Inquilab Logo

پانچ مرحلوں پر مبنی اَن لاک ابھی زیر غور ہے: مہاراشٹر حکومت

Updated: June 04, 2021, 1:40 PM IST | Mumbai

جمعرات کو پانچ مرحلوں پر مبنی اَن لاک منصوبہ کے اعلان کے فوراً بعد ہی ، مہاراشٹر حکومت نے واضح کیا کہ اپریل کے وسط کے بعد سے کووڈ پابندیوں کو ختم کرنے کے نئے قواعد ابھی زیر غور ہیں۔

Pic:INN
تصویر : آئی این این

جمعرات کو پانچ مرحلوں پر مبنی اَن لاک منصوبہ کے اعلان کے فوراً بعد ہی ، مہاراشٹر حکومت نے واضح کیا کہ اپریل کے وسط کے بعد سے کووڈ پابندیوں کو ختم کرنے کے نئے قواعد ابھی زیر غور ہیں۔اس مرتبہ نئے منصوبے کے لئے کوئی ٹائم لائن متعین نہیں کی گئی ہے۔ گزشتہ شام ، مہاراشٹرکے امدادی اور بحالی وزیر وجے وڈٹیٹیور نے اعلان کیا تھا کہ ریاست کو اَن لاک کرنے کا پانچ مرحلوں کا فیصلہ مثبتیت کی شرح اور آکسیجن بیڈ کی دستیابی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔پہلا مرحلہ، مثال کے طور پر ، یہ ہوگا کہ لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچواں مرحلہ ریڈ زون ہے ، جس کا مطلب ہے یہاں مکمّل لاک ڈاؤن ہوگا-وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریف کرنے والے وڈتیٹیور نے یہ بھی کہا تھا کہ ١٨ اضلاع کو تھانے سمیت پہلے مرحلے کے لئے درج کیا گیا ہے۔ہندوستان کا مالیاتی دارالحکومت ممبئی ، جس نے کووڈکی بدترین دوسری لہر کاسامنا کیا ہے ،اسے دوسرے مرحلے میں قرار دیا گیا ہے۔فی الحال شہر کی لائف لائن ،لوکل ٹرینیں ابھی عوام کیلئے شروع نہیں کی جائیں گی۔ وزیر کے یہ بیانات فوری طور پر میڈیا بھر میں مہاراشٹر کے ان لاک ہونے کی اطلاع کے ساتھ جاری کئے گئے تھے۔ لیکن وزیر کے یہ اعلانات کرنے کے فوراً بعد ہی وزیر اعلیٰ کے دفتر سے ایک وضاحت سامنے آئی کہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں نافذ پابندیوں کو ختم نہیں کیا گیاہے۔ اور ابھی بھی نئے قواعد کی تجاویز زیر غور ہیں۔ریاستی حکومت نے کہا"ہم کورونا انفیکشن کو مکمل طور پر نہیں روک سکے ہیں۔ دیہی علاقوں میں اب بھی انفیکشن میں اضافہ ہورہا ہے-کورونا وائرس کی مہلک اور بدلتی ہوئی شکل پر غور کرتے ہوئے ، یہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ پابندیوں میں تبدیلیاں کی جائیں یا نہیں -ریاستی پابندیاں ختم نہیں کی گئیں ہیں-" حکومت نے زور دے کر کہا کہ پابندیوں میں نرمی کی تجاویز پر قدم بہ قدم معیار کی بنیاد پر غور کیا جارہا ہے اور اضلاع کے متعلقہ انتظامی یونٹس کی جانب سے "مکمل جائزہ لینے کے بعد اس پر عمل درآمد پر غور کیا جائے گا"۔ٹھاکرے حکومت نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اس پر غور کررہی ہے اور اس کے بعد ہی باضابطہ فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK