• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر ۱۶؍ دسمبر کو دستخط ہوں گے

Updated: November 23, 2026, 1:24 PM IST | Agency | New Delhi

دو دہائیوں بعد معاہدہ آخری مرحلے میں داخل، ہندوستان کی تقریباً ۹۹؍ فیصد برآمدات کو یورپی منڈی میں ڈیوٹی سے رعایت ملنے کی توقع۔

In the image, Prime Minister Narendra Modi can be seen with European Council President António Costa on his right and European Commission President Ursula von der Leyen on his left. Photo: INN
تصویر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کے دائیں جانب یوروپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور بائیں جانب یوروپی کمیشن کی صدر اُرسولا فان ڈیر لاین کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان اور ۲۷؍ رکنی یورپی یونین کے درمیان طویل عرصے سے زیرِ التوا آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر ۱۶؍ دسمبر کو دستخط ہونے کا امکان ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ برسلز کے دوران اس معاہدہ پر دستخط کئے جاسکتے ہیں۔ ہندوستان میں یوروپی یونین کے سفیر ژاں ایرک پاکے بھی حال ہی میں کہہ چکے ہیں کہ معاہدے پر دستخط وزیر اعظم کے دورے کے دوران متوقع ہیں اور اس کے اگلے سال سے نافذ ہونے کی امید ہے۔

اس معاہدے کو دونوں فریقوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ ہندوستان اور یوروپی یونین نے ۲۷؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے مذاکرات مکمل کئے تھے۔ اس کے بعد معاہدے کی قانونی دستاویزات اور محصولات سے متعلق تفصیلات کو حتمی شکل دی گئی۔ یورپی کمیشن نے ستمبر میں معاہدہ پر دستخط اور اسے حتمی منظوری دینے کیلئے یوروپی یونین کی کونسل کو تجاویز بھی پیش کردی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور نوجوانوں کی آمدورفت پر تاریخی معاہدہ

معاہدہ کے تحت دونوں فریق ایک دوسرے کی مصنوعات پر عائد کسٹم ڈیوٹی ختم یا کم کریں گے۔  ہندوستان یوروپی یونین سے درآمد ہونے والی اپنی موجودہ مصنوعات میں سے تجارتی قدر کے لحاظ سے تقریباً ۹۳؍ فیصد پر ڈیوٹی ختم کرے گا جبکہ مزید ۳ء۶؍ فیصد مصنوعات پر جزوی رعایت دی جائے گی۔ اس طرح ہندوستان کی جانب سے تجارتی آزاد کاری کا مجموعی دائرہ ۹۶ء۶؍ فیصد تک پہنچ جائے گا۔ 

دوسری جانب یوروپی یونین ہندوستان سے درآمد ہونے والی ۹۱ء۴؍ فیصد مصنوعات پر ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرے گی، جبکہ مزید ۷ء۷؍ فیصد مصنوعات پر جزوی رعایت دی جائے گی۔ اس طرح تجارتی قدر کے لحاظ سے یورپی یونین کی جانب سے تقریباً ۹۹؍ فیصد درآمدات کو ڈیوٹی میں مکمل یا جزوی رعایت حاصل ہوگی۔ زیادہ تر رعایتیں معاہدے کے نافذ ہوتے ہی لاگو ہوجائیں گی، جبکہ بعض مصنوعات کیلئے تین، پانچ یا سات برس کی عبوری مدت رکھی گئی ہے۔مودی سرکار کئی ملکوں اور اتحادوں سے آزادانہ تجارت پر زور دے رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK