• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آئی آئی ٹی بامبے کے لیبرکیمپ میں کئی سلنڈرپھٹنے سے آگ لگی تھی‘‘

Updated: October 10, 2026, 4:53 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کا بیان۔ پانچ زخمیوں جن میں۲؍ بچے بھی شامل ہیں، کو اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ گیس لیک ہونے اور سلنڈر پھٹنے کے سبب ایک ہی دن میں آگ لگنے کے۲؍ واقعات ہوئے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
گیس کے رساؤ کے بعد کئی سلنڈروں کے پھٹنے سے آگ لگنے کے ۲؍ واقعات ہوئےہیں ۔ جمعرات کو جہاں ملنڈ کے نو گھر علاقے میں گیس سلنڈر   لیک ہونے اور زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹنے سے  لیبر کیمپ میں بھیانک آگ لگ گئی تھی   وہیں بامبے آئی آئی ٹی کے کیمپس میں واقع لیبر کیمپ میں بھی جمعرات کو ہی رات ساڑھے ۱۰؍ بجے اچانک آگ لگنے سے۵؍ افرادزخمی ہوگئے   جن میں دوبچے بھی شامل ہیں۔
بامبے آئی آئی ٹی میں واقع لیبر کیمپ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے اور متاثرین کو بچانے والوں میں فائر بریگیڈ عملہ اور بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم کے افسران کے بقول گیس سلنڈروں سے گیس کا لیک ہونا اور زور دار دھماکہ سے پھٹنا آگ لگنے کی اہم وجہ بنا ہے ۔ مذکورہ حادثہ کے بعد آئی آئی ٹی بامبے کے ہاسٹل کیمپس میں آگ لگنے کی بازگشت ہونے لگی تھی اور ۵؍ طلبہ کے زخمی ہونے کی  خبر پھیل رہی تھی۔ انسٹی ٹیوٹ کے ہاسٹل ایچ ۶؍ میں آگ لگنے کی اطلاعات بھی سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگی تھی۔   
 
 
 آئی آئی ٹی بامبے نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ کیمپس کے قریب کنسٹرکشن کا کام جاری ہے جہاں لیبر کیمپ بنایا گیا ہے جس میں مزدور قیام پزیر ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ کے بقول حادثہ اس کیمپ میں پیش آیا ہے جس میں ۵؍ مزدور زخمی ہوگئے جن میں  دوبچے بھی شامل ہیں۔ 
جمعرات کو آئی آئی ٹی پوائی  کیمپ میں آگ لگنے کی اطلاع پر  فائر بریگیڈ   اور بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور انہوں نے وہاں پھنسے کئی لوگو ںکو صحیح سلامت نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ مذکورہ حادثہ میں  ۵؍  افراد زخمی ہوئےتھےجن میں  تازیبعالم(۹)،انش اہیر وار (۱۲)  نامی بچے بھی شامل ہیں۔   زخمی ہونےو الے دونوں بچوں  کے علاوہ  شیو کمار سنگھ اور انل کمار یادو کو کستوربا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ پانچویں زخمی ایشور سنگھ کو راجا واڑی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے موصولہ اطلاع کے مطابق تمام متاثرین اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے  ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نےسلنڈروں سے گیس کے لیک ہونے اور زور دار دھماکہ ہونے کے سبب آگ لگنے کا حادثہ پیش آنے کی وجہ بتائی ہے۔ بعد ازیں پولیس فی الحال حادثہ کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ہی دوپہر ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان ملنڈ میں  نو گھر کے ٹاٹا نگر علاقے میں پروجیکٹ سے متاثرہ لوگوںکی رہائشی منصوبہ کی تعمیرات کے لئے گراؤنڈ پلس ون لیبر کیمپ بنایا گیا ہے جہاں گیس کے رساؤ کے سبب ایک دو نہیں بلکہ   ۷؍ سلنڈروں میں زور دار دھماکے ہوئے  اور ان کے  پھٹنے کے سبب بھیانک آگ لگ گئی۔ 
مذکورہ کیمپ میں ڈھائی سو سے تین سو مزدور قیام کرتے تھے لیکن آگ لگنے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم نے سبھی کو بہ حفاظت وہاں سے نکال لیا اور تین گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔ مذکورہ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK