہی نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے کافی ہوتا ہے۔ شروعات کرنے کیلئے کسی بہت شاندار یا پرفیکٹ جملے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

 ۴) نوکری کی ضرورت پڑنے کا انتظار نہ کریں:

 بہترین پیشہ ورانہ تعلقات ضرورت پیدا ہونے سے بہت پہلے بنتے ہیں۔ اپنے نیٹ ورک کو محض مواقع حاصل کرنے کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ اسے سیکھنے اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مبنی بنائیں۔ 

۵) لوگوں کے بارے میں مثبت سوچ رکھیں:

 آپ شاید یہ سوچ کر پریشان ہو رہے ہوں کہ آپ کسی کو زحمت دے رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں سامنے والا شخص آپ کی مدد کر کے خوش ہو سکتا ہے۔ لیکن جب تک آپ خود رابطہ نہیں کریں گےآپ کو یہ کبھی معلوم نہیں ہو سکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK