کرناٹک کے ہا سن کے قریب سومن ہلی میں کوآپریٹیو سوسائٹی نے گائوں والوں سے دودھ خریدنے سے انکار کردیا۔ہاسن کوآپریٹیو ملک پروڈیوسرز سوسائٹی یونین کے منیجنگ ڈائریکٹرنے الزامات کی جانچ کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔
EPAPER
Updated: June 05, 2024, 10:00 PM IST | Bengluru
کرناٹک کے ہا سن کے قریب سومن ہلی میں کوآپریٹیو سوسائٹی نے گائوں والوں سے دودھ خریدنے سے انکار کردیا۔ہاسن کوآپریٹیو ملک پروڈیوسرز سوسائٹی یونین کے منیجنگ ڈائریکٹرنے الزامات کی جانچ کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔
ریاست کرناٹک میں ہاسن شہر کے قریب واقع سومن ہلی گائوںکے سیکڑوں افراد نے بدھ کو ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ حالیہ عام انتخابات کے نتائج کے بعد دودھ کی پیداوار کرنے والوں کی کوآپریٹیو سوسائٹی نے ان سے دودھ خریدنے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ہاسن انتخابی حلقہ میں کانگریس کے امیدوار نے فتح حاصل کی ہے اور جنتا دل (سیکولر) کے امیدوار پرجول ریونا شکست سے دوچار ہوئے۔دودھ فروخت کرنے والوںسمیت گائوں والوں پر الزام لگایاجارہاہے کہ انہوں نے کانگریس کوووٹ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مدیروں کا فلسطینی مضمون ہٹانے سے انکار، سی ایل آر نے ویب سائٹ ہی بند کردی
مظاہرین نے بتایا کہ کوآپریٹیو سوسائٹی کے ذمہ داران ،جے ڈی (س) پارٹی سے وابستہ ہیں ۔انگریزی اخبار دی ہندو کے مطابق، انتخابات میں جے ڈی (ایس) کی شکست کے بعد گائوں کی کوآپریٹیو سوسائٹی کے سیکریٹری نے مبینہ طور پر گائوں والوں سے دودھ خریدنے سے انکار کردیا۔سومن ہلی کی دودھ کوآپریٹیو سوسائٹی، برسوں سےقریبی گائوں اور دیہاتوں سے دودھ خرید کر قریبی شہر ہاسن کی دودھ یونین کو بھیجتی ہےاور یونین ہر ہفتے گائوں والوں کو دودھ کی قیمت ادا کرتی ہے۔
سومن ہلی کے مظاہرین نے ہاسن ضلع کوآپریٹیو سینٹرل بینک کے صدر سومن ہلی ناگ راجو اور جے ڈی( ایس ) کے دیگر مقامی لیڈران پرگائوں کی کوآپریٹیو سوسائٹی کے ذمہ داران کو دبائو ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔مظاہرین نےاس سلسلے میں ضلع کلکٹر کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: اجازت نامے کے بغیر ۲۸؍ لوگوں کو حج پر بھیجنے کے الزام میں ۸؍ گرفتار
ہاسن کوآپریٹیو ملک پروڈیوسرز سوسائٹی یونین کے منیجنگ ڈائریکٹر ایچ۔ مہیش نے دی ہندو کویقین دہانی کروائی کہ وہ ان الزامات کی جانچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ جمع کرنے کے معمول کا کسی بھی سیاسی پارٹی ، ذات اور کسی مخصوص شناخت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کوئی بھی کوآپریٹیو سوسائٹی ، ان عوامل کی بنیاد پر دودھ خریدنے سے انکار نہیں کرسکتی۔