من مانے طریقے سے ای چالان جاری کئےجانے اور مختلف مسائل کے حل کی کوشش کی یقین دہانی پر ہڑتال کا فیصلہ واپس لیا گیا.
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 10:34 AM IST | Mumbai
من مانے طریقے سے ای چالان جاری کئےجانے اور مختلف مسائل کے حل کی کوشش کی یقین دہانی پر ہڑتال کا فیصلہ واپس لیا گیا.
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے جمعرات کو اطلاع دی کہ ٹرانسپورٹروں کے مطالبات پر مثبت اقدامات کی یقین دہانی پر ریاست گیر ہڑتال ختم کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ خود کار کیمروں سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے نام پر لاکھوں ای چالان جاری کئے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ تنظیموں نےمن مانے طریقہ سے ای چالان جاری کئے جانے اور اپنے دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ سے ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے ٹرک، ٹیمپو اور اسکول بسوں کی آمدورفت اور اشیائے خورد و نوش اور دیگر سازو سامان کی نقل و حمل متاثر ہوجاتی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ ان کی یقین دہانی پر یہ ہڑتال ختم کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ای چالان کے خلاف آج ریاست بھر کے ٹرانسپورٹروں کا آزاد میدان پر احتجاج
پرتاپ سرنائک نے بتایا کہ ٹرانسپورٹروں کی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گفتگو کی جس میں ان کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے پولیس اور ٹرانسپورٹ محکموں کی مشترکہ میٹنگ جلد بلائی جائے گی۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے تنظیموں کے عہدیداران سے درخواست کی تھی کہ عوام کی تکلیفوں کا خیال کرتے ہوئے ہڑتال نہ کریں۔ مسائل کے حل کی یقین دہانی پر عہدیداران اس درخواست کو قبول کرلیا۔
نجی بسوں کی تنظیم کےایک نمائندے کے مطابق وزیر پرتاپ سرنائک نے انہیں تحریری یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ان کے مطابق آئندہ ہفتے ایک مشترکہ میٹنگ ہونے کا امکان ہے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان :مشتعل ملازمین کا ’کے ڈی ایم سی‘ کے صدردفتر کا گھیراؤ
واضح رہے کہ وزراء کی یقین دہانی سے قبل محکمہ ٹریفک کے ای چالان سسٹم کےخلاف جمعرات کو ممبئی سمیت ریاست بھر میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس دو ران آزاد میدان پر ٹرک، بسیں اور مختلف ایپ کے ذریعے چلائی جانےوالی کاروں کے مالکان اور ڈرائیوروں نے بڑی تعداد میں محکمہ ٹریفک کےخلاف مظاہرہ کیا۔ جگہ جگہ چکہ جام ہونے سے ٹریفک نظام متاثر رہا جبکہ متعدد مقامات پر ٹیکسی اور آٹورکشا خدمات بحال رہیں۔ مہاراشٹر ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی نے ای چالان کے قانون میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔ٹرانسپورٹروںکے آندولن کےدوران مختلف مضافاتی علاقوںکی شاہراہوں پر یونینوں نے چکہ جام آندولن کیا۔ اس دوران ہائی وے پر موٹرگاڑیو ںکی طویل قطار لگ جانے سےگاڑیوں کی آمدورفت میں دشواری ہوئی۔ سیکڑوں گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں نے راستے پر نعرے لگائے اور ای چالان کےقانون کو منسوخ کرنے کامطالبہ کیا۔