ورلی میں خصوصی نشست منعقد کی گئی، اہل خانہ کیلئے سنی جمعیۃ العلماء اوررضا اکیڈمی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کی مددکا اعلان اورحکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ ۔
EPAPER
Updated: May 03, 2026, 11:41 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ورلی میں خصوصی نشست منعقد کی گئی، اہل خانہ کیلئے سنی جمعیۃ العلماء اوررضا اکیڈمی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کی مددکا اعلان اورحکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ ۔
شرپسندوں کے ذریعے ٹرین سے مبینہ پھینکے جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے عالم دین مولانا توصیف رضا منظری کے تعلق سےسنیچر کی سہ پہر سید ارشد اشرفی کے دفتر گاندھی نگر (ورلی) میں خصوصی نشست منعقد کی گئی جس میں علماء نے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں مولانا مرحوم کے اہل خانہ کیلئے سنّی جمعیۃ العلماء اوررضا اکیڈمی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کی مدد کا اعلان کیا گیا اور حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
دورانِ میٹنگ یہ بتایا گیا کہ بہار سے تعلق رکھنے والے مولانا توصیف رضا ۲۵؍اپریل کو تاج الشریعہ جانشین مفتی اعظم مولانا اختر رضا خان ازہری کے ۸؍ویں عرس میں شرکت کرکےبریلی شریف سے بہار جارہے تھے۔ اسی اثناء میں رات کے وقت شرپسندوں کے ذریعے انہیں ٹرین سے دھکا دے دیا گیاجس سے ان کا انتقال ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: تربوز نہیں، کوئی زہر پائیدھونی کی فیملی کے اراکین کی موت کا سبب بنا!
مولانا مرحوم دارالعلوم منظر اسلام بریلی شریف کے فارغ التحصیل تھے اور گورکھپور میں امامت وخطابت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ دو سال قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ واقعے کی اطلاع انہوں نے فون پر اپنی اہلیہ کوبھی دی تھی۔
مولانا سیدمعین الدین اشرف عرف معین میاں اور الحاج محمد سعید نوری نے اس سانحہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ اس تعلق سے سعیدنوری سے یہ پوچھنے پر کہ اہل خانہ کو رقم کس طرح پہنچائی جائے گی تو انہوں نے بتایاکہ ’’ اگراہلیہ کا اکاؤنٹ مل گیا توان کے کھاتے میں یا پھر بہار کے علماء کے ذریعے ان تک پہنچائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ائمہ اورعلماء سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ بھی کم ازکم ۵۰۰؍ روپے یا جو بھی ممکن ہو ،بیوہ کی مدد کریں۔
یہ بھی پڑھئے: گوونڈی: قبرستان کے نئے پلاٹ پر کام کے تئیں غیر سنجیدگی
نشست کےدوران حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیاکہ شر پسندوں کے خلا ف سخت ایکشن لیاجائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائےکہ آئندہ اس طرح کے دلخراش حادثات رونمانہ ہوں۔