Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریس کانفرنس میں ایرانی فٹ بالرآبدیدہ، وطن کی سلامتی کیلئے دعا

Updated: March 06, 2026, 10:45 AM IST | Sydney

سڈنی میں ویمنز ایشیا کپ کی پریس کانفرنس کے دوران سارہ دیدار نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کا ملک جلد اس مشکل وقت سے باہر نکل جائےگا۔

Sarah Deedar was seen trying to control her tears. Photo: X
سارہ دیدار آنسوؤں پر قابو پانے کی کوشش کرتی ہوئی نظر آئیں۔ تصویر: ایکس

آسٹریلیا میں جاری اے ایف سی  ویمنز ایشین کپ کے دوران اس وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب ایرانی اسٹرائیکر سارہ دیدار اپنے وطن پر ہونے والے حملوں اور جنگی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ ۲۱؍ سالہ فٹ کھلاڑی نے پریس کانفرنس کے دوران ایران میں موجود اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: سری لنکا کی ناکامی کی وجہ منفی ماحول اور ناقص فٹنیس ہے

ایران میں جاری حالیہ کشیدگی اور بلیک آؤٹ نے آسٹریلیا میں موجود کھلاڑیوں کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام کی معطلی کے باعث کھلاڑیوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ محدود ہو چکا ہے۔ سارہ نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا’’ہم سب اپنے ملک کے حالات پر غمزدہ ہیں، مجھے امید ہے کہ ایران جلد اس مشکل وقت سے نکلے گا اور مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔‘‘

مرزیہ جعفری نے واضح کیا کہ شدید تشویش کے باوجود ٹیم پیشہ ورانہ جذبے کے تحت میدان میں اترے گی اور اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی کوشش کرے گی۔ایرانی ٹیم نے اپنی آواز عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے خاموش احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے خلاف پہلے میچ کے دوران ایرانی کھلاڑیوں نے قومی ترانے کے دوران خاموش رہ کر اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: رچرڈ پائی بس افغانستانی ٹیم کے کوچ مقرر

گولڈ کوسٹ اسٹیڈیم میں موجود ایرانی مداحوں نے قومی پرچم لہرا کر اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آسٹریلوی کوچ جو مونٹیمورو نے اپنے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایرانی کھلاڑیوں کے ساتھ احترام اور ہمدردی کا رویہ اپنائیں۔موجودہ جنگی صورتحال نے جہاں ایشین کپ کو متاثر کیا ہے، وہی یہ سوال بھی اٹھ کھڑا ہوا ہے کہ کیا ایران کی مردوں کی ٹیم آئندہ ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں شرکت کر ے گی یا نہیں۔ سیکوریٹی خدشات اور بین الاقوامی پابندیوں کے خدشے نے ایرانی فٹ بال کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ایران کی ٹیم اب گروپ ’اے‘ کے اہم میچ میں میزبان آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گی۔ یہ میچ نہ صرف کھیل کے لحاظ سے بلکہ جذباتی طور پر بھی ایرانی ٹیم کے لئے ایک بڑا امتحان ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK