Inquilab Logo Happiest Places to Work

آوارہ کتے کے کاٹنے سے ۹؍ سالہ بچی کی موت،بچی نےسوئی کےخوف سے انجکشن نہیں لگوایا

Updated: March 25, 2026, 9:53 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ایک ۹؍ سالہ بچی کی آوارہ کتے کے کاٹنے کے تقریباً ۶؍ ماہ بعد موت ہوگئی ہے۔ یہ بچی نالا سوپارہ کی رہنے والی تھی جس نےسوئی کے خوف سے انجکشن نہیں لگوایاتھا اور علاج نہ ہونے کے سبب چند روز قبل اس کی طبیعت بگڑ گئی جس پر اسے ممبئی کے کستوربا اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا تھا لیکن اتوار کی شب اس کی موت ہوگئی۔

Stray Dogs.Photo:INN
گلی کے کتے۔ تصویر:آئی این این
ایک ۹؍ سالہ بچی کی آوارہ کتے کے کاٹنے کے تقریباً ۶؍ ماہ بعد موت ہوگئی ہے۔ یہ بچی نالا سوپارہ کی رہنے والی تھی جس نےسوئی کے خوف سے انجکشن نہیں لگوایاتھا اور علاج نہ ہونے کے سبب چند روز قبل اس کی طبیعت بگڑ گئی جس پر اسے ممبئی کے کستوربا اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا تھا لیکن اتوار کی شب اس کی موت ہوگئی۔متوفی لڑکی کا نام کشش ساہانی بتایا گیا ہے جو ’مدر میری اسکول‘ میں چوتھی جماعت کی طالبہ تھی۔ یہ اپنے والدین اور دادا کے ہمراہ نالاسوپارہ (مغرب) میں شری پرشٹھا علاقے میں واقع سبودھ ساگر بلڈنگ میں رہتی تھی۔ تقریباً ۶؍ ماہ قبل وہ اپنے دادا کے ساتھ شام کے وقت چہل قدمی کیلئے نکلی تھی اور راستے میں ایک آوارہ کتے کو بسکٹ کھلارہی تھی تبھی کتے نے اسے کاٹنے کی کوشش کی تھی جس میں اس بچی کو ہلکی سی خراش آگئی تھی۔
 
 
اس واقعہ کے دوسرے روز کشش کو مقامی اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں اس نےسوئی کے خوف سے ’اینٹی ریبیز‘  کا انجکشن لگوانے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے چند روز بعد اس کا زخم ٹھیک ہوگیا تھا اور گھر کے لوگ اس زخم کے بارے میں بھول گئے تھے لیکن گزشتہ ہفتے اچانک اس کی طبیعت خراب ہوگئی، اس نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور اس کی آنکھیں سرخ ہوگئی تھیں۔ اس پر پہلے اسے نالا سوپارہ کے ہی ایک مقامی اسپتال میں لے جایا گیا تھا جہاں سے اسے ممبئی کے کستور با اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
 
 
چونکہ نالاسوپارہ ’وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن‘ کی حدود میں آتا ہے اس لئے ’وی وی ایم سی‘ کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بھکتی چودھری نے بیان جاری کیا ہے کہ جو بچے کشش سے رابطہ میں تھے اور اس کے اہلِ خانہ کی طبی جانچ کی جائے گی۔‘‘ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور ہوشیار رہیں کیونکہ کئی مرتبہ بچے انجکشن کے خوف سے جانوروں کے کاٹنے یا پنجہ لگنے کے چھوٹے موٹے زخم کے تعلق سے نہیں بتاتے اورپھر وہ تکلیف بڑھ جاتی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK