• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حضرت مخدوم مہائمی ؒ کے آستانے پرغوث اعظم ؒ کے آستانے کی چادر پیش کی گئی

Updated: October 10, 2026, 4:47 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

رضااکیڈمی کے قیام کو۵۰؍سال مکمل ہونے پرچادر پیش کرکے تقریب کا آغاز عمل میں آیا۔ علماء نے شرکت کی۔

A view of the chadar, brought from the shrine of Ghous-e-Azam (RA), being presented at the shrine of Hazrat Makhdum Ali Mahaimi (RA). Photo: INN
حضرت مخدوم علی مہائمی ؒکے آستانے پرغوث اعظم ؒ کے آستانے سے لائی گئی چادر پیش کئے جانے کا منظر۔ تصویر: آئی این این
رضا اکیڈمی ممبئی کی دینی، ملّی، مذہبی، سماجی اور رفاہی خدمات کے ۵۰؍ سال مکمل ہونے کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر جمعہ ۹؍ اکتوبر کو مغرب کی نماز کے بعد قطبِ کوکن حضرت مخدوم علی  مہائمی ؒ  کے آستانے پر  غوث اعظم ؒ کے آستانے سے لائی گئی چادر  پیش کی گئی۔ یہ چادر الحاج محمد سعید نوری کے صاحبزادے احمد رضا عرف نوری میاں کو دی گئی تھی۔ اسے انہوں نے علماء کی موجودگی میں بارگاہِ مخدوم مہائمی ؒ میں پیش کیا۔
اس موقع پرحضرت مخدوم علی مہائمیؒ کے آستانے تک علماء اور حاضرین جلوس کی شکل میں چادر لے کر گئے۔ اس میں رضا اکیڈمی کے سربراہ کی سرپرستی میں علماء و مشائخ اور دیگر وابستگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا ولی اللہ شریفی ، مولانا فریدالزماں، مولانا اعجاز احمد کشمیری ، مولانا محمد عباس رضوی ، قاری عبدالرحمٰن ضیائی، قاری نیاز احمد ، قاری سلیمان، مفتی صادر ثقافی، مولانا معین الدین رضوی، مولانا رجب علی فیضی، مولانا ظفر الدین رضوی، شہزادہ محمد سعید نوری  مولانا احمد رضا عرف نوری میاں ، امن میاں اور  محمد عارف رضوی وغیرہ نے شرکت  رہی۔
 
 
رضا اکیڈمی کے سربراہ کے مطابق تنظیم کی نصف صدی پر محیط خدمات کی تکمیل کے موقع پر منعقد ہونے والی یہ تقریب ادارے کی دینی و ملّی سرگرمیوں کے تسلسل اور اکابر و اولیائے کرام سے وابستگی کی ایک ہلکی سی جھلک ہے۔ چادر پیش کرکے اس  سلسلۂ تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ 
الحاج محمد سعید نوری کے مطابق یہ کوشش کی جائے گی کہ رضااکیڈمی کی سرگرمیوں سے عوام الناس کو مختلف انداز میں آگاہ کرانے کے ساتھ اس کی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  ’’ہم رب کائنات کا بے پایاں  شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے اپنے محبوب ؐکے صدقے میں ۵۰؍ سال تک خدمت کی توفیق بخشی، وہ ہم سب کو مزید کارِ خیر کی توفیق مرحمت فرمائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK